mir shakeel ka fard jurm se inkaar

میرشکیل کیس،سپریم کورٹ میں سماعت کیلئے مقرر۔۔

عدالت عظمیٰ نے جنگ،جیو میڈیا گروپ کے سربراہ میر شکیل الرحمان کے خلاف 34سال پرانے جائیداد کے ایک معاملہ کے حوالے سے قائم کئے گئے نیب کے ریفرنس میں ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست خارج ہونے کے لاہور ہائیکورٹ کے ڈویژن بنچ کے فیصلے کیخلاف میر شکیل الرحمان کی جانب سے دائر کی گئی اپیل کو نئے بنچ کے سامنے سماعت کیلئے مقرر کردیا ہے۔ جاری کی گئی سپریم کورٹ کی کاز لسٹ کے مطابق جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں جسٹس منیب اختر اور جسٹس قاضی محمد امین احمد پر مشتمل تین رکنی بنچ 8اکتوبر کوکیس کی سماعت کرے گا ،اس حوالے سے پراسیکیوٹر جنرل نیب سمیت متعلقہ فریقین کو نوٹسز جاری کردیے گئے ہیں۔یاد رہے کہ اس سے قبل 30ستمبر کو جسٹس عمرعطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس منیب اختر اور جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی پر مشتمل تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی تھی اور جسٹس عمر عطا بندیال نے ذاتی وجوہات کی بناء پر اس کیس کی سماعت کے معذرت کرتے ہوئے کیس کسی اور تین رکنی بنچ کو بھجوانے کے انتظامی حکم کیلئے معاملہ چیف جسٹس کو بھجوادیا تھا۔دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل خواجہ حارث احمد نے درخواست گزار میر شکیل الرحمان اور ان کی اہلیہ کی جانب سے اس سے قبل دائر کی گئی دو اپیلوں کو بھی اسی کیس کے ساتھ یکجا کرنے کی استدعا کی تھی ،جسے فاضل عدالت نے منظور کرتے ہوئے متعلقہ آفس کو دونوں اپیلوں کو اس کیس کیساتھ یکجا کرنے کی ہدایت کی تھی۔یاد رہے کہ جسٹس احمد نعیم اور جسٹس فاروق حیدرپر مشتمل لاہور ہائیکورٹ کے ڈویژن بنچ نے 8جولائی کومیر شکیل الرحمان کی درخواست ضمانت بعداز گرفتاری خارج کی تھی ،جس پرانہوں نے 11 ستمبر کو سپریم کورٹ میں یہ اپیل دائر کرتے ہوئے فاضل عدالت سے لاہور ہائیکورٹ کے ڈویژن بنچ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں ضمانت پر جیل سے رہا کرنے کا حکم جاری کرنے کی استدعا کی ہے۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں