ربجا کا ماہانہ اجلاس: تنظیمی امور، ممبرشپ، صحافیوں کے واجبات کی ریکوری اور آئندہ لائحہ عمل کی منظوری۔ 12

ربجا کا ماہانہ اجلاس: تنظیمی امور، ممبرشپ، صحافیوں کے واجبات کی ریکوری اور آئندہ لائحہ عمل کی منظوری۔

راولپنڈی اسلام آباد بیورو جرنلسٹس ایسوسی ایشن (ربجا) کی ایگزیکٹو و گورننگ باڈی کا ماہانہ اجلاس صدر ربجا سید مجاہد حسین نقوی کی زیر صدارت نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں تنظیمی امور، صحافیوں کی فلاح و بہبود، ممبرشپ، واجبات کی وصولی، میڈیا ورکرز کے حقوق کے تحفظ اور آئندہ کے تنظیمی لائحہ عمل پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔
اجلاس میں ماہانہ بنیادوں پر طے کیے گئے اہداف اور ان پر ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ربجا کو ایک فعال، منظم اور مؤثر صحافتی پلیٹ فارم بنانے کے لیے تمام عہدیداران اور منتخب اراکین اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کریں گے۔
اجلاس میں تنظیمی نظم و ضبط کو مزید مؤثر بنانے، تنظیمی معاملات میں شفافیت برقرار رکھنے اور بانی ربجا قربان ستی کے خلاف چلائی جانے والی گھناونی کمپین جس میں ربجا کے ممبرز اور نان ممبرز ملوث ہیں، اس تمام معملات کی غیر جانبدارانہ جانچ پڑتال کے لیے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی (Fact-Finding Committee) کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔ اور کیس کمیٹی کی سپرد کر دیا گیا۔ کمیٹی بنیادی حقائق کی بنیاد پر معاملات کی چھان بین اور شکایت کا میرٹ پر جائزہ لے گی، اور قصور وار پائے جانے والے افراد کے خلاف پاکستان کے بلیک میلنگ اور کسی کی ذاتی توہین کی شکایت کے لیے بنائے گئے NCCIA اور اس طرح کے اداروں سے رجوع کرے گی ، اس حوالے سے تمام سکرین شارٹ اور ثبوت کمیٹی کی جمع کروا دیے گئے ہیں، یہ فیصلہ تنظیم کے اندر باہمی اعتماد، اتحاد اور نظم و ضبط کو فروغ کے لیے کیا گیا ہے۔ اور بے بنیاد الزام تراشی کرنے والوں کو حکمت عملی کے ساتھ انجام تک پہنچایا جائے گا
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ربجا کی ممبرشپ کی مہم تیز تر کرنے فیصلہ کیا گیا۔ اس سلسلے میں تمام منتخب عہدیداران اور گورننگ باڈی کے اراکین کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے مکمل کوائف اور ممبرشپ ڈیٹا جمع کروائیں، تاکہ ممبرشپ کا عمل منظم، شفاف اور بروقت مکمل کیا جا سکے۔
اجلاس میں صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے مختلف ایڈورٹائزنگ ایجنسیوں اور متعلقہ اداروں کی جانب واجب الادا مالی واجبات کی وصولی کو خصوصی اہمیت دی گئی۔ اس سلسلے میں 20 نومبر 2026ء سے قبل تمام واجبات کی مکمل فہرست مرتب کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا۔ تمام ممبران سے اپیل کی گئی کہ جن کے اخبارات، اداروں یا ایڈورٹائزنگ ایجنسیوں کی جانب بقایا جات واجب الادا ہیں، وہ فوری طور پر اپنے واجبات کی تفصیلات، متعلقہ اداروں کے نام اور دستیاب ریکارڈ ربجا کی قیادت کو فراہم کریں، تاکہ اجتماعی سطح پر ان واجبات کی وصولی کے لیے مؤثر حکمت عملی مرتب کی جا سکے۔اجلاس میں صحافیوں کے جائز مالی حقوق کے حصول، ایڈورٹائزنگ ایجنسیوں سے واجبات کی ریکوری اور میڈیا انڈسٹری میں صحافتی نمائندوں اور ورکرز کے لیے کاروباری مواقع (Business) کے فروغ کے حوالے سے بھی تفصیلی بحث و مباحثہ کیا گیا۔ شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ صحافیوں کی محنت کا معاوضہ اور ان کے مالی حقوق کا تحفظ ربجا کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کے لیے اجتماعی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
اجلاس کا ایک اہم فیصلہ سینئر صحافی چوہدری غلام حسین گوجر کی گورننگ باڈی میں شمولیت بھی تھا۔ گورننگ باڈی کی مکمل تائید اور پہلے سے طے شدہ تنظیمی اختیارات کے تحت انہیں گورننگ باڈی کا ممبر مقرر کرنے کی منظوری دی گئی۔ شرکاء نے اس امید کا اظہار کیا کہ ان کی شمولیت سے تنظیم کو مزید تقویت ملے گی اور سینئر صحافتی تجربات سے استفادہ کرنے کا موقع ملے گا۔ اجلاس میں بانی ربجا محمد قربان ستی، صدر سید مجاہد حسین نقوی، جنرل سیکرٹری محمد شفیق چوہدری، فنانس سیکرٹری حاجی عبدالعزیز، سردار شاہد حمید، سید آصف علی ہمدانی، سید نصرت عباس شاہ، مجاہد بھٹی، فاروق احمد گوندل، ایاز استوری، چوہدری غلام حسین گوجر، شاکر الرحمان، نعمان صادق، محمد اشتیاق اور طارق سعید نے شرکت کی، جبکہ سینئر صحافی حاجی داؤد احمد نے خصوصی طور پر اجلاس میں شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں