110

شہید صحافی کا کیس سکھر سے باہر منتقل کرنے کا فیصلہ۔۔۔

سندھ کمیشن فار دی پروٹیکشن آف جرنلسٹس کے گزشتہ روزمنعقدہ اجلاس کو آگاہی دی گئی کہ مئی 2024 میں میرپور ماتھیلو میں قتل ہوئے صحافی نصراللہ گڈانی کے ورثا اور کیس کی پیروی کرنے والے وکیل نے کمیشن چیئرمین کو خط لکھ کردرخواست کی ہے کہ میرپور ماتھیلو میں کیس کی شنوائی کے دوراں مختلف طریقوں سے خوف و دہشت کا ماحول پیدا کرکے ورثا اور وکیل کو ہراساں کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جس کی وجہ سے میرپور ماتھیلو میں نصراللہ گڈانی کے کیس کی پیروی کرنا مشکل ہو تا جا رہا ہے لہٰذا اس کیس کو سکھر ڈویژن سے باہر حیدرآباد یا کراچی منتقل کیا جائے ۔ کمیشن ممبران نے اس معاملے پر سخت تشویش کا اظہار کیا اور فیصلہ کیا کہ نصراللہ گڈانی کی فیملی کی درخواست پر عمل کرتے ہوئے محکمہ داخلہ کو کیس ٹرانسفر کرنے کا خط لکھا جائے گا۔ کمیشن کے ایکٹ میں ترامیم کے سلسلے میں اجلاس کو آگاہی دی گئی کہ ترامیم کے ڈرافٹ میں تجویز کردہ کلاز پر محکمہ قانون، داخلہ، سروسز اور چیف سیکریٹری سندھ کی طرف سے انفارمیشن ڈپارٹمنٹ کو ڈرافٹ کا دوبارہ جائزہ لینے کی تجویز موصول ہوئی ہے، جس پر کمیشن نے ترامیم کا معاملہ خوش اسلوبی سے حل کرنے کے لیے سیکریٹری اطلاعات کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ، جس میں سیکریٹری قانون، سیکریٹری داخلہ ، ڈاکٹر توصیف احمد خان، مظہر عباس اور مقصود یوسفی شامل ہونگے اور یہ کمیٹی مجوزہ ترامیم کو حتمی شکل دلانے کے لیے کام کریگی۔ اس کے علاوہ کمیشن چیئرمین اعجاز احمد میمن نے اجلاس کو آگاہی دی ہلال پاکستان ٹھٹھہ کے رپورٹر محمد پیرل ملاح نے 2 جولائی کو منعقدہ ایگزیکیوٹو کمیٹی کے اجلاس میں اپنے کیس کی بابت تفصیلات سے آگاہ کیا جس پر ایگزیکیوٹو کمیٹی نے اس کیس کی شفاف تحقیقات کروانے کا فیصلہ کیا تھا، جس کے لیے محکمہ داخلہ کو جوڈیشل انکوائری کے لیے خط لکھا گیا ہے جس پر محکمہ داخلہ کے نمائندے نے آگاہی دی کہ اس معاملے پر کاروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔کمیشن نے میرپورماتھیلو کے صحافی طفیل رند کے کیس کی تمام رپورٹس کا بغور جائزہ لیا اور فیصلہ کیا کہ طفیل رند جس اخبار کے لیے کام کرتا تھا اس اخبار کے ایڈیٹر کو اس کیس کی بابت مزید بریفنگ کے لیے مدعو کیا جائے گا۔ کمیشن نے یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ کمیشن کی تمام کارکردگی کو موثر انداز میں عوام کی آگاہی کے لیے کمیشن کی سالانہ رپورٹس کو کتاب کی شکل میں شایع کروایا جائے گا، اس حوالے سےڈاکٹر توصیف احمد خان کی سربراہی میں پبلیکیشن کمیٹی تشکیل دی گئی جس میں مظہر عباس اور سعید میمن شامل ہونگے۔ کمیشن اجلاس چیئرمین اعجاز احمد میمن کی زیر صدارت سندھ آرکائیوز میں منعقد ہوا۔ جبکہ اجلاس میں ایڈیشنل سیکریٹری ہیومن رائٹس علی گل سنجرانی، اسپیشل سیکریٹری محکمہ قانون اسد اللہ بھٹی، ڈپٹی سیکریٹری ہوم ڈپارٹمنٹ فتح علی راھموں ، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس سے مظہر عباس، ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کےنمائندے ڈاکٹر توصیف احمد خان، کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز سے مقصود یوسفی، سیکریٹری انفارمیشن کی نمائندگی کرتے ہوئے ڈائریکٹر اطلاعات محمد عمران ذوالنون اور کمیشن کےسیکریٹری سعید میمن نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں