وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونی کیشن نے سائبر سیکورٹی پالیسی کی تیاری میں سٹیک ہولڈرز اداروں سے مشاورت کا عمل شروع کر دیا ہے ، جلد ہی پالیسی کا مسودہ تیار کر کے کابینہ میں منظوری کیلئے پیش کر دیا جائیگا ، وزارت آئی ٹی کے اعلیٰ حکام کے مطابق ہمارے ادارے غیرملکی سائبرحملوں کو روکنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں اور وزارت بھی اس حوالے سے متحرک ہے مگر وزارت سائبر سیکورٹی کے حوالے سے ایک سسٹم دینا چاہتی ہے ، وفاقی سیکرٹری آئی ٹی شعیب احمد صدیقی کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے سائبر سیکورٹی پالیسی کی تیاری کیلئے کمیٹی تشکیل دی تھی جس کی سربراہی وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق کر رہے ہیں ، صدر مملکت کو بھی سائبر سیکورٹی پالیسی کے خدوخال پیش کئے گئے تھے جس پر انہوں نے پالیسی کا مسودہ جلد سے جلد بنانے کی ہدایت کی تھی ، تمام اداروں سے مل کر سائبر سیکورٹی پالیسی بنائی جا رہی ہے ۔

