گلوکارہ میشا شفیع اور ان کے دوستوں کے خلاف مقدمہ درج کرنے والے ایف آئی اے آفیسر آصف اقبال کو معطل کردیا گیا۔ایف آئی اے ذرائع کے مطابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر سائبر کرائم سیل آصف اقبال نے میشا شفیع اور ان کے دوستوں کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ اعلیٰ حکومتی شخصیت کے دباؤ پر آصف اقبال کو معطل کیا گیا۔ایف آئی اے ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ آصف اقبال نے میشا اور ان کے دوستوں کے خلاف مقدمہ کے اندراج کا ٹویٹ کیا تھا۔ آصف اقبال نے دو سال تک علی ظفر اور میشا شفیع کیس کی تفتیش کی۔ واضح رہے کہ علی ظفر نے سوشل میڈیا پر انہیں بدنام کرنے کے سلسلے میں گلوکارہ میشا شفیع اور ان کے دوستوں کے خلاف سائبر کرائم کے تحت مقدمہ درج کروا رکھا ہے۔ دریں اثنا لاہور کی سیشن عدالت کے ایڈیشنل سیشن جج حامد حسین نے لینا غنی اور میشاشفیع کے مینیجر سید فرحان کی درخواستوں پر سماعت کی۔ دوران سماعت درخواست گزاروں نے موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل نے مقدمہ میں بے بنیاد نامزد کیا، ہم شامل تفتیش ہونا چاہتے ہیں عبوری ضمانت منظور کی جائے۔عدالت نے سید فرحان اور لینا غنی کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے دونوں کو 12 اکتوبر تک گرفتار کرنے سے روک دیا۔عدالت نے دونوں ملزموں کو مقدمہ میں شامل تفتیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل سے تفتیشی رپورٹ طلب کر لی۔ یاد رہے کہ اس سے قبل اداکارہ عفت عمر نے بھی اسی مقدمے میں عبوری ضمانت کروا رکھی ہے۔

