ہیلتھ رپورٹرز ایسوسی ایشن کی پہلی کابینہ کا باقاعدہ اعلان کر دیا گیا ہے۔ تمام عہدیداران کو متفقہ طور پر بلا مقابلہ منتخب کر لیا گیا۔ اختر شاہین رند صدر، عمران پیرزادہ جنرل سیکریٹری منتخب ہوئے۔ نئی کابینہ برائے سال 2026-27 کا اعلان پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ہاؤس کراچی میں منعقدہ اجلاس کے دوران کیا گیا۔ اجلاس میں الیکٹرانک و پرنٹ اور ڈیجیٹل میڈیا سے تعلق رکھنے والے ہیلتھ رپورٹرز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس میں مشاورت کے بعد متفقہ طور پر عہدیداران کا بلا مقابلہ انتخاب کیا گیا۔ اعلان کے مطابق اختر شاہین رند کو صدر منتخب کیا گیا جبکہ صفدر بٹ سینئر نائب صدر، امداد سومرو نائب صدر، عمران پیرزادہ جنرل سیکریٹری، احسن چانڈیو ڈپٹی سیکریٹری اور شاہین صدیقی جوائنٹ سیکریٹری منتخب ہوئے۔ اسی طرح ابراہیم رند کو فنانس سیکریٹری، کنول جتوئی کو انفارمیشن سیکریٹری جبکہ نائلہ نظام کو ڈپٹی انفارمیشن سیکریٹری مقرر کیا گیا۔ ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین میں عابد خان، وسیم ہاشمی، راجہ ارشاد علی اسدی، ماریہ اسماعیل میمن، شاہد میرانی، رضوان جلالی اور پون کمار شامل ہیں۔ اس موقع پر صدر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کراچی ڈاکٹر اسماعیل میمن نے ہیلتھ رپورٹرز کو پی ایم اے ہاؤس میں خوش آمدید کہا اور نئی کابینہ کو بالمشافہ مبارکباد دی۔ اجلاس میں کابینہ اراکین کے علاؤہ سانول شیخ، لیاقت جتوئی، وحید میمن اور دیگر بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نومنتخب صدر اختر شاہین رند نے کہا کہ ہیلتھ رپورٹرز ایسوسی ایشن کا قیام ہیلتھ رپورٹرز کے مسائل، پیشہ ورانہ مشکلات اور صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے عمل میں لایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے سے وابستہ صحافی معاشرے میں شعور و آگاہی پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، اس لیے ان کے مسائل کا حل اور انہیں ایک مضبوط پلیٹ فارم فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نئی کابینہ ہیلتھ جرنلزم کے فروغ، صحافیوں کی فلاح و بہبود، تربیتی پروگرامز کے انعقاد اور صحت سے متعلق مستند معلومات عوام تک پہنچانے کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ مثبت اور ذمہ دارانہ صحافت ہی معاشرے میں بہتری لا سکتی ہے۔ تقریب کے اختتام پر ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔
