شانگلہ میڈیا ایسوسی ایشن کے صدر اور سینئر صحافی آفتاب حسین نے ضلع کوہستان سے تعلق رکھنے والے صحافی اور پاک قومی ٹی وی کے چیف ایگزیکٹو سید جمعہ شاہ جلالی کی مبینہ گرفتاری پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔اطلاعات کے مطابق دبیر پولیس نے صحافی سید جمعہ شاہ جلالی کو انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 7 کے تحت درج مقدمے میں گرفتار کیا ہے۔انہیں چھبیس اکتوبر کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔۔بتایا جاتا ہے کہ انہیں دوبیر ڈیم کی کوریج پر حراست میں لے کر سیون اے ٹی اے کی دفعہ لگا کر مقدمہ درج کیا گیا۔
شانگلہ میڈیا ایسوسی ایشن کے صدر آفتاب حسین نے صحافی کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کمشنر ہزارہ ڈویژن، ڈپٹی کمشنر کوہستان اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ معاملے کا فوری نوٹس لیں، مقدمے کی نوعیت اور گرفتاری کے محرکات کا جائزہ لیں اور سید جمعہ شاہ جلالی کی رہائی کے لیے قانون کے مطابق ضروری اقدامات کریں۔آفتاب حسین نے کہا کہ کوہستان سمیت خیبر پختونخوا کے دور افتادہ اور پسماندہ علاقوں میں صحافتی ذمہ داریاں انجام دینے والے صحافی پہلے ہی متعدد پیشہ ورانہ مشکلات کا شکار ہیں۔ ایسے حالات میں صحافیوں کی گرفتاریوں اور ان کے خلاف سخت قانونی کارروائیوں کی اطلاعات باعث تشویش ہیں۔انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو آزادانہ اور بلاخوف و خطر اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں انجام دینے کا موقع ملنا چاہیے تاکہ وہ عوامی مسائل، علاقائی مشکلات اور دیگر اہم معاملات کو مؤثر انداز میں اجاگر کرسکیں۔شانگلہ میڈیا ایسوسی ایشن کے صدر نے ملک بھر کی صحافتی تنظیموں، پریس کلبوں اور آزادیٔ صحافت کے لیے کام کرنے والے اداروں سے بھی اپیل کی کہ وہ سید جمعہ شاہ جلالی کے معاملے کو صوبائی سطح پر اٹھائیں اور دور افتادہ علاقوں میں کام کرنے والے صحافیوں کے حقوق اور تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ صحافی کے خلاف درج مقدمے کا قانون کے مطابق جائزہ لیا جائے اور اس کی رہائی کے لیے ضروری قانونی کارروائی یقینی بنائی جائے۔
13