وزارت قومی صحت نے خط کے ذریعے ماں کے دودھ کے تحفظ سے متعلق قوانین پر عمل درآمد کی سفارش کی تھی ۔پیمرا نے اشتہاروں پر فوری پابندی عائد کرتے ہوئے معاملہ کونسل آف کمپلینٹس کو بھجوا دیا۔۔ قبل ازیں سینیٹ قائمہ کمیٹی نے فارمولا دودھ کے اشتہارات پر 24 نومبر سے پابندی عائد کرنے کی ہدایت کر دی، خلاف ورزی پر کارروائی ہوگی۔سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے وی صحت نے فارمولا دودھ کے اشتہارات پر 24 نومبر سے پابندی عائد کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے پیمرا کو آئندہ اجلاس میں عملدرآمد سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔کمیٹی نے فارمولا دودھ کو فوڈ آئٹم کے بجائے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی (ڈریپ) کے دائرہ کار میں رکھنے اور اس کے ڈبوں پر واضح طور پر ’’انفینٹ فارمولا‘‘ درج کرنے کی بھی ہدایت کی۔کمیٹی کا اجلاس چیئرمین سینیٹر عامر ولی الدین چشتی کی زیر صدارت ہوا، جس میں چیئرپرسن پیمرا عنبرین جان نے فارمولا دودھ کے اشتہارات سے متعلق بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے اور گزشتہ سماعت پر وزارت صحت کا کوئی نمائندہ پیش نہیں ہوا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ پیمرا پارلیمنٹ کی جانب سے دی گئی ہدایات پر عملدرآمد کرے گا، جبکہ وزارت صحت کی جانب سے بھجوایا گیا اشتہار پیمرا نے نشر کیا تھا۔چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ فارمولا دودھ کا معاملہ چند مفاد پرست کاروباری افراد سے جڑا ہے اور اس حوالے سے مختلف اداروں پر دباؤ موجود ہے، تاہم وہ عوام اور کمیٹی ارکان کو جواب دہ ہیں اور کسی دباؤ کو خاطر میں نہیں لائیں گے۔انہوں نے واضح کیا کہ فارمولا دودھ کوئی عام غذائی شے نہیں، اس لیے اسے فوڈ اتھارٹی کے دائرہ کار میں دینے کے بجائے ڈریپ کے ماتحت رکھا جائے۔ کمپنیوں کو بھی پابند کیا جائے کہ وہ ڈبوں پر دودھ کے بجائے ’’انفینٹ فارمولا‘‘ لکھیں۔
70
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل