وفاقی وزرا کا انفارمیشن پالیسی میں تبدیلی کا مطالبہ۔۔۔ 20

وفاقی وزرا کا انفارمیشن پالیسی میں تبدیلی کا مطالبہ۔۔۔

وفاقی وزراء نے فیک نیوز کے خاتمے کےلیے انفارمیشن پالیسی لانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے جعلی خبروں کو بڑا خطرہ قرار دیا۔سوشل میڈیا کانفرنس سے خطاب میں اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ایک مس انفارمیشن سے کسی کے ساتھ کیا کچھ ہو سکتا ہے، یہ دیکھنا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ 2021ء میں واٹس ایپ گروپ پر میرے 320 ارب اثاثوں کی غلط خبر چلی، اگلے دن تردید ہوئی لیکن تب تک خبر پھیل چکی تھی۔وفاقی وزیر قانون نے مزید کہا کہ یورپ میں آزادی اظہار رائے کی آزادی کہیں زیادہ ہے لیکن وہاں بھی سخت حدود مقرر ہیں۔وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر غلط اور جھوٹی خبریں پھیلانے کا چیلنج سنگین ہوتا جا رہا ہے، ایک فیک نیوز چند سیکنڈ میں دنیا بھر میں پھیل سکتی ہے۔ اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تیزی سے تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں اور ان کے ساتھ نئے چیلنجز بھی سامنے آ رہے ہیں۔ دانستہ یا نادانستہ غلط اور جھوٹی معلومات کا پھیلاؤ ایک سنگین مسئلہ ہے، جس سے نمٹنے کے لیے قانون سازی اور مؤثر ریگولیشن کے ساتھ اجتماعی رویوں میں تبدیلی بھی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی اظہار کی آڑ میں کسی کی عزت، وقار اور ساکھ کو نقصان نہیں پہنچایا جا سکتا۔ آزادی اظہار اور دوسروں کے بنیادی حقوق کے درمیان توازن برقرار رکھنا ضروری ہے۔ آئین کے آرٹیکل 4 اور 19 میں بیان کردہ حقوق پاکستان کی سرزمین پر موجود ہر شخص کو حاصل ہیں، جبکہ آئین ہر فرد کے وقار اور نجی زندگی کے احترام کا بھی تقاضا کرتا ہے۔ وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ ماضی میں معلومات کی اشاعت کے مختلف مراحل پر چیک اینڈ بیلنس موجود تھے، تاہم سوشل میڈیا نے روایتی ضابطوں کو نئے چیلنج سے دوچار کر دیا ہے۔ صحافتی دنیا میں بریکنگ نیوز کی دوڑ بھی جاری رہتی ہے، اس لیے خبر کی تصدیق اور ذمہ دارانہ رپورٹنگ کی اہمیت پہلے سے بڑھ گئی ہے۔ اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ہر شہری کی ذمہ داری ہے کہ کسی بھی خبر کو آگے شیئر کرنے سے پہلے اس کی صداقت کی تصدیق کرے۔ ڈس انفارمیشن کی روک تھام کے لیے آزادی اظہار اور غلط معلومات کے درمیان واضح فرق سمجھنا ضروری ہے، جبکہ ڈیجیٹل دنیا میں آزادی اظہار کے تحفظ کے ساتھ ذمہ داری اور جواب دہی کا توازن بھی برقرار رکھنا ہوگا۔عطا تارڑ نے سوشل میڈیا کو ریگولیٹ کرنے کےلیے فورم سے ڈیکلریشن لانے کی دعوت دی اور کہا کہ ڈیکلریشن کے ذریعے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو ملکی قوانین کے ہم آہنگ کرنے پر آمادہ کرنا چاہیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں