خاتون صحافی کے خلاف سوشل میڈیا پر تضحیک آمیز مہم۔۔۔ 33

خاتون صحافی کے خلاف سوشل میڈیا پر تضحیک آمیز مہم۔۔۔

کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی، سیکرٹری محمد اسلم خان اور مجلس عاملہ نے کراچی پریس کلب کی رکن اور انوائرمنٹ کمیٹی کی سیکریٹری فہمیدہ یوسفی کے خلاف سوشل میڈیا پر جاری تضحیک آمیز اور غیر مہذب مہم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی صحافی یا صحافی تنظیم کی رکن کو اختلافِ رائے کی بنیاد پر ذاتی حملوں، تضحیک اور توہین آمیز زبان کا نشانہ بنانا کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔کراچی پریس کلب سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ فہمیدہ یوسفی کراچی پریس کلب کی فعال رکن اور انوائرمنٹ کمیٹی کی سیکریٹری ہیں۔ ان کے خلاف سوشل میڈیا پر استعمال کی جانے والی غیر شائستہ زبان اور تضحیک آمیز طرزِ عمل نہ صرف افسوسناک بلکہ صحافتی اقدار اور مہذب معاشرتی رویوں کے بھی منافی ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر سمیت کسی بھی قومی، انسانی یا عوامی مسئلے پر اختلافِ رائے ہر شہری کا حق ہے، تاہم اختلاف کو دلیل، حقائق اور مہذب مکالمے کے ذریعے سامنے آنا چاہیے، نہ کہ کسی خاتون صحافی کی تضحیک اور کردار کو نشانہ بنا کر۔ کسی کے مؤقف سے اختلاف کا مطلب یہ نہیں کہ اسے ذاتی حملوں اور توہین آمیز مہم کا نشانہ بنایا جائے۔کراچی پریس کلب کے عہدیداران اور مجلس عاملہ نے مطالبہ کیا کہ سوشل میڈیا پر فہمیدہ یوسفی کے خلاف تضحیک آمیز اور توہین آمیز رویوں کا فوری خاتمہ کیا جائے اور اختلافِ رائے کے اظہار میں شائستگی، احترام اور صحافتی اخلاقیات کو ملحوظ خاطر رکھا جائے۔انہوں نے واضح کیا کہ کراچی پریس کلب اپنے اراکین کے عزت و وقار، آزادیِ اظہار اور حقِ اختلاف کے تحفظ کے لیے ہمیشہ آواز بلند کرتا رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں