پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی(پی ٹی اے) نے نامناسب مواد کی روک تھام نہ کرنے پر پانچ ڈیٹنگ اور لائیو اسٹریمنگ ایپلی کیشنزبلاک کر دی ہیں۔ پی ٹی اے کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق اتھارٹی نے پانچ ڈیٹنگ، لائیو اسٹریمنگ موبائل ایپلی کیشنز جن میں ٹنڈر ، ٹیگڈ، اسکاؤٹ ، گرینڈر اور سے ہائے شامل ہیں کو بلاک کردیا ہے۔۔مذکورہ ایپلی کیشنز کے ذریعہ غیر اخلاقی وغیر مہذب منفی اثرات کو مدنظر رکھتے ہوئے، پی ٹی اے نے مذکورہ پلیٹ فارمز کی انتظامیہ کو ڈیٹنگ خدمات کو ختم کرنے اور براہ راست جاری مواد کو پاکستان کے مقامی قوانین کے مطابق ماڈریٹ کرنے کے لئے نوٹس جاری کئے تھے۔مذکورہ پلیٹ فارمز نے مقررہ وقت کے اندر نوٹسوں کا جواب نہیں دیا لہذا اتھارٹی نے مذکورہ ایپلیکیشنز کو بند کرنے کے احکامات جاری کردیے۔اعلامیے کے مطابق کمپنیوں کی انتظامیہ کی جانب سے مناسب لائحہ عمل کے تحت غیر اخلاقی /غیر مہذب مواد کو مقامی قوانین پر عمل کرتے ہوئے ماڈریٹ کرنے کی یقین دہانی کرائے جانے پر پی ٹی اے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کر سکتا ہے۔

