29

آئی جی پنجاب لاہور پریس کلب کے گیسٹ آف آنر۔۔۔

آئی جی پنجاب عبدالکریم نے لاہورپریس کلب کے پروگرام گیسٹ آف آنر میں شرکت کی ۔ ڈی آئی جی آپریشنزلاہورفیصل کامران، ڈی آئی جی انوسٹی گیشن لاہورذیشان رضااورپی ایس اوٹوآئی جی فاروق سلطان بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے ۔لاہورپریس کلب کے صدر ارشد انصاری،سینئرنائب صدرسلمان قریشی، جنرل سیکرٹری افضال طالب، جوائنٹ سیکرٹری عمران شیخ ، ممبران گورننگ باڈی فرخ سرمد خواجہ،سید بدرسعید،کامران خان، رابعہ عظمت ، ظہیر شیخ نے معززمہمانوں کو کلب آمد پر خوش آمدید کہا۔صدر ارشد انصاری نے اس موقع پر کہاکہ ہم آئی جی پنجاب کاشکریہ ادا کرتے ہیں کہ وہ کلب تشریف لائے، لاہورپریس کلب ایک تاریخی مقام ہے جہاں ملکی و بین الاقوامی شخصیات تشریف لاتی ہیں اور آج آئی جی پنجاب کی آمد ہمارے لئے باعث افتخار ہے۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ انھیں لاہورپریس کلب آکر بہت خوشی محسوس ہورہی ہے ۔ انھوں نے جرائم کی سرکوبی، معاشرتی اصلاح، احتسابی عمل میں کرائم رپورٹرز کے کردار کو سراہتے ہوئے کہاکہ جرائم کی سرکوبی میں کرائم رپورٹرز کی نشاندہی، راہنمائی اور مشاورت کا اہم کردار ہے، شہریوں کو انصاف کی فراہمی کے لئے کرائم رپورٹرز پنجاب پولیس کی آنکھ، کان اور مددگار ہیں، پولیسنگ سسٹم میں کرائم رپورٹرز کا تعاون بہتری، اصلاح اور توازن کو فروغ دیتا ہے۔ انھوں نے کہاکہ 800 کے قریب تھانوں میں سروس ڈلیوری کا بنیادی میکنزم پولیس سٹیشن ہے، سی ایم کے ویڑن اور ہدایات کے تحت پولیسنگ میں بہتری اور تبدیلیاں لا رہے ہیں۔ انھوں نے مزید بتایاکہ آٹومیٹڈ سسٹمز، سیف سٹیز کیمرے، ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن، ورچوئل سنٹر فور چائلڈ سیفٹی، باڈی کیمز اور پینک بٹن انہی اصلاحات کا حصہ ہیں۔ انھوں نے کہاکہ پولیس کا مقصد لوگوں کو انصاف فراہم کرنا ہے، تھانوں میں عوام کو ریلیف فراہمی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انھوں نے مزید کہاکہ سی سی ڈی کا سکوپ محدود، شاندار اقدامات کی بدولت سنگین جرائم میں واضح کمی آئی، جو کیسز سی سی ڈی کے دائرہ کار میں آتے ہیں وہ اسے سونپے جا رہے ہیں۔انھوں نے کہاکہ پولیس میں کانسٹیبل سے اعلٰی سطح عہدوں تک بدعنوانی، بے ضابطگی پر محکمانہ کاروائیوں کا آغاز ہو چکا ہے،سی سی ڈی سمیت پنجاب پولیس کے تمام شعبوں میں خود احتسابی کا شفاف نظام موجود ہے، بدعنوانی، بد سلوکی، اختیارات سے تجاوز کی شکایات پر کوئی رعائت نہیں ہوگی، پنجاب میں کرائم برخلاف پراپرٹی تقریبا” ختم ہو گیا، ٹریفک کے نظام میں بہتری آئی ہے۔ انھوں نے مزید بتایاکہ بچوں اور خواتین کیخلاف کرائم میں 80 فیصد رشتہ دار اور جان پہچان کے لوگ شامل ہوتے ہیں، وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر بچوں اور خواتین کیخلاف جنسی جرائم پر فوری کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے، ایلیٹ اورینٹیشن کورس اے ایس پی لیول تک کروایا جاتا ہے، سب انسپکٹر سے انسپکٹر کے عہدے پر ترقی کیلئے بورڈ جلد منعقد ہوگا،وزیر اعلی پنجاب نے باڈی کیمز کیلئے 12 ارب روپے فراہم کیے ہیں، ایک ہزار باڈی کیمز کی کھیپ آ گئی ہے، 500 کے قریب آج مل جائیں گے، مزید بھی جلد آرہے ہیں، اب ہر پولیس افسر نے ناکوں پر باڈی کیم لگایا ہو گا۔ انھوں نے بتایاکہ پولیس کے موثر ایکشن، حکومتی اقدامات کی بدولت کچے کے علاقے میں امن قائم ہوا ہے اور ناجائز اسلحہ کیخلاف ایکٹ لایا جارہا ہے، سمری پراسیس میں ہے۔تقریب کے اختتام پر صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری نے آئی جی پنجاب عبدالکریم کو شیلڈ پیش کی جبکہ آئی جی پنجاب نے صدر پریس کلب ارشد انصاری اور دیگر عہدیداران کو پنجاب پولیس کی طرف سے سووینیئرپیش کئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں