پشاور سے 2 صحافی مبینہ طور پر لاپتہ۔۔۔ 73

پشاور سے 2 صحافی مبینہ طور پر لاپتہ۔۔۔

خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے دو صحافیوں اور ایک دفتری ملازم کو مبینہ طور پر وردی پوش افراد اپنے ساتھ لے گئے۔ اہل خانہ نے پولیس سے رجوع کرلیا، تاہم تاحال مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔ٹی این این انگلش کی رپورٹ کے مطابق لاپتا ہونے والوں میں تحصیل سروکئی پریس کلب کے صدر اور آئی ایس پی آر کے ایف ایم 96 ریڈیو کے میزبان شبیر احمد، ان کے ساتھی صحافی عرفات اللہ اور دفتری ملازم دین محمد شامل ہیں۔اہل خانہ کی جانب سے پولیس کو دی گئی درخواست کے مطابق تینوں افراد پشاور کے علاقے قیوم گارڈن میں شبیر احمد کی رہائش گاہ کے قریب ایک حجرے میں موجود تھے کہ شام تقریباً پانچ بجے دو ویگو گاڑیوں اور ایک سفید ٹویوٹا فیلڈر میں سوار وردی پوش افراد وہاں پہنچے اور تینوں کو اپنے ساتھ لے گئے۔رپورٹ کے مطابق واقعے کے بعد علاقے میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج اور ڈیجیٹل ویڈیو ریکارڈر (ڈی وی آر) بھی مبینہ طور پر لے جایا گیا۔ اہل خانہ نے پشتخرہ تھانے میں روزنامچہ رپورٹ درج کرادی ہے، تاہم ایف آئی آر کا اندراج نہیں ہوسکا۔عرفات اللہ کے بھائی نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ ماہ بھی ان کے بھائی کو مبینہ طور پر خفیہ اداروں کے اہلکار اپنے ساتھ لے گئے تھے، تاہم دو روز بعد انہیں یہ کہہ کر رہا کردیا گیا کہ انہیں غلط معلومات کی بنیاد پر حراست میں لیا گیا تھا۔پشتخرہ تھانے کے محرر حیات خان کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور پولیس اہلکار جائے وقوعہ کا معائنہ کرکے حقائق معلوم کریں گے، جس کے بعد مقدمے کے اندراج سمیت مزید قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں