پنجاب حکومت کی پالیسی کا یہ حصہ کہ اشتہارات اے پی این ایس اور سی پی این ای کی رکن مطبوعات کو ہی ملے گا بہت ہی خوش آئند ہے ،اب حکومت پنجاب انفارمیشن کے جو قوانین بنارہی ہے ان میں اے پی این ایس کو اعتماد میں لیا جا رہا ہے ۔چند دن پہلے سیکرٹری انفارمیشن پنجاب اور ڈی جی پی آر اسلم ڈوگر نے ہمیں اعتماد میں لیا ہے۔ اور اگر کسی بات پر ہم متفق نہیں ہوں گے تو ہم ان سے مذاکرات کریں گے ،بات کریں گے۔ یہ باتیں اے پی این ایس پنجاب کمیٹی کے سربراہ خوشنود علی خان نے فیصل آباد میں پنجاب کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ اس اجلاس میں سیکرٹری جنرل اے پی این ایس سرمد علی نے بطور خاص شرکت کی تھی۔ تین گھنٹے جاری رہنے والے اس اجلاس میں سید منیر جیلانی (جوائنٹ سیکرٹری اے پی این ایس )، ہمایوں گلزار چیئرمین ریجنل کمیٹی ، جاوید مہر شمسی (چیئرمین سندھ کمیٹی )، عتیق الرحمن ، ہمایوں طارق، سردار عابد علیم ، محمد اویس خوشنود، عمر بٹ، میاں سعید الشریف، شاہد محمود علی، ارشد انامی یاور خلیق، امجد اقبال اور احمد علی بلوچ نے شرکت کی ، اجلاس میں بعض ارکان نے وینڈر نمبر کی وجہ سے مشکلات کا ذکر کیا اور کہا کہ اس کی وجہ سے گزشتہ چھ ماہ سے اخبارات کو ادائیگیاں رکی ہوئی ہیں جس پر خوشنود علی خان نے کہا کہ میری اس حوالے سے شاہیرا شاہد سے کئی بار بات ہوچکی ہے۔سید سرمد علی بھی ان سے رابطے میں ہیں اور پی آئی او بھی چاہتی ہیں کہ جتنا جلد ممکن ہو یہ مشکلات دور ہوں اور اخبارات کو ادائیگی ہو لیکن حقیقت یہ ہے کہ بعض اخبارات نے ابھی تک وینڈر نمبر ہی حاصل نہیں کئے۔ ارکان نے اجلاس میں شکایت کی کہ پنجاب میں 30لاکھ تک کے کاموں کے ٹینڈر نہ ہونے سے جہاں اخبارات خصوصاً علاقائی اخبارات کو بہت نقصان ہوگا بلکہ ٹھیکوں کے کام میں شفافیت نہیں رہے گی۔ پنجاب کمیٹی کے چیئرمین نے ارکان کو بتایا کہ ہم پیپرا کو اس بات سے آگاہ کررہے ہیں کہ ٹھیکوں میں شفافیت برقرار نہیں رہے گی۔ ہم اسی خط کی کاپی وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو بھی بھجوا رہے ہیں ہمیں یقین ہے، ہمارا مسئلہ حل ہوجائے گا، اجلاس میں تمام اراکین نے پنجاب کے حوالے سے چیئرمین کو مسائل سے آگاہ کیا اور اجلاس میں یہ بات بھی زیر بحث آئی کہ بعض لوگوں کو اشتہارات میں ان کے حصے اور حجم سے زیادہ اشتہارات مل رہے ہیں جس پر خوشنود علی خان نے کہا کہ اگلے ہفتے ہم سیکرٹری انفارمیشن اور ڈی جی پی آر سے ملیں گے اور اشتہارات کی منصفانہ تقسیم پران کی توجہ دلائیں گے، چیئرمین پنجاب کمیٹی نے ممبران کو یقین دلایا کہ پنجاب حکومت کو ہم اشتہارات کی منصفانہ تقسیم پر مذاکرات کے ذریعے رضا مند کر لیں گے۔
مالکان اخبارات اشتہارات کی منصفانہ تقسیم پر شاکی۔۔
Facebook Comments
