پی ایف یوجے کے انضمام کیلئے خصوصی کمیٹی کا قیام۔۔

پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کے اتحاد کی جانب اہم قدم اٹھاتے ہوئے افضل بٹ کی سربراہی اور شمیم شاہد کی سربراہی میں پی ایف یو جے کے انضمام اور یونیفیکیشن پر اصولی اتفاق کرتے ہوئے اس کی تفصیلات اور طریقہ کار کو حتمی شکل دینے کے لئے 6 رکنی کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔پاکستان بھر کے صحافیوں کی اعلی ترین نمائندہ تنظیم پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس(پی ایف یو جے) کے اتحاد کی کوششوں کے سلسلے پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ کی سربراہی میں ایک اعلی سطحی وفد جمعرات کے روز پشاور پریس کلب پہنچا۔ اس وفد میں پی ایف یو جے کے سیکرٹری جنرل اور لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری، سابق سیکرٹری جنرل مظہر عباس اور ناصر زیدی ،راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے صدر آصف بشیر چوہدری، پی ایف یو جے کے سابق سیکرٹری جنرل ایوب جان سرہندی، پی ایف یو جے کے سابق صدر شہزادہ ذوالفقار، پی ایف یو جے کے فنانس سیکرٹری لالا اسد پٹھان، پی ایف یو جے کی سابق سیکرٹری جنرل فوزیہ شاہد، نیشنل پریس کلب کی سابق جنرل سیکرٹری نیئر علی، اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے سابق صدر علی رضا علوی ، ناصر حسین ، بخت زادہ اور دیگر سینیئر ارکان شامل تھے۔ جہاں پی ایف یو جے کے صدر شمیم شاہد نے ان کا خیرمقدم کی، پی ایف یو جے کے سیکرٹری جنرل راجہ ریاض، پشاور پریس کلب کے صدر ایم ریاض، خیبر یونین آف جرنلسٹس کے صدر کاشف الدین سید، پشاور پریس کلب کے سابق صدر ارشد عزیز ملک، پشاور پریس کلب کے سابق صدر سیف الاسلام سیفی، پشاور پریس کلب کے نائب صدر ضیاء الحق اور دیگر سینیئر ارکان بھی ان کے ہمراہ تھے۔اس موقع پر افضل بٹ نے اپنے وفد کا والہانہ خیرمقدم کرنے پر شمیم شاہد اور ان کے ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا اور آج پاکستان بھر میں صحافیوں کو سنگین مسائل درپیش ہیں ان کے حل کے لئے پی ایف یو جے کا اتحاد وقت کا اہم ترین تقاضہ ہے اور وہ اس اتحاد کے لئے کھلے دل اور پختہ عزم کے ساتھ اس اتحاد کے لئے یہاں آئے ہیں۔ شمیم شاہد نے کہا کہ وہ اور ان کے ساتھی پورے خلوص کے ساتھ صحافیوں کے اس اعلی ترین ادارہ کے اتحاد کے خواہاں ہیں۔ دونوں ٹیموں کے مابین تفصیلی مذاکرات میں انضمام اور یونیفیکیشن پر اصولی اتفاق کیا گیا جس کے بعد ایک متفقہ اعلامیہ مرتب کیا گیا۔ اعلامیہ پر افضل بٹ اور شمیم شاہد نے دستخط کئے، جبکہ پی ایف یو جے کے سابق سیکرٹری جنرل مظہر عباس اور پشاور پریس کلب کے صدر ایم ریاض اس مفاہمتی دستاویز میں بطور گواہان ہیں ۔ اس متفقہ دستاویز کے تحت ایک 6 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی۔ کمیٹی میں افضل بٹ کی نمائندگی علی رضا علوی، ناصر حسین اور بخت زادہ یوسفزئی کریں گے جبکہ ارشد عزیز ملک، راجہ ریاض اور سیف الاسلام سیفی کمیٹی میں شمیم شاہد کی جانب سے نمائندگی کریں گے۔ دستاویز کے مطابق یہ کمیٹی انضمام اور یونیفیکیشن کی تفصیلات اور طریقہ کار کو حتمی شکل دے کر 16 مئی تک اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ملک بھر سے کارکن صحافیوں اور تنظیموں نے اس اہم پیش رفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے 2016ء کے بعد سے یہ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے اتحاد کی جانب سب سے بڑا قدم قرار دیا ہے۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ پشاور کا یہ تاریخی قدم ملک بھر میں صحافیوں کے مسائل کے حل اور ان کے اتحاد و اتفاق کا نقطۂ آغاز ہوگا۔ افضل بٹ اور شمیم شاہد نے اس اہم میٹنگ کی میزبانی کرنے پر پشاور پریس کلب کے صدر ایم ریاض کا شکریہ ادا کیا۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں