خصوصی رپورٹ۔۔
پاکستان کی طرف سے غیر اخلاقی مواد کو جواز بنا کر گزشتہ روز ٹک ٹاک کو بند کر دیا گیا تھا جس کے بعد مختصر ویڈیوز شیئر کرنے کی سوشل ایپ نے ملکی انتظامیہ کیساتھ رابطہ کر کے تحفظات دور کرنے کی پیش کش کی ہے۔ایک نیوز ایجنسی کے سوالات کے جواب میں ٹک ٹاک انتظامیہ نے امید ظاہر کی ہے کہ وہ جلد پی ٹی اے کے ساتھ مل کر کسی ایسے نتیجے پر پہنچ جائے گی جس سے ٹک ٹاک ایپ پاکستان میں پھر سے کام کرنا شروع کر دے۔پی ٹی اے کے ایک اعلٰی افسر نے بھی بات کرتے ہوئے ٹک ٹاک کی طرف سے رابطے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ اگر ایپ انتظامیہ اپنے غیر قانونی مواد کی روک تھام کا نظام بہتر کر لے تو پی ٹی اے اسے بحال کر سکتی ہے۔یاد رہے کہ پاکستان میں مواصلات کے ریگولیٹری ادارے پی ٹی اے نے ٹک ٹاک پر پابندی کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک پر غیر اخلاقی اور غیر مہذب مواد کے خلاف معاشرے کے مختلف طبقات کی شکایات کے پیش نظر، پی ٹی اے نے ٹک ٹاک کو بلاک کرنے کے لیے ہدایات جاری کردی ہیں۔کمپنی کے ترجمان نے نیوز ویب سائٹ کو جواب دیتے ہوئے بتایا کہ انتظامیہ ٹک ٹاک سروس کی تمام مارکیٹس میں مقامی قوانین کی پابندی کے لیے پرعزم ہے۔ ہم پی ٹی اے سے مسلسل رابطے میں رہے ہیں اور اب بھی ان کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ امید ہے کہ کسی ایسے نتیجے پر پہنچ جائیں گے جس کی وجہ سے ہم ملک کی تخلیقی اور متحرک کمیونٹی کی خدمت جاری رکھنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ٹک ٹاک انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ایپلی کیشن میں ایک محفوظ اور مثبت ماحول کو قائم رکھنا کمپنی کی اولین ترجیح ہے۔ ہمارے پاس ایک متحرک نظام موجود ہے جس کے تحت یقینی بنایا جاتا ہے کہ یہ پلیٹ فارم صارفین کے لیے محفوظ اورخوش گوار رہے اور اس میں ایسا آسان طریقہ کار بھی شامل ہے جس کے تحت ہمارے قواعد کی خلاف ورزی پر مبنی مواد کو رپورٹ کیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ اردو میں کمیونٹی گائیڈ لائنز بھی موجود ہیں۔
دوسری طرف وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونی کیشن سید امین الحق نے کہا ہے کہ ٹک ٹاک پر پابندی مستقل نہیں عارضی لگائی گئی ہے تاہم غیر اخلاقی، نفرت انگیز اورریاست مخالف چیزیں ہٹانے پر بحال کردیا جائے گا۔انٹیلیکچوئل پراپرٹی ایسوسی ایشن آف پاکستان کے زیراہتمام فرسٹ انٹیلیکچول پراپرٹی ایکسی لینس ایوارڈ 2020 کے حوالے سے تقریب میں وفاقی وزیر امین الحق نے کہا کہ یہ ایک تاریخ ساز موقع ہے، ملک میں سائبر سیکیورٹی کے حوالے سے اچھے اقدامات ہورہے ہیں، قبضہ ، آئی پی اور چیمبر آف کامرس کے ساتھ آئی ٹی کی وزارت کام کرنے کے لیے تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں آگاہی کے لیے جامعات اور تعلیمی اداروں میں جانا ہوگا، طالبعلموں کو بتانا ہوگا کہ اصل میں پائریسی سے کیسے بچا جائے اور اس کو کیسے روکا جائے، ٹریبونل بنانے اور قانون سازی کے لیے ہم آپ کے ساتھ ہیں، شہداد کوٹ میں 55 کروڑ روپے کا ٹینڈر پاس کیا، شہداد کوٹ میں بھی آئی ٹی کے حوالے سے کام جاری ہے، سکھر، گوٹھکی سمیت بلوچستان کے دیگر شہروں میں بھی ٹیکنالوجی فراہم کی جارہی ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم تھری اور فور جی سے آگے جارہے ہیں، ٹک ٹاک پر پابندی مستقل نہیں عارضی ہے، ٹک ٹاک کو 2 بار تنبیہی خط جاری کیا جاچکا تھا، حکومت غیر اخلاقی مواد، نفرت انگیز اور ریاست مخالف مواد برداشت نہیں کرے گی، ایسا مواد ٹک ٹاک سے فوری طور پر ہٹایا جائے، ٹک ٹاک کو واپس بحال کردیا جائے گا۔(خصوصی رپورٹ)۔۔

