میڈیا پر دباؤ میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جوائنٹ ایکشن کمیٹی۔۔

پاکستان کی میڈیا نمائندہ تنظیموں، پی بی اے، اے پی این ایس، سی پی این ای، ایمنڈ اور پی ایف یو جے پر مشتمل جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے عالمی یوم صحافت کے موقع پر دنیا بھر میں آزادی اظہارِ رائے اور صحافیوں کی سلامتی کی موجودہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔عالمی یوم صحافت پر اپنے مشترکہ بیان میں ان تنظیموں نے کہا کہ گزشتہ سال صحافت کے لیے انتہائی مشکل اور چیلنجنگ ثابت ہوا، جس دوران ناصرف ترقی پذیر بلکہ ترقی یافتہ ممالک میں بھی میڈیا پر مختلف پابندیاں اور قدغنیں عائد کی جاتی رہیں۔پاکستان میں بھی آزادیٔ اظہارِ رائے کی صورتحال تسلی بخش نہیں رہی۔ ملک میں ناصرف متعدد صحافیوں کے قتل، ہراساں کیے جانے، جھوٹے مقدمات میں گرفتاریوں اور تشدد کے واقعات رپورٹ ہوئے بلکہ حکومت اور ریاستی اداروں کی جانب سے میڈیا پر دباؤ میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔میڈیا اداروں کو مختلف سطحوں پر کنٹرول کرنے، من پسند ادارتی پالیسی کے اطلاق کے لیے دباؤ ڈالنے، حکومتی اشتہارات کو ادارتی کنٹرول کے حصول، اعلانیہ وغیر اعلانیہ سنسر شپ کے ذریعے حق معلومات کو محدود کرنے اور اختلافی رائے رکھنے والے افراد کو آف ایئر کرنے کے تمام حربے استعمال کیے جا رہے ہیں، جس کے نتیجے میں صحافی اور میڈیا ادارے شدید دباؤ اور غیر یقینی صورتحال کا شکار ہیں۔مشترکہ بیان کے مطابق افسوسناک امر یہ ہے کہ تنازع زدہ خطوں میں متعدد مواقع پر صحافیوں کو دانستہ طور پر نشانہ بنایا گیا تاکہ وہ دنیا کو حقائق سے آگاہ نہ کر سکیں۔ عالمی معاشی دباؤ اور میڈیا انڈسٹری کو درپیش مالی مشکلات نے بھی صحافیوں کو شدید متاثر کیا ہے، جس کے نتیجے میں ملازمتوں کا عدم تحفظ، تنخواہوں میں کمی اور پیشہ ورانہ مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔اس میں مزید کہا گیا کہ ان تمام مشکلات کے باوجود ہم دنیا بھر کے صحافیوں اور میڈیا اداروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے حقائق کی فراہمی اور عوام کو باخبر رکھنے کے لیے بےمثال قربانیاں دیں اور اپنے پیشہ ورانہ فرائض دیانتداری سے انجام دیے۔ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ آزادیٔ اظہارِ رائے، جمہوری اقدار اور عوام کے حقِ معلومات کے تحفظ کے لیے ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ تمام تر نامساعد حالات کے باوجود ہم معاشرے میں سچائی اور شفافیت کے فروغ کے لیے اپنا آئینی، قانونی اور جمہوری کردار ذمہ داری کے ساتھ ادا کرتے رہیں گے۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں