نیوٹی وی میں ڈاؤن سائزنگ کا آغاز،ایچ آر، ایڈمن فل ایکٹیو۔۔۔۔ 10

نیوٹی وی میں ڈاؤن سائزنگ کا آغاز،ایچ آر، ایڈمن فل ایکٹیو۔۔۔۔

نیو ٹی وی انتظامیہ نے فنڈز کی کمی کا بہانہ بنا کر ادارے میں بڑے پیمانے پر ڈاون سائزنگ کا فیصلہ کرلیا اور اس پر عملدرآمد کا آغاز کرتے ہوئے نیوزروم سے سی جی آپریٹر کو بھی ملازمت سے فارغ کردیا ہے۔دوسری جانب ملازمین اگست اور ستمبر کی سیلری سے تاحال محروم ہیں جب کہ نیوزروم سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق کچھ کی جون اور چند کی جولائی کی سیلری بھی تاحال ادا نہیں کی گئی ہے، جب کہ اکتوبر ختم ہونے میں تین دن باقی رہ گئے ہیں جس کے بعد اکتوبر کی سیلری بھی واجب الادا ہوجائے گی۔۔ ذرائع کے مطابق انتظامیہ نے مبینہ طور پر اکتوبر کے اختتام تک مزید ملازمین کو ادارے سے نکالنے کا پروگرام بھی مرتب کر لیا ہے۔اس صورتحال سے نمٹنے اور کٹوتیوں کا عمل تیز کرنے کے لیے ایچ آر (HR) اور ایڈمن ڈیپارٹمنٹ کو مکمل طور پر ایکٹیو کر دیا گیا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے سخت احکامات جاری کیے گئے ہیں کہ اگر کوئی بھی ملازم کام میں ذرا سی بھی کوتاہی کا مرتکب پایا جائے تو اسے بلا تاخیر فوری طور پر نوکری سے برطرف کر دیا جائے۔دوسری جانب ادارے کے اندر مالیاتی تفریق اور ملازمین کی دل برداشتگی کا تنازع بھی کھڑا ہو گیا ہے۔ 50 ہزار روپے سے زائد تنخواہ لینے والے ملازمین کو فنڈز نہ ہونے کا بہانہ بنا کر تنخواہوں کی ادائیگی سے محروم رکھا جا رہا ہے، جبکہ ملازمین کا کہنا ہے کہ حقیقت میں ایسا معلوم ہوتا ہے کہ ادارے کے پاس فنڈز کی کوئی خاص کمی نہیں کیونکہ حال ہی میں حکومت کی طرف سے ملنے والے اشتہارات کے فنڈز سے 50 ہزار سے کم تنخواہ والے ملازمین کے واجبات ادا کر دیے گئے ہیں۔ ملازمین کا موقف ہے کہ 50 ہزار سے زائد تنخواہ دار طبقے کو جان بوجھ کر تنگ کیا جا رہا ہے اور ان کی تنخواہیں روکی جا رہی ہیں تاکہ وہ حالات سے بیزار ہو کر خود ہی استعفیٰ دے کر چلے جائیں اور ادارے کو نادہندگی یا معاوضے کی ادائیگی سے بچایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں