ماہرہ خان ایک مرتبہ پھر اسکرین پر واپسی کے لیے تیار ہیں۔یہ انکشاف ماہرہ خان اور ان کی دوست نینا کاشف نے مقامی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔انھوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ اپنی اگلی پروڈکشن میں خود بھی جلوہ گر ہوں گی۔ماہرہ نے پروجیکٹ سے متعلق مزید بتایا کہ ’یہ ایک سوانح حیات ہوگی لیکن ہمارے پاس آپ کو بتانے کے لیے ابھی صرف اتنا ہی ہے۔علاوہ ازیں ماہرہ خان نے تکمیل کے مراحل میں موجود اپنے پروجیکٹ ’بارہواں کھلاڑی‘ سے متعلق بھی بات کی۔انھوں نے بتایا کہ کرکٹر شعیب ملک اور اداکار فواد خان بھی اس کا حصہ ہوں گے۔ماہرہ کا کہنا تھا کہ میں ان دونوں شخصیات کی شکرگزار ہوں جنھوں نے ہمارے لیے کام کیا ہے۔واضح رہے کہ ’’بارہواں کھلاڑی‘‘ میں زیادہ تر نوجوان اداکاروں کو کاسٹ کیا گیا ہے جن میں علی ظفر کے بھائی دانیال ظفر، معروف یوٹیوبر شاہ ویر جعفری، اداکارہ کنزیٰ ہاشمی اور خاقان شاہنواز شامل ہیں۔ اس ویب سیریز کی کہانی کرکٹ پر مبنی ہے۔ ماہرہ خان نے بتایا ان کی ویب سیریز کی کہانی دوستی، تعلقات، اتحاد، ناکامی، کامیابی، محبت اور جرات کے گرد گھومتی ہے۔بارہواں کھلاڑی‘‘ کی کہانی شاہد ڈوگر نے تحریر کی ہے جب کہ عدنان سرور اس کے ہدایت کار ہیں۔ اس کے علاوہ اداکارہ صبا فیصل، میرا سیٹھی اور سرمد کھوسٹ بھی فلم کی کاسٹ کا حصہ ہیں۔ پروڈیوسر نینا کاشف کا اپنی ویب سیریز کی کاسٹ کے بارے میں کہنا تھا کہ ہم ایک خاص عمر کے لڑکوں کا انتخاب کرنا چاہتے تھے کیونکہ کہانی نوجوان کرکٹ ٹیم کی ہے۔ ویب سیریز کی زیادہ تر شوٹنگ لاہور میں کی گئی ہے۔ماہرہ خان اور نینا کاشف اپنی ویب سیریز کو پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے اختتام کے بعد ریلیز کرنے کا ارادہ رکھتی تھیں لیکن پی ایس ایل کے میچز ملتوی ہونے کے بعد اب ان کا ارادہ اسے عید سے قبل ریلیز کرنے کا ہے۔

