وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نوجوانوں سے کہتا ہوں تنخواہ اور پنشن والی سرکاری نوکری کے پیچھے نہ بھاگیں، ایسی نوکریاں صلاحیتوں کو تباہ اور انسان کو سہل پسند بنا دیتی ہیں، جدوجہد ختم ہوجائے تو آپکی زندگی ختم ہوجاتی ہے، آسان راستہ تباہی ہے،میڈیا میرے خلاف پروپیگنڈا رہا ہے اور اپوزیشن کا آلہ کار بنا ہوا ہے، میں وزیراعظم ہوتے ہوئے بھی پیمرا سے انصاف نہیں لے سکا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں بدھ کو ایک تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بہت سے لوگ سرکاری نوکری پنشن کیلئے کرنا چاہتے ہیں، اس طرح لوگ اپنی صلاحیتں ختم کر دیتے ہیں، زندگی میں جب جدوجہد ختم ہوجائے تو آپ کی زندگی ختم ہوجاتی ہے، چیلنجز سے نبردآزما ہونے کے بعد کامیابی آپ کا مقدر بنتی ہے۔ جمعہ کو میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے عمران خان نے شکوہ کیا کہ میرے خلاف خبر چلی جس پر پیمرا نے کارروائی کی، پیمرا کے ایکشن کے خلاف چینل نے عدالت سے حکم امتناعی لیا، میں وزیراعظم ہوں مجھے سوا سال سے انصاف نہیں ملا، بطور وزیراعظم کھل کر بات بھی نہیں کر سکتا۔

