اقرارالحسن کی ضمانت مسترد چیلنج، نوٹس جاری، سماعت آج۔۔۔ 33

اقرارالحسن کی ضمانت مسترد چیلنج، نوٹس جاری، سماعت آج۔۔۔

کراچی کی سیشن عدالت نے معروف ٹی وی اینکر اور عوام راج پارٹی کے سربراہ اقرار الحسن کی ضمانت بعد از گرفتاری مسترد کیے جانے کے خلاف دائر درخواست پر تفتیشی افسر اور سرکاری پراسیکیوٹر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے مقدمے کے مکمل ریکارڈ سمیت 28 اکتوبر کو عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کردی ہے۔یہ پیش رفت 26 اکتوبر کو سیشن عدالت شرقی میں ہونے والی ابتدائی سماعت کے دوران سامنے آئی، جہاں اقرار الحسن کے وکلا نے جوڈیشل مجسٹریٹ کی جانب سے 22 اکتوبر کو ضمانت کی درخواست مسترد کرنے کے فیصلے کو چیلنج کیا تھا۔ اقرار الحسن کے وکیل ایڈووکیٹ شاہد حسین کوریجو کے مطابق ان کے مؤکل کی جانب سے سیشن عدالت میں درخواست دائر کی گئی ہے جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ماتحت عدالت کے ضمانت مسترد کرنے کے فیصلے پر نظرثانی کی جائے۔ ابتدائی سماعت کے بعد عدالت نے متعلقہ تفتیشی افسر اور پراسیکیوٹر سے جواب طلب کرتے ہوئے مقدمے کی فائل بھی پیش کرنے کا حکم دیا۔واضح رہے کہ اقرار الحسن کو رواں ماہ لاہور میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا تھا، جس کے بعد انہیں کراچی منتقل کرکے متعلقہ عدالت میں پیش کیا گیا۔ ان کے خلاف نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے سوشل میڈیا پر مبینہ ریاست مخالف، جھوٹے اور ہتک آمیز مواد کی تشہیر کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔اب ضمانت مسترد ہونے کے خلاف نئی درخواست کی سماعت میں تفتیشی افسر اور سرکاری پراسیکیوٹر کا مؤقف اہم ہوگا۔ عدالت مقدمے کے ریکارڈ، دستیاب شواہد اور فریقین کے دلائل کا جائزہ لینے کے بعد ضمانت سے متعلق قانونی فیصلہ کرے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں