تحریر: شیراز خان
آج اپنے ضمیر سے ایک سوال پوچھتے ہیں کہ ہم صحافی، کالم نگار، اینکر پرسن ہیں تو ہمارا اصل کام کیا ہے؟
کیا صحافت یہ تھی کہ ہم ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کی دوڑ میں لگے رہیں؟ کیا صحافت یہ ہے کہ ہم بڑے چینل کا کارڈ جیب میں ڈال کر چھوٹے رپورٹر کو حقیر سمجھیں؟
نہیں! خدا کی قسم صحافت یہ نہیں تھی۔
صحافت کا اصل کام اپنے علاقے سے جرائم پیشہ افراد کی نشاندہی کرنا تھا۔ مظلوم کی آواز بننا تھا۔ اپنے علاقے میں ہونے والے جرم پر خاموش تماشائی نہ بننا تھا۔ اپنی قلم اور اپنے مائیک سے ہر غلط چیز کی نشاندہی کرنا تھا۔
آج ہم کیا کر رہے ہیں؟
میرا تعلق تھانہ ہربنس پورہ سے ہے، میرا ٹاؤن تحصیل شالیمار ہے، واپڈا سب ڈویژن سلامت پورہ ہے، واسا سب ڈویژن فتح گڑھ ہے۔ یہ وہ بیٹ ہے جو ہر رپورٹر کا الگ ہو سکتا ہے، ہر صحافی کے تھانے اور سب ڈویژن الگ ہو سکتے ہیں۔
میرا سوال ہے، کیا یہ محکمے ٹھیک کام کر رہے ہیں؟
تھانہ ہربنس پورہ میں کیا جرائم کم ہو رہے ہیں؟ تحصیل شالیمار میں کیا تجاوزات ختم ہو رہی ہیں؟ واپڈا سلامت پورہ میں کیا بجلی چوری رک گئی ہے؟ واسا فتح گڑھ میں کیا سیوریج کا نظام ٹھیک ہو گیا ہے؟
ہم ان کی کارکردگی پر خبر کیوں نہیں لگاتے؟ ہم ان کے اندر کی خبر نکال کر سٹوری کیوں نہیں چلاتے؟
ہم نے صحافت کو صرف خوشامد بنا دیا ہے۔ افسر کے ساتھ سیلفی لی، سوشل میڈیا پر لگائی اور سمجھا کہ ہم بڑے صحافی بن گئے۔ یہ صحافت نہیں، یہ جھوٹی شہرت ہے جو دو دن میں ختم ہو جاتی ہے۔
اور سب سے بڑا المیہ یہ ہے کہ جب کوئی صحافی اپنے علاقے کے مسائل پر سچی رپورٹنگ کرتا ہے، درخت کٹنے کی خبر لگاتا ہے، قبضہ مافیا کی نشاندہی کرتا ہے، تو ہم اس کا ساتھ دینے کی بجائے اس کو نیچا دکھانے کی کوشش کرتے ہیں۔ اس کی ٹانگیں کھینچتے ہیں۔
خدارا سوچو!
جتنی توانائی ہم ایک دوسرے کو گرانے میں لگاتے ہیں، اگر اتنی توانائی ہم ایک دوسرے کا ساتھ دینے میں لگائیں تو ہم بہت کچھ کر سکتے ہیں۔
میری تمام صحافی برادری سے گزارش ہے، اپنی انا اور ایگو کو ایک طرف رکھ دو۔ یہ نہ سوچو کہ میں فلاں بڑے سیٹلائٹ چینل کا رپورٹر ہوں اور وہ چھوٹے اخبار کا ہے۔ کام وہی ہے جو صحافت کرے۔
کسی کی خبر پر فوری ایکشن ہو یا چند گھنٹوں بعد ایکشن ہو، کام وہی ہے جو سچ پر ہو۔
آؤ آج اتفاق کرتے ہیں۔ اپنے علاقے تھانہ ہربنس پورہ، شالیمار ٹاؤن، سلامت پورہ، فتح گڑھ کے مسائل پر قلم اٹھاتے ہیں۔ خوشامد نہیں، صحافت کرتے ہیں۔ایسی تحریر لکھو کہ پڑھنے والا سوچ میں پڑ جائے کہ یہ سچ ہے۔(شیراز خان)
37