پنجاب میڈیا کنونشن،انتظامات آخری مراحل میں۔۔

 پنجاب یونین آف جرنلسٹس کی ایگزیکٹو کونسل نے اپنے اجلاس میں پنجاب میڈیا کنونشن کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی۔ کنونشن میں ملک کی بڑی سیاسی جماعتوں سمیت سول سوسائٹی ، وکلاء تنظیموں ، انسانی حقوق کمیشن پاکستان کے قائدین شریک ہوں گے ۔ لاہور پریس کلب کے کمیٹی روم میں پی یوجے کا اجلاس صدر پی یوجے نعیم حنیف کی زیر صدارت منعقد ہوا ۔ جس میں پی ایف یوجے کے سیکرٹری جنرل و صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری نے خصوصی طور پر شرکت کی ۔ اجلاس میں پیکا ایکٹ کے خلاف جاری ملک گیر میڈیا کنونشن کے انعقاد کے مقاصد کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل پی ایف یوجے ارشد انصاری نے بتایا کہ اب تک پی ایف یوجے کے تحت کراچی ،کوئٹہ ایبٹ آباد ، سکھر میں جرنلسٹس کنونشن منعقد ہو چکے ہیں۔ 8 اپریل کو لاہور میں پنجاب یونین آف جرنلسٹس کے زیر اہتمام ہونے والا میڈیا کنونشن  بھی اسی سلسلہ کی کڑی ہے ۔اس کنونشن میں ملک کی تمام بڑی سیاسی جماعتوں کے قائدین اور سول سوسائٹی سمیت وکلاء ،انسانی حقوق اور لیبر تنظمیوں کے قائدین شریک ہوں گے ۔پنجاب میڈیا کے اعلامیہ میں پیکا ایکٹ اور دیگر کالے قوانین کے خاتمے کی مشترکہ جدوجہد کا اعلان کیا جائے گا جبکہ اس کنونشن میں  پی ایف یوجے کے تحت تحریک کے حتمی مرحلے میں اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر دھرنے میں شرکت کا عزم کیا جائے گا۔ ارشد انصاری نے کہا ہم نے پیکا ایکٹ کے خاتمہ کا عزم کیا ہوا ہے اور اس کے لئے اب تمام سیاسی جماعتوں کو آن بورڈ لیا جائے گا تاکہ نہ صرف پارلیمنٹ کی سطح پر پیکا قانون ترمیم کے ذریعے ختم کیا جائے بلکہ مستقبل میں کوئی بھی قانون آزادی صحافت کے خلاف اور تحریر و تقریر کے حق کے خلاف نہ بن سکے ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر پی یوجے نعیم حنیف نے کہا کہ اس وقت جہاں ملک میں آزادی صحافت کا تحفظ اہم ترین ایشو ہے وہیں صحافیوں کے معاشی حقوق کے تحفظ  کو بھی یقینی بنانا ہے ۔صحافیوں کو بے روز گار کرنے اور چھانٹیوں کے نئے سلسلہ میں درجنوں صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو نوکریوں سے نکالا جا چکا ہے ۔ آج ٹی وی ،جی ٹی وی اور سچ نیوز سمیت کئی میڈیا اداروں سے ورکرز نکالے جا رہے ہیں  جس کے خلاف پیر کے روز پنجاب اسمبلی پارلیمانی رپورٹرز پریس گیلری کے تحت تمام صحافی  اسمبلی کی کارروائی کا بائیکاٹ کریں گے اور احتجاجی مظاہرہ کریں گے ۔انہصں نے تمام صحافیوں سے اس مظاہرے میں بھرپور شرکت کی اپیل کی ۔اجلاس میں پی یوجے کے جنرل سیکرٹری قمرالزمان بھٹی ،  خزانچی جواد گل ، پنجاب اسمبلی پریس گیلری کے صدر خواجہ نصیر ،  لاہور پریس کلب کے قائم مقام جنرل سیکرٹری عمران شیخ  ممبران ایگزیکٹیو  پی یوجے  نائلہ ندیم ، ظہیر شہزاد ، یاسین مغل ، طارق شفیع ،  عمر حفیظ ، اللہ رکھا بٹ ،جمال احمد ۔ میڈیا کنونشن کی  استقبالیہ کمیٹی ، میڈیا کمیٹی اور مینجمینٹ کمیٹی کے ممبران عطا المنصور ،سعید اختر ، سعید لودھی، سعدیہ صلاح الدین ، رفیق خان ، اقبال ہارپر ، اصغر بھٹی ، سید شاکر علی شاہ ، شہزاد فراموش ، فصل اکبر ، ناصر محمود بھٹی ، فیصل ریاض شریک ہوئے۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں