سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں اینکر مرید عباس قتل کیس میں ملزم عادل زمان کی ضمانت پر رہائی کے خلاف درخواست کی سماعت کی گئی، کیس کی سماعت جسٹس فیصل عرب، جسٹس سجاد علی شاہ اور جسٹس منیب اختر پر مشتمل تین رکنی بینچ نے کی۔۔ سپریم کورٹ کی جانب سے نوٹس جاری ہونے کے باوجود ملزمان عادل زمان پیش نہیں ہوا۔۔عدالت نے ملزم عادل زمان کو پیش کرنے کے لیے ٹرائل کورٹ کو بھی نوٹس جاری کردیئےاور ملزم عادل زمان کو آئندہ سماعت پر ہر صورت پیش کرنے کا حکم دیا۔۔عدالت نے ملزم عادل زمان کے کراچی کے علاقے کشمیر کالونی میں واقع گھر کے پتہ پر بھی نوٹس ارسال کرنے کا حکم دیا اور دو ہفتوں میں جواب طلب کرلیا۔۔سماعت کے دوران ایک موقع پر جسٹس سجاد علی شاہ نے استفسار کیا کہ ملزم عادل زمان جیل میں ہے یا رہا ہوگیا۔۔ جس پر مقتول مرید عباس کی اہلیہ زارا عباس کے وکیل فیصل صدیقی ایڈووکیٹ نے معزز عدالت کو بتایاکہ سندھ ہائی کورٹ سے ضمانت سے رہائی کے بعد اسلحہ ایکٹ میں بھی ملزم کی ضمانت منظور ہوئی تو جیل سے رہا کردیا گیا۔ واضح رہے کہ سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف زارا عباس نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔۔

