پنجاب کی وزیراطلاعات کو وفاقی وزیرکا لیگل نوٹس۔۔۔۔ 63

پنجاب کی وزیراطلاعات کو وفاقی وزیرکا لیگل نوٹس۔۔۔۔

وفاقی وزیرچوہدری سالک حسین کی جانب سے وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ زاہد بخاری کوقانونی نوٹس بھیج دیا گیا جس میں کہا گیاہے کہ عظمیٰ بخاری کے بیانات جھوٹے ، بے بنیاد اور ہتک آمیز ہیں ، عظمیٰ بخاری اصل بیانات کےمساوی نمایاں انداز میں غیرمشروط معافی پیش کریں، سات روز میں تسلی بخش جواب نہ ملنے پر قانونی کارروائی کا حق محفوظ ہے۔تفصیلات کے مطابق قانونی نوٹس 11 نومبر 2026 کو بیرسٹر ولید خالد کے ذریعے عظمیٰ بخاری کےسرکاری ایکس اکاؤنٹ سے2 نومبر2026 کوشائع کردہ بیانات پر بھجوایا گیا۔قانونی نوٹس میں موقف اختیار کیا گیا کہ عظمیٰ بخاری کےبیانات جھوٹے،بےبنیاد اور ہتک آمیزہیں، چوہدری سالک حسین نے25 ستمبر2026 کو انٹرویودیا، انٹرویومیں قومی اور صوبائی اہمیت کے معاملات، گورننس،انتظامی امور اور ترقیاتی اخراجات پر سوالات کیے گئے،چوہدری سالک حسین نے پنجاب میں گورننس اور کرپشن کی موجودگی سے متعلق اپنی رائےدی۔انٹرویو کے بعض حصے 2 نومبر 2026 کو نشرکئے گئے، ڈپٹی کمشنر گجرات کا31 اکتوبر2026 کو تبادلہ ہوا اور دوسرے افسر کو تعینات کیا گیا، عظمیٰ بخاری نے اپنے بیان میں سالک حسین کے تبصروں کوڈپٹی کمشنرگجرات کی تعیناتی سے منسلک کیا، بیان سے یہ تاثر دیا گیا کہ سالک حسین اپنی پسند کے ڈپٹی کمشنرگجرات کی تعیناتی چاہتے تھے۔
عظمیٰ بخاری نے تاثر دیا کہ پسندکا ڈپٹی کمشنرتعینات نہ ہونے پر سالک حسین پنجاب حکومت کے خلاف الزامات لگا رہے ہیں، عظمیٰ بخاری نے کہا پنجاب میں پہلی مرتبہ قبضہ مافیا اور رسم و رواج کی بالادستی کا راستہ بندہوا، سفارشوں کے ذریعے افسران کی تعیناتی کارواج بھی پنجاب میں نہیں رہا۔25 ستمبر کو ریکارڈ کیا گیا انٹرویو 31 اکتوبر کو ہونے والے واقعے کا ردعمل نہیں ہو سکتا، عظمیٰ بخاری کے بیانات سوشل میڈیا،نیوزچینلز، سیاسی اور سماجی حلقوں میں بڑے پیمانے پر پھیلائے گئے،الزامات غلط اور حقائق کے منافی ہیں، بیانات کے ذریعے سالک حسین کی دیانتداری، ساکھ اور شہرت کو نقصان پہنچایاگیا،بیانات کے باعث سالک حسین کو ذہنی اذیت اور تکلیف پہنچی۔
وزیراطلاعات ہونے کے ناطے عظمیٰ بخاری سے حقائق کی تصدیق،احتیاط اورذمہ دارانہ گفتگو کی توقع کی جاتی ہے، عظمیٰ بخاری کے بیانات کسی قانونی یا اخلاقی بنیاد کے بغیر جاری کیےگئے، عظمیٰ بخاری کے بیانات پنجاب ڈیفیمیشن ایکٹ 2024کی دفعہ 2(h) اوردفعہ 3 کےتحت ہتک آمیزہیں۔قانونی نوٹس میں عظمیٰ بخاری کو قانونی نوٹس موصول ہونے کے 7 روز کے اندرالزامات واپس لینے کا مطالبہ کیا گیاہےاور کہا گیا کہ عظمیٰ بخاری ڈپٹی کمشنرکی تعیناتی سے متعلق سالک حسین پر عائد الزامات واپس لیں، عظمیٰ بخاری اصل بیانات کے مساوی نمایاں انداز میں غیرمشروط معافی پیش کریں۔عظمیٰ بخاری اپنے زیر کنٹرول اکاؤنٹس اور چینلز سے ہتک آمیز بیانات حذف کریں، بیانات حذف کرنے سے پہلے اصل اشاعتوں اور متعلقہ ریکارڈ کی مکمل نقول محفوظ کی جائیں، سات روز میں تسلی بخش جواب نہ ملنے پر قانونی کارروائی کا حق محفوظ ہے، قانونی کارروائی میں ہرجانے اور اخراجات کی وصولی کا مطالبہ بھی کیا جاسکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں