پنجاب یونین آف جرنلسٹس نے سماء نیوز میں ملازمین کی تقرریوں کا جائزہ لینے کے نام پر” تھرڈ پارٹی ایویلوایشن”کرنے اور ملازمین کی ممکنہ چھانٹیوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سماء نیوز کی انتظامیہ کو خبردار کیا ہے وہ ایسے کسی بھی اقدام سے باز رہے جس کے نتیجے میں سماء نیوز میں ملازمین کو نوکریوں سے نکالا جائے یا ان کی سیلری میں کٹوتی کا کوئی پراجیکٹ لانچ کیا جائے ۔ایسے کسی بھی اقدام کے خلاف پی یوجے بھرپور احتجاج کرئے گی اور سماء نیوز کے دفتر کا گھیرائو کیا جائے گا۔ پی یوجے کی ایگزیکٹو کونسل نے سماء نیوز کے کارکن کی نوکری سے برخاستگی کے خدشہ کی بنا پر معیض الدین کو برین ہیمرج ہونے اور بعدا ازاں انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سماء نیوز کی انتظامیہ سے معیض الدین کی فیملی سے ہمدردی کا اظہار کرنے اور ان کی پوری مالی اعانت کرنے اور تمام واجبات دینے کا کہا ہے ۔ پی یوجے کے صدر نعیم حنیف ، جنرل سیکرٹری قمرالزمان بھٹی ، سینئر نائب صدر خرم پاشا ، نائب صدر شیر علی خالطی ، جوائنٹ سیکرٹری خالد رشید ، طلال اشتیاق ، خزانچی جواد حسن گل اور ایگزیکٹو کونسل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس وقت سماء نیوز انتظامیہ کی طرف سے ملازمین کے خلاف عجیب کھچڑی پکائی جا رہی ہے ۔ جب ان ملازمین کو مختلف میڈیا اداروں سے توڑ کر ہائر کیا گیا تھا تب تو سماء کے ایچ آر ڈیپارٹمنٹ نے ان ملازمین کو بہت سہانے خواب دکھائے تھے مگر اب سماء نیوز کی انتظامیہ نے ان ملازمین پر “تھرڈ پارٹی ایویلوایشن ” کے نام پر نوکریوں سے چھانٹیوں کی تلوار لٹکا دی ہے جس کے باعث ملازمین میں نوکری سے نکالے جانے کا خوف طاری ہوگیا ہے ۔ گزشتہ روز اسی خوف کی بنا پر سماء نیوز کے لاہور آفس میں ایک ملازم معیض الدین کو برین ہیمرج ہوا جس سے ان کا انتقال ہوگیا ۔ پی یوجے کے صدر نعیم حنیف نے معیض الدین کے انتقال پر گہرے دکھا اور افسوس کا اظہار کیا اور ان کی فیملی سے تعزیت کی ہے ۔انہوں نے سماء کی انتظامیہ سے معیض الدین کی فیملی کو پوری مالی اعانت کرنے اور تمام واجبات دینے کا کہا ہے۔ پی یوجے کے جنرل سیکرٹری قمرالزمان بھٹی نے کہا کہ اگر سماء نیوز کی انتظامیہ نے ملازمین کی چھانٹیوں کا یہ گھٹیا ہتھکنڈا ختم نہ کیا تو پی یو جے سما کے دفاتر کا گھیراؤ کرئے گی۔ ایگزیکٹو کونسل نے سماء کے مالک اور وفاقی وزیر عبد العلیم خان سے مطالبہ کیا کہ وہ خود اس صورتحال کا جائزہ لیں اور ملازمین میں پائی جانے والی بے چینی کا ختم کریں اور تمام ملازمین کو نوکریوں کا تحفظ دیں ۔ایگزیکٹو کونسل نے دیگر میڈیا اداروں میں ایسی کسی بھی چھانٹیوں کے ممکنہ اقدام کے خلاف بھرپور مزاحمت کرنے اور احتجاج کا عزم کیا ہے۔
