jui par press club mein daakhle par pabandi

جے یو آئی پرپریس کلب میں داخلے پر پابندی کا خاتمہ۔۔

جمعیت علماء اسلام کے وفد نے مرکزی سیکرٹری اطلاعات اسلم غوری کی سربراہی میں کراچی پریس کلب کا دورہ کرکے جمعیت کے رہنما مولانا عمر صادق کی جانب سے صحافیوں اور پریس کلب کے ملازمین کے ساتھ ناروا سلوک پر معذرت کرلی ،جس کے بعد جمعیت علماء اسلام کے رہنماؤں پر کراچی پریس کلب میں داخلے پر عائد پابندی ہٹالی گئی ہے ۔تفصیلات کے مطابق منگل کوجمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات اسلم غوری کی سربراہی میں جمعیت علمائے اسلام کے وفدنے کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی ،سیکرٹری محمد رضوان بھٹی اوردیگر عہدیداروں سے ملاقات کی ۔جے یوآئی کے وفدمیں صوبائی نایب امیرمولانا عبدالکریم عابد،مرکزی کونسل کے رکن مولانا ڈاکٹرنصیر الدین سواتی ،بزنس فورم سندھ کے صدر مولانا امین اللہ ،ضلع غربی کے امیر مولانا عمر صادق ،صوبائی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات سمیع الحق سواتی ،مولانا عطاء الرحمن اور وحید خان سواتی شامل تھے ۔جے یو آئی کے وفد نے گزشتہ دنوں جمعیت علماء اسلام کے رہنما مولانا عمر صادق کی جانب کراچی پریس کلب کے اندر صحافیوں اور ملازمین کے ساتھ ناروا سلوک اختیار کیے جانے پر معذرت کی اور یقین دہانی کرائی کہ آئندہ اس طرح کا کوئی واقعہ پیش نہیں آئے گا ۔کراچی پریس کلب کے عہدیداروں نے جمعیت علماء اسلام کے رہنماؤں کی معذرت کو قبول کرتے ہوئے جے یو آئی کے رہنماؤ ں کی پریس کلب میں داخلے پر عائد پابندی ہٹالی ۔اس موقع پر کلب کے صدر فاضل جمیلی اور سیکریٹری محمد رضوان بھٹی نے کہا کہ سیاسی و مذہبی جماعتوں اور کراچی پریس کلب کا چولی دامن کا ساتھ ہے ۔دور آمریت میں کراچی پریس کلب میں سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور کارکنوں کے لیے ایک پناہ گاہ سمجھا جاتا تھا ۔مختلف تحریکوں میں سیاسی رہنماؤں اور صحافیوں نے مل کر جدوجہد کی۔ گزشتہ دنوں کراچی پریس کلب میں پیش آنے والا واقعہ افسوسناک تھا ۔جمعیت علماء اسلام کے رہنماوں نے خود پریس کلب آکر اس واقعہ پر معذرت کی ہے امید ہے کہ آئندہ اس طرح کے واقعات سے اجتناب کیا جائے گا ۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں