psl geo super or geo news aik pitch par

جیوپر احساس رمضان۔۔

تحریر: محمد ناصر

”جیوٹیلی ویژن “ اس برس بھی ماہ صیام کی سب سے منفرد اور تاریخی نشریات پیش کرنے کی سعادت حاصل کرنے جارہا ہے جہاں انتہائی خوبصورت سیٹ پر مقبول و معروف میزبان کی سرپرستی میں جدت اور روایت کا حسین امتزاج نظر آئے گا۔ چند روز قبل ”جیو ٹی وی“ نے رمضان المبارک کی مناسبت سے پاکستان کی سب سے بڑی نشریات ”احساس رمضان“ کے نام سے پیش کرنے کا اعلان کیا۔ سحر و افطار کی بابرکت ساعتوں میں سجنے والی محفل کی پہلی جھلک نشر کی گئی تو عوام کے تجسس اور جوش میں کئی گنا اضافہ ہوگیا۔ اب پاکستان کی سب سے بڑی نشریات کے میزبان کا اعلان بھی کردیا گیا ہے۔ یکم رمضان سے چاند رات تک جاری رہنے والی خصوصی نشریات کی سحر و افطار کی میزبانی پاکستان کی باصلاحیت، ذہین اور مقبول نیوز اینکر اور رابعہ انعم کریں گی۔ جیو نیوز کے سیٹ پر خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ”احساس رمضان“ کی میزبان نے اپنی ٹرانسمیشن کی بریکنگ نیوز سنائی۔ اُن کا کہنا تھا کہ پانچ برس تک میں لوگوں کو نیوز روم میں بیٹھ کر خبریں سناتی رہی ، اب اوپر والے کا کرم ہے کہ اُس نے مجھے دوسری سیٹ پر بٹھا دیا ہے جہاں میں لوگوں کو نیکیوں کی دعوت دے رہی ہوں۔ رابعہ انعم نے مزید کہا کہ نیک مقصد اور دوسروں کی دُعائیں لینے کیلئے اس برس بھی اس نشریات کا حصہ بنی ہوں۔ ”احساس رمضان“ بہت سادہ اور پر اثر نام ہے جو خود اپنا آپ بیان کررہا ہے۔ جیو ٹی وی کی اس نشریات سے اگر ایک شخص بھی خدا اور اُس کے بندوں سے قریب ہوگیا یا اُس کی زندگی بدل گئی تو یہ ہماری خوش قسمتی ہوگی۔ ہمارے اندر سب سے بڑی خرابی یہ ہے کہ ہم نے اپنے رب کا شکر ادا کرنا چھوڑ دیا ہے، ہم ہمیشہ اپنے سے اوپر والوں کو دیکھتے ہیں، نیچے والوں کو نہیں ، ہم اپنے سے کم تر کو حقیر سمجھنے لگے ہیں اور دوسروں کیلئے ”احساس“ ختم ہوگیا ہے۔ اُسی احساس کو ہم اپنی نشریات سے جگانا چاہتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ہم تو صرف ایک ماہ بھوک اور پیاس برداشت کرتے ہیں لیکن ہمارے درمیان کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جو پورے سال بھوکے اور پیاسے رہتے ہیں، ہمیں اپنے دِل میں اُن لوگوں کا ”احساس“ جگانا ہے۔ رابعہ انعم کا کہنا تھا کہ رمضان میرے لئے مقابلے کا نہیں سیکھنے کا مہینہ ہے۔ دیگر چینل پر جتنے بھی لوگ یہ نشریات کررہے ہیں سب کیلئے دُعا گو ہوں۔ گذشتہ برس کی ٹرانسمیشن سے بہت کچھ سیکھا، میری دینی معلومات میں اضافہ ہوا زندگی ہی تبدیل ہوگئی۔ جب سے رمضان نشریات کا حصہ بنی ہوں، معلومات اور احادیث کا خزانہ اکھٹا کرنا شروع کردیا ہے۔ اس برس سحر و افطار نشریات کی مکمل ٹرانسمیشن کا اعزاز حاصل کرلیا ہے، ہم رمضان کے تقدس کو بحال رکھیں گے۔ اس کے علاوہ تحائف اُچھال کر نہیں دینے چاہئیں، تحفہ عزت کی چیز ہے جو احترام سے دینا چاہئے، رمضان نشریات میں بہت بڑے انعامات ہیں جو صرف ہنر ، قابلیت اور اُن کی صلاحیت پر عزت و احترام سے دیئے جائیں گے۔ واضح رہے رمضان المبارک کیلئے جاری کئے گئے پرومو میں ”جیونیوز“ کی پوری ٹیم دکھائی گئی ہے جو کہیں نہ کہیں اس نشریات کا حصہ ہوگی ۔ معروف کوکنگ ایکسپرٹ ناہید انصاری بھی اس نشریات کو اپنے لذیز کھانوں سے چار چاند لگانے کو تیار ہیں جو کوکنگ سیگمنٹ کی میزبانی کرتی نظر آئیں گی۔ نامور علماءاور دانشورو ں کے لیکچرز بھی دکھائے جائیں گے جن میں تزکیہ نفس اور روزے کی اہمیت و برکات کے حوالے سے خصوصی روشنی ڈالی جائے گی ۔ روح پرور ساعتوں کا لطف دوبالا کرنے کیلئے اس بابرکت نشریات میں سب کیلئے سب کچھ موجود ہے۔ ”احساس رمضان“ نشریات میں سحر و افطار کیلئے بہت پُر اثر اور منفرد سیگمنٹس رکھے گئے ہیں۔ جہاں ایک طرف تلاوت کلام پاک، نعتیہ کلام اور علماءکرام کی محفل بھی سجے گی وہیں درس و تدریس ہوگی اور اہم وظائف بھی پیش کئے جائینگے جو عوام دیکھنا اور سننا چاہتے ہیں۔ اسکے علاوہ مکا فا ت ، ریاست مدینہ اور بچوں کی تربیت کیلئے انتہائی دلچسپ سیگمنٹس ہیں جو کئی ماہ کی تیاری کے بعد ترتیب دیئے گئے ہیں۔ رابعہ انعم نے ناظرین کو پیغام دیا کہ اس بار نشریات بہت مختلف ہوگی ۔ گذشتہ برس ہم نے بچوں کو موبائل اور ٹیبلٹس سے دور کرنے کیلئے اپنی نشریات میں بچوں کی کہانیوں کا ایک خصوصی سیگمنٹ تیار کیا تھا اور اس بار ہم اُسے ایک نئی سطح پر لے کر جارہے ہیں تاکہ تمام بچے خوبصورت انداز میں دینی معلومات بھی حاصل کرسکیں۔ ”احساس رمضان“ کے کلام پر گفتگو کرتے ہوئے رابعہ انعم کا کہنا تھا کہ جیو ہمیشہ ہی رمضان نشریات کا ایک سے بڑھ کر ایک کلام سامنے لایا ہے لیکن میں نے جیو کی تاریخ میں ”احساس رمضان“ سے بہترین کلام نہیں سنا۔ ”راحت فتح علی خان“ نے اس کلام کو پڑھا ہے، اس کی کمپوزیشن بھی کی اور صالح صاحب نے اِسے بہت خوبصورتی سے لکھا ہے۔ آج اس کلام کی گونج ہر جانب سنائی دے رہی ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان کی سب سے بڑی ”احساس رمضان“ نشریات آغاز دوپہر ایک بجے سے ہوگا جبکہ افطار ٹرانسمیشن دوپہر دو بجے سے براہ راست نشر کی جائے گی۔(محمدناصر)۔۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں