کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی، سیکرٹری اسلم خان اور مجلس عاملہ نے کلب کے رکن اور سینئر صحافی ذوالفقار علی ببر کو مبینہ دھمکی آمیز فون کالز اور پیغامات موصول ہونے پر شدید تشویش اور مذمت کا اظہار کیا ہے۔ہفتہ کو کراچی پریس کلب سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی ببر گزشتہ 25 برس سے صحافت سے وابستہ ہیں۔ 8 نومبر کو انہیں نامعلوم نمبروں سے مبینہ طور پر دھمکی آمیز کالز اور پیغامات موصول ہوئے، جبکہ ایک کالر کی جانب سے ان کے گھر کا مکمل پتہ اور لوکیشن بتاتے ہوئے گھر کے باہر موجود ہونے کا دعویٰ کرنا انتہائی تشویش ناک ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی صحافی کو اس کے پیشہ ورانہ مؤقف یا اظہارِ رائے کی بنیاد پر ہراساں کرنا اور اس کے اہل خانہ کو خوف زدہ کرنا کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ اختلافِ رائے کا جواب دھمکیوں کے بجائے دلیل اور قانون کے دائرے میں رہ کر دیا جانا چاہیے۔کراچی پریس کلب کے عہدیداران نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ واقعے کی فوری، شفاف اور غیر جانب دارانہ تحقیقات کرتے ہوئے دونوں نمبروں کے استعمال کنندگان کی شناخت اور دستیاب شواہد کی روشنی میں ذمہ دار عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے، جبکہ ذوالفقار علی ببر اور ان کے اہل خانہ کو فوری تحفظ فراہم کیا جائے۔صدر فاضل جمیلی، سیکریٹری اسلم خان اور مجلس عاملہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کراچی پریس کلب اپنے رکن ذوالفقار علی ببر کے ساتھ کھڑا ہے۔ صحافیوں کا تحفظ، آزادی صحافت اور آزادی اظہار کراچی پریس کلب کے بنیادی اصول ہیں اور ان کے تحفظ کے لیے ہر ممکن کردار ادا کیا جائے گا۔
78
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل