اینکرکی فیملی کا ملزم سے کمپرومائز عدالتی معاملہ ہے، سی پی او راولپنڈی۔۔۔ 60

اینکرکی فیملی کا ملزم سے کمپرومائز عدالتی معاملہ ہے، سی پی او راولپنڈی۔۔۔

راولپنڈی میں ٹی وی اینکر ربیعہ احسن کے قتل کیس کی تحقیقات جاری ہیں، پولیس نے واقعے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لینے کے لیے اہم شواہد اکٹھے کرلیے ہیں۔سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا نے پیر کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تفتیش میں یہ بات ثابت ہوچکی ہے کہ ربیعہ کو گولی ملزم احسن طاہر نے ماری، تاہم یہ جان بوجھ کر چلائی گئی یا حادثاتی طور پر فائر ہوئی، اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔ان کے مطابق ملزم نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ گولی حادثاتی طور پر چلی تھی۔ کیس کی تفتیش پیشہ ورانہ ٹیم کررہی ہے، جب کہ ایس ایس پی انویسٹی گیشن اس کی نگرانی کر رہے ہیں۔ اہم شواہد جمع کرنے کے ساتھ مختلف افراد کے بیانات بھی ریکارڈ کیے جاچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ربیعہ کی فیملی اگر ملزم سے کمپرومائز کرتی ہے تو یہ عدالتی معاملہ ہے۔ ربیعہ کے لواحقین کی جانب سے ملزم کو معاف کرنے پر پولیس کا کوئی عمل دخل نہیں ہے۔ راولپنڈی گولی غلطی سے چلی یا جان بوجھ کر ماری گئی یہ معاملہ زیر تفتیش ہے۔ سی پی او نے بتایا کہ تمام شواہد فرانزک تجزیے کے لیے پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی لاہور بھجوا دیے گئے ہیں، جب کہ ملزم احسن طاہر کا پولی گراف ٹیسٹ بھی کیا جا رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس کیس میں صرف ایک ملزم ہے اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد شواہد کی بنیاد پر چالان عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ربیعہ کے اہلِ خانہ کی جانب سے ملزم کو معاف کرنے یا ممکنہ سمجھوتے سے متعلق سوال پر حسن مشتاق سکھیرا نے کہا کہ یہ عدالتی معاملہ ہے اور اس میں پولیس کا کوئی عمل دخل نہیں ہوگا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ تفتیش مکمل کرکے کیس میں سو فی صد انصاف کیا جائے گا۔واضح رہے کہ عدالت نے 14 نومبر کو ملزم احسن طاہر کا مزید چار روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا تھا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ربیعہ اور احسن نے 2010 میں پسند کی شادی کی تھی اور دونوں ایک نجی بینک میں بھی ساتھ کام کرتے رہے تھے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں کے موبائل فونز کے تجزیے میں باہمی ناراضی کے شواہد نہیں ملے، جب کہ ملزم نے بھی ازدواجی زندگی میں مسلسل خراب تعلقات کے دعوے کی تردید کی ہے۔ ملزم کے مطابق سیلون کی دو ملازم خواتین کے درمیان تنازع کے باعث میاں بیوی میں ناراضی پیدا ہوئی تھی، تاہم بعد میں معاملات بہتر ہوگئے تھے۔92 نیوز کی اینکر ربیعہ احسن 8 نومبر کو راولپنڈی کے علاقے گلشن آباد سیکٹر 2 میں اپنے گھر میں گولی لگنے سے ہلاک ہوگئی تھیں۔ایف آئی آر کے مطابق فائرنگ کے وقت ان کی والدہ اور بہن گھر کے لان میں موجود تھیں، کمرے سے فائرنگ کی آواز سن کر بہن اندر پہنچیں تو ربیعہ خون میں لت پت فرش پر پڑی تھیں، جبکہ احسن طاہر کے ہاتھ میں پستول تھا۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد جمع کرنے کے علاوہ پستول اور گولیاں بھی تحویل میں لے لی تھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں