148

بھارت کی وجہ سے نیٹ فلیکس پر پاکستان موجود نہیں، فیصل قریشی۔۔

اداکارو میزبان فیصل قریشی کے اس بیان نے نئی بحث چھیڑ دی ہے کہ پاکستانی مواد کو نیٹ فلکس پر مناسب جگہ نہ ملنے کی ایک وجہ بھارتی مارکیٹ اور اس کا اثر و رسوخ ہے۔ دوسری جانب وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے اعلان کیا ہے کہ حکومت پاکستانی فلموں اور ڈراموں کو عالمی اسٹریمنگ پلیٹ فارمز، خصوصاً نیٹ فلکس، پر ان کا جائز مقام دلانے کے لیے سرگرم اقدامات کر رہی ہے۔پاکستانی فلمیں اور ڈرامے پوری دنیا میں اپنی بہترین کہانیوں اور جاندار اداکاری کی وجہ سے بے حد پسند کیے جاتے ہیں، لیکن ایک بڑا سوال جو اکثر ناظرین کے ذہنوں میں اٹھتا ہے وہ یہ ہے کہ ہمارا یہ بہترین مواد عالمی اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس پر کیوں نظر نہیں آتا۔اس اہم موضوع پر حال ہی میں اداکار فیصل قریشی نے ایک پوڈ کاسٹ میں کھل کر بات کی ہے اور اس کے پیچھے چھپی وجوہات سے پردہ اٹھایا ہے۔جب میزبان نے ان سے پوچھا کہ پاکستانی ڈرامے اور فلمیں نیٹ فلکس پر کب آئیں گی، تو انہوں نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ اگر سچ بولوں تو بھارتی نہیں چاہتے کہ پاکستانی مواد نیٹ فلکس پر آئے۔ انہوں نے اس کی دوسری بڑی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ دوسری بات یہ ہے کہ ہم سچ نہیں بولتے جبکہ نیٹ فلکس کے لیے حقیقت دکھانا ضروری ہوتا ہے۔ فیصل قریشی کے مطابق نیٹ فلکس یہ چاہتا ہے کہ ہر ملک اپنے معاشرے کی خامیاں اور تاریک پہلو بھی دنیا کو دکھائے، لیکن پاکستان میں سب کچھ دکھانا آسان نہیں ہے۔ کیونکہ جو فلم ساز ملک کی اصل تصویر پیش کرے گا شاید وہ بعد میں پاکستان میں رہ بھی نہ سکے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہمارے ملک میں زیادہ تر لوگ نیٹ فلکس کا اکاؤنٹ خریدنے کے بجائے دوستوں اور رشتہ داروں کا اکاؤنٹ استعمال کرتے ہیں یا ایک ہی سبسکرپشن کئی لوگ مل کر چلاتے ہیں۔ اس لیے نیٹ فلکس کو پاکستان سے وہ آمدنی نہیں ملتی جو بھارت سے حاصل ہوتی ہے، اسی وجہ سے بھارتی مارکیٹ کا اثر زیادہ ہے۔“ انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ ہمارے ہاں تو فلم ریلیز ہوتے ہی پہلا سوال یہ ہوتا ہے کہ یہ یوٹیوب پر کب آئے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں