کراچی یونین آف جرنلسٹس اور دیگر صحافتی تنظیموں نے سماء ٹی وی کی پنجاب حکومت کی کارکردگی سے متعلق رپورٹنگ کو بلیک میلنگ قرار دینے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے آزاد صحافت کے خلاف مہم قرار دیا ہے۔ کراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدر طاہر حسن خان،جنرل سیکرٹری سردار لیاقت کشمیری سمیت مجلس عاملہ نے پنجاب حکومت کے بعض وزراء اور حکومتی شخصیات کی جانب سے سماء ٹی وی کی صحافتی رپورٹنگ کو ثبت لینے کے بجائے بلیک میلنگ قرار دینے،سوشل میڈیا پر جاری منظم مہم چلانے اور حکومتی وسائل سے سماء کو نشانہ بنانے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔کے یو جے سے جاری بیان کے مطابق حکومت کی کارکردگی پر سوال اٹھانا، اداروں کی خامیوں کو اجاگر کرنا کرنا صحافت کا بنیادی فرض ہے، اپنی کارکردگی ٹھیک کرنے کے بجائے ایک میڈیا ادارے کو بلیک میل قرار دینا آزادی صحافت کے اصولوں کے منافی اور عوام کے جاننے کے عوامی حق پر بھی ایک سوال ہے۔کے یو جے کی جانب سے سماء ٹی وی کا پنجاب میں سرکاری اسکولوں کی ابتر صورت حال سمیت دیگر مسائل، سرما میں اسموگ کی صورت حال اور ستھرا پنجاب پروگرام کی کارکردگی سے متعلق سوالات اور پروگرام کو صحافتی فریضہ قرار دیا ہے، کے یو جے عہدیداران کے مطابق سماء کی کوریج اور سوالات عوامی مفاد اور حکومتی ذمہ داریوں سے متعلق ہیں۔ ان صحافتی اسٹوریز پر سماء کو بلیک میل قرار دینے کے بجائے حکومت کو اپنی کارکردگی سے جواب دینا چاہیے۔کے یو جے کے مطابق میڈیا، اداروں کی جانب سے نہ صرف پنجاب بلکہ دیگر صوبوں میں بھی بنیادی مسائل پر سوالات اٹھائے جاتے ہیں،لیکن دیگر حکومتوں نے کبھی بھی اس انداز صحافت کو بلیک میلنگ کے مترادف قرار نہیں دیا،سماء کی کسی رپورٹ میں غلطی یا حقائق کا کوئی پہلو تشنہ رہ گیا ہے تو حکومت متعلقہ ریکارڈ، اعدادوشمار اور زمینی حقائق کے ذریعے اس کی تردید یا وضاحت کرے، نہ کہ صحافیوں اور میڈیا اداروں کو دباؤ میں لانے کی کوشش کی جائے۔دوسری طرف کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور کے صدر نصراللہ چوہدری، سیکریٹری ریحان خان چشتی اور مجلس عاملہ نے سماء ٹی وی کی رپورٹنگ پر پنجاب حکومت کی بعض شخصیات کے ردعمل اور میڈیا ادارے کے خلاف سوشل میڈیا پر جاری مبینہ مہم کو آزادی اظہار اور صحافتی اقدار کے حوالے سے تشویشناک قرار دیا ہے۔ہفتہ کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ کسی بھی میڈیا ادارے کی جانب سے حکومتی منصوبوں، سرکاری محکموں کی کارکردگی اور عوام کو درپیش مشکلات پر سوالات اٹھانا جمہوری معاشرے کا لازمی تقاضا ہے۔ صحافت کو بلیک میلنگ سے تعبیر کرنا دراصل ان سوالات سے توجہ ہٹانے کے مترادف ہے جن کے جواب عوام حکومت سے چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سرکاری تعلیمی اداروں کی صورت حال، طلبہ کو بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی، اسموگ کے بڑھتے ہوئے مسائل اور ستھرا پنجاب منصوبے کی کارکردگی جیسے موضوعات پر میڈیا کی توجہ ایک جائز اور عوامی ضرورت ہے۔ اگر حکومت ان معاملات میں بہتری کے دعوے کرتی ہے تو اسے زمینی حقائق اور اعدادوشمار کے ذریعے اپنی کارکردگی ثابت کرنی چاہیے۔کے یو جے دستور کے عہدیداروں نے کہاکہ میڈیا کا کام حکومتی ترجیحات کے مطابق خبریں دینا نہیں بلکہ عوامی مفاد کے معاملات کو بلاخوف سامنے لانا ہے۔ کسی خبر یا رپورٹ سے اختلاف کی صورت میں حکومتی شخصیات کے پاس تردید، وضاحت اور متعلقہ حقائق پیش کرنے کے تمام جمہوری راستے موجود ہیں، تاہم کسی میڈیا ہاؤس کو متنازع بنانے یا اس کے خلاف منظم مہم چلانے کا راستہ اختیار کرنا کسی طور مناسب نہیں۔انہوں نے اس الزام پر بھی تحفظات کا اظہار کیا کہ سماء ٹی وی کے خلاف سوشل میڈیا مہم میں سرکاری وسائل یا حکومتی مشینری استعمال کی جا رہی ہے۔ اگر ایسا ہوا ہے تو یہ ایک قابلِ وضاحت معاملہ ہے، کیونکہ سرکاری وسائل کسی حکومت یا شخصیت کے ذاتی دفاع کے لیے نہیں بلکہ عوامی خدمت کے لیے ہوتے ہیں۔صدر نصراللہ چوہدری، سیکریٹری ریحان خان چشتی اور مجلس عاملہ نے کہا کہ صحافت میں اختلاف، سوال اور تنقید کو جمہوریت کا حصہ سمجھنا ہوگا۔ حکومتوں کی مضبوطی کا انحصار تنقید برداشت کرنے اور اپنی خامیوں کو دور کرنے کی صلاحیت پر ہوتا ہے، نہ کہ تنقیدی آوازوں کو دبانے پر۔کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور نے پنجاب حکومت پر زور دیا کہ وہ میڈیا کے ساتھ محاذ آرائی کی فضا پیدا کرنے سے گریز کرے، سماء ٹی وی کے خلاف مبینہ سوشل میڈیا مہم اور سرکاری وسائل کے ممکنہ استعمال کے حوالے سے حقائق سامنے لائے اور صحافیوں کو آزادانہ طور پر پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کرنے کا ماحول فراہم کرے۔ یونین نے واضح کیا کہ آزادی صحافت اور عوام کے حقِ معلومات کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔ دریں اثنا فیصل آباد الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن نے بھی میڈیا اداروں کے خلاف بلیک میلنگ کے الزامات اور کردار کشی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ایسوسی ایشن کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عوامی مسائل اجاگر کرنا، حکومتی پالیسیوں اور سرکاری اداروں کی کارکردگی سامنے لانا میڈیا کی ذمہ داری ہے۔ سرکاری اسکولوں، اسپتالوں، صفائی اور شہری سہولیات سے متعلق رپورٹنگ صحافتی ذمہ داریوں کا حصہ ہے۔اعلامیے کے مطابق میڈیا اداروں کو متنازع بنانے کی کوششیں آزاد صحافت کے لیے نقصان دہ ہیں۔ حکومتی کارکردگی پر سوال اٹھانا کسی کی مخالفت نہیں، سرکاری اداروں کو تنقید کو اصلاح کا موقع سمجھنا چاہیے اور اپنے مؤقف کے حق میں مستند حقائق، اعدادوشمار اور ریکارڈ پیش کرنا چاہیے۔ادھر جنوبی پنجاب یونین آف جرنلسٹس نے بھی سماء ٹی وی کے خلاف پنجاب حکومت کی مہم کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری وسائل استعمال کرکے کسی میڈیا ادارے کو نشانہ بنانا قابل مذمت ہے۔ حقائق پر مبنی رپورٹنگ کو بلیک میلنگ قرار دینا درست نہیں۔
اس کے ساتھ ساتھ تاجروں نے بھی پنجاب کے وزراء اور حکومتی شخصیات کی سماء کیخلاف سوشل میڈیا پر منظم پروپیگنڈا مہم کو مسترد کر دیاہے ۔صدر مرکزی تنظیم تاجران کاشف چوہدری نے سماء کیخلاف منظم مہم اور سوالات کو بلیک میلنگ قرار دینے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کی نشاندہی بلیک میلنگ نہیں،صحافیوں کی بنیادی ذمہ داری ہے،پنجاب حکومت تنقید کا جواب کارکردگی سےدے، صحافتی فریضہ کو بلیک میلنگ کا نام دینا آزادی صحافت کے اصولوں کے منافی ہے،سماء نے سرکاری اسکولوں کی خراب اور سہولیات کی عدم فراہمی پر سوالات اٹھائےہیں۔کاشف چودھری نے کہا کہ پنجاب میں گندم کی خریداری کا طریقہ کار اور آٹےکی قیمتوں پربھی بات کی گئی ہے، یہ تمام معاملات براہ راست عوامی مفاد اورحکومتی ذمہ داریوں سےمتعلق ہیں، خبروں کوبلیک میلنگ قرار دینے کے بجائے متعلقہ حکام حقائق کے ساتھ جواب دیں، عوامی مسائل پر رپورٹنگ کوبلیک میلنگ قراردینا قابلِ تشویش طرزعمل ہے، پنجاب میں اسموگ کی صورتحال اوربنیادی سہولیات پر سوالات عوامی احتساب کا حصہ ہیں۔ان کا کہناتھا کہ سماءکیخلاف مبینہ مہم میں سرکاری وسائل کےاستعمال کےالزامات سامنےآرہےہیں، سرکاری خزانے یا مشینری کو میڈیا کیخلاف استعمال کی شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں، عوام کے ٹیکس سے حاصل وسائل کسی صحافتی ادارے کونشانہ بنانے کیلئے نہیں، میڈیا کو حق ہےکہ وہ حکومتی پالیسیوں،منصوبوں اور کارکردگی کا تنقیدی جائزہ لے، صحافت کا کام حکومت کے اقدامات کی تشہیرکرنا نہیں،زمینی حقائق سامنےلاناہے، پنجاب حکومت کوچاہیےکہ وہ تنقید کو اپنی اصلاح کا ذریعہ بنائے، پنجاب حکومت صحافیوں کیخلاف مبینہ مہم کے حوالے سے اپنا موقف واضح کرے۔
134