نامور اداکارہ پروفیشنل شیف بن گئیں۔۔

پاکستان ٹیلی ویژن کی نامور اداکارہ جاناں ملک اداکاری سے بریک لے کر پروفیشنل شیف بن گئیں۔اداکارہ جاناں ملک کسی تعارف کی محتاج نہیں وہ پی ٹی وی سمیت نجی چینلز پر کئی یادگار ڈراموں میں کام کرچکی ہیں تاہم اب وہ پروفیشنل شیف بن چکی ہیں اور انہوں نے اداکاری سے بریک لے کر آن لائن بیکنگ کا کام شروع کردیا ہے۔ وہ انسٹاگرام پر اپنا بیکنگ کا اکاؤنٹ بھی چلا رہی ہیں جس پر ان کے تقریباً ڈیڑھ لاکھ فالوورز ہیں۔اردو نیوز کو دئیے گئے انٹرویو میں انہوں نے اپنے نئے پروفیشن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کوکنگ کا شوق انہیں بچپن سے ہی تھا اور ان کی ہمیشہ سے خواہش تھی کہ وہ اداکاری کے ساتھ ساتھ کوکنگ بھی کریں، یہ شوق انہیں اپنی نانی سے ورثے میں ملا۔جاناں ملک نے بتایا کہ ڈراموں کے سیٹ پر بھی وہ اپنے ساتھی فنکاروں کے لیے مختلف کھانے بناکر لے جاتی تھیں اور سب لوگ ان کے ہاتھ کے کھانوں کی تعریف کرتے تھے اور یہیں سے ان کے اعتماد میں اضافہ ہوا اور انہیں لگاکہ ان کے ہاتھ میں ذائقہ ہے اور پھر ان کے دل میں خیال آیا کہ کیوں نہ کچھ عرصے کے لیے اداکاری سے بریک لے کر کوکنگ کے شوق کو پورا کیا جائے۔جاناں ملک شوقیہ کوکنگ ایکسپرٹ نہیں ہیں بلکہ انہوں نےلاہور کے کوکنگ اسکول اسکافا سے باقاعدہ ڈپلومہ لے رکھا ہے جسے انہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ میں بھی مینشن کیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں دوسروں کے لیے کیکس اور کھانا بناکر بہت خوشی ملتی ہے۔واضح رہے کہ جاناں ملک کئی کامیاب ڈراموں میں کام کرچکی ہیں۔ ان کے ڈراموں میں ’’لنڈا بازار‘‘،’’میگھ ملہار‘‘، ’’بلندی‘‘،’’کس دن میرا ویا ہووے گا سیریز‘‘،’’جو  چلے تو جاں سے گزر گئے‘‘ وغیرہ شامل ہیں۔جاناں ملک نے ستمبر 2016 میں گلوکار نعمان جاوید سے سادہ سی تقریب میں شادی کی تھی تاہم ان کی شادی کامیاب نہ ہوسکی اور  شادی کے چند ماہ بعد مارچ2017 میں دونوں کے درمیان علیحدگی ہوگئی۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں