پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)فائیو کے پانچویں میچ کے دوران بڑی تکنیکی خرابی سامنے آ گئی۔کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے دوران پہلی اننگز کے ابتدائی اوورز میں کوئٹہ کے بولر نسیم شاہ نے بابراعظم کے آؤٹ کی اپیل کی، امپائر کے ناٹ آؤٹ قرار دینےپرگلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ریویو لے لیا۔امپائر کے فیصلے پر ریویو کے دوران سافٹ ویئر کی خرابی کے باعث الٹرا ایج اور اسنیکو میٹر نہیں چل سکا،جس کےباعث امپائر نے اندازے کی بنیاد پربابراعظم کو ناٹ آؤٹ قرار دیدیا۔تھرڈ امپائر کے فیصلے سے گراؤنڈ میں موجود کھلاڑی اور کمنٹیٹرز بھی حیران رہ گئے لیکن سب کو فیصلہ قبول کرنا پڑا۔تھرڈ امپائر کی جانب سےناٹ آؤٹ قرار دیئے جانے کے باوجود کوئٹہ کے کپتان سرفراز احمد فیلڈ امپائر سے اس حوالے سے بات کرتے رہے مگر امپائر نے انھیں اپنی جگہ پر جانے کا کہا۔سافٹ ویئر کی خرابی کے باعث کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا میچ تقریبا 5 منٹ تک رکا رہا۔ میچ ریفری روشن ماہانامہ نے وضاحت کی ہے کہ الٹرا ایج ٹیکنالوجی کی عدم دستیابی کے باعث کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا کراچی کنگز کے بابراعظم کے خلاف لیا گیا ریویو برقرار رہا تھا۔نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے چھٹے میچ کے دوران کوئٹہ گلیڈی ا یٹرز نے ابتدائی طور پر کراچی کنگز کے اوپنر بابراعظم کوناٹ آؤٹ قرار دینے سے متعلق امپائر کے فیصلے کے خلاف ریویو لیا تھا۔میچ ریفری روشن ماہانامہ کا کہنا ہے کہ ٹی وی امپائر کو آن فیلڈ امپائر کا فیصلہ بدلنے کے لیے ٹھوس شواہد کی ضرورت ہوتی ہے۔ ڈی آر ایس ٹیکنالوجی بھی امپائر کی جانب سے واضح غلطی کے تدارک کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔انہوں نے کہا اس موقع پر الٹر ایج ٹیکنالوجی دستیاب نہیں تھی، لہٰذا پلیئنگ کنڈیشنزنمبر3.3.7 کے تحت تھرڈ امپائر نے آن فیلڈ امپائر کو تکنیکی خرابی کے بارے میں آگاہ کیا اور تمام دستیاب وسائل کے بعد ہر ممکن درست معلومات بھی فراہم کی، جس کی بنیادپر آن فیلڈامپائر نے اپنے ابتدائی فیصلے کو برقرار رکھا۔روشن ماہانامہ نے کہاکہ پلیئنگ کنڈیشنز نمبر 3.6.8 کے تحت انہوں نے اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے تکنیکی خرابی کے باعث کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا ریویو برقرار رکھا۔دریں اثنا ریویو کے دوران تکنیکی خرابی پر پی سی بی کا موقف سامنے آگیا۔ترجمان پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا کہنا ہے کہ ریویو کے موقع پر ہاک آئی کا سافٹ ویئر فریز ہوگیا تھا۔پی سی بی کا کہنا ہے کہ قوانین کے مطابق فیلڈ امپائر کا فیصلہ برقرار رکھا گیا جبکہ الٹرا ایج سافٹ ویئر ہاک آئی کے تحت چلتا ہے۔

