میڈیااکانومی،صحافیوں کے چینلنجز پرڈائیلاگ فورم کا انعقاد۔۔۔ 48

میڈیااکانومی،صحافیوں کے چینلنجز پرڈائیلاگ فورم کا انعقاد۔۔۔

پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس ( ورکرز ) اور نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے تعاون سے میڈیا اکانومی کا بدلتا منظر نامہ اور صحافیوں کو در پیش چیلنجز کے موضوع پر ڈائیلاگ فورم کا انعقاد کیا گیا جس میں پی ایف یو جے ( ورکرز ) اور راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس ( ورکرز ) کے عہدیداروں اور ممبران کے علاوہ صحافیوں، کیمرہ مین اور فوٹو گرافرز نے شرکت کی ۔ سیمینار سے سینئر صحافی اور بلوم پاکستان کے منیجنگ ایڈیٹر شاہد میتلا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور سوشل میڈیا نے میڈیا اکانومی اور خبر کی ترسیل کا انداز تبدیل کر دیا ہے، اب صحافیوں کیلئے ڈیجیٹل مہارتیں بھی ضروری ہو گئی ہیں اس لئے صحافیوں ، کیمرہ مین اور فوٹو گرافرز کونئی ٹیکنالوجی سے استفادہ حاصل کرنا ہوگا تا کہ آنے والے چیلنجز کا مقابلہ کیا جاسکے۔ انہوں نے اس موقع پر صحافیوں کے مختلف سوالات کے جوابات بھی دیئے ، ڈائیلاگ سے پی ایف یو جے ( ورکرز ) کی مرکزی صدر ڈاکٹر سعد یہ کمال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا کی بدلتی معیشت سے صحافیوں کے روز گار اور معاشی تحفظ کے مسائل متاثر ہو رہے ہیں اس لئے تربیت ، معاشی استحکام اور ادارتی آزادی کے تحفظ پر توجہ دینا ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ جس تیزی سے صحافتی اداروں سے صحافی ، کیمرہ مین، فوٹو گرافرز کو فارغ کیا جا رہا ہے یا ان کے واجبات ادا نہیں کئے جار ہے اس نے صحافیوں کو معاشی اور ذہنی مشکلات میں مبتلا کر دیا ہے، ایک طرف تو صحافی اپنے آپ کو غیر محفوظ سمجھ رہے ہیں تو دوسری جانب انہیں معاشی مشکلات در پیش ہیں۔ فورم میں ڈیجیٹل میڈیا کے بڑھتے کردار، آمدن کے متبادل ذرائع اور صحافیوں کو در پیش معاشی اور پیشہ وارانہ چیلنجز پر بھی غور وفکر کیا گیا۔ اس مکالمے میں سینئر صحافی امتیاز وریا، ریاض تصمیم ، نادر بلوچ ، ایوب برمی، طاہر محمود، محمد فیضان علی نیاز، مزمل عارض، احسن مقصود ، ریڈ میڈ یا سرکل کی سی ای او مقدس سادات ، چوہدری جہانزیب، چوہدری منیر، احمد ظاہر ، عالم نور حیدر، عابد اکرام ، ایم اے بری، وقار خان ، ثمرین عامر، انور حسین ، عابد خان ، حنیف خٹک ، نادیہ آصف، عائشہ نیاز ، ایمان، عبداللہ و دیگر صحافیوں نے بھی شرکت کی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں