ڈاکٹر اکبر نیازی ہسپتال اورنیشنل پریس کلب کے درمیان طبی سہولیات کی فراہمی کا معاہدہ۔۔۔ 7

ڈاکٹر اکبر نیازی ہسپتال اورنیشنل پریس کلب کے درمیان طبی سہولیات کی فراہمی کا معاہدہ۔۔۔

گروپ چیف ایگزیکٹو آفیسر جی اے کے ہیلتھ کیئر انٹرنیشنل اور ڈاکٹر اکبر نیازی ٹیچنگ ہسپتال یاسر خان نیازی نے کہا ہے کہ صحت اور تعلیم کے شعبوں میں مؤثر اصلاحات کے ذریعے نہ صرف عوام کو معیاری اور سستی سہولیات فراہم کی جا سکتی ہیں بلکہ پاکستان معاشی ترقی اور زرمبادلہ کے حصول کے نئے مواقع بھی پیدا کر سکتا ہے ،نیشنل پریس کلب کے ساتھ طبی سہولیات کی فراہمی کے معاہدے، صحافیوں اور ان کے اہل خانہ کے لیے رعایتی علاج، میڈیکل کیمپس کے انعقاد اور گروپ ہیلتھ انشورنس کی سہولت کو قابلِ عمل بنانے پر اتفاق کیا گیا ہے جبکہ فوری طور پر نیشنل پریس کلب میں صحافیوں اور ان کے اہل خانہ کے لئے ہیپاٹائٹس سی کی سکرینگ کیمپ لگایا جائے گابعد ازاں نیشنل پریس کلب کے لئے پورے سال کا میڈیکل کلینڈر ترتیب دیا جائےگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل پریس کلب کے فنانس سیکرٹری عابد عباسی کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں نیشنل پریس کلب کے ممبران گورننگ باڈی عامر بٹ، سردار یوسفزئی، تنویر شہزاد اور محمد عاصم جیلانی شامل تھے۔ ملاقات میں صحافیوں اور ان کے اہل خانہ کو طبی سہولیات کی فراہمی کے علاوہ صحت اور طبی تعلیم کے شعبوں میں اصلاحات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔۔
ملاقات کے دوران یاسر خان نیازی نے نیشنل پریس کلب کے صحافیوں اور ان کے اہل خانہ کو جی اے کے ہیلتھ کیئر انٹرنیشنل کے تحت رعایتی نرخوں پر طبی سہولیات فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیاسنہوں نے کہا کہ صحافیوں کے لیے گروپ ہیلتھ انشورنس کا ایسا نظام بھی قابلِ عمل بنایا جائے گا جس کے ذریعے انہیں اور ان کے اہل خانہ کو علاج معالجے کے غیر متوقع اخراجات سے تحفظ مل سکےاس کے علاوہ نیشنل پریس کلب میں صحت سے متعلق آگاہی سیشنز اور وقتاً فوقتاً میڈیکل کیمپس منعقد کیے جائیں گے، جہاں بیماریوں سے بچاؤ، ابتدائی علامات کی شناخت، اسکریننگ اور تشخیصی ٹیسٹوں کی سہولیات فراہم کی جا سکیں گی۔ اپنی گفتگو کے اختتام پر یاسر نیازی نے کہا کہ پاکستان کو صحت اور طبی تعلیم کے شعبوں کو محض سرکاری اخراجات پر انحصار کرنے والے شعبوں کے بجائے معاشی ترقی اور زرمبادلہ کے حصول کے اہم ذرائع کے طور پر بھی ترقی دینا چاہیے۔ کامیابی کا اصل پیمانہ یہ ہے کہ ملک اپنے عوام کو کس حد تک معیاری اور سستی سہولیات فراہم کرتا ہے اور اپنے اداروں کو عالمی سطح پر مسابقت کے قابل بناتا ہے۔ فنانس سیکرٹری نیشنل پریس کلب عابد عباسی نے نیشنل پریس کلب کے ممبران اور ان کے اہل خانہ کےعلاج معالجہ ،میڈیکل کیمپس ،صحافیوں کے لئے اسپیشل ہیلتھ کارڈ سمیت دیگر تجاویز پیش کیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں