69

سینئر صحافی کے گھر پر حملہ، بیٹے سمیت اہل خانہ زخمی، ایک ملزم گرفتار۔۔۔۔

خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں سینئر صحافی سعید گل المعروف مصور قریشی کے گھر پر مسلح افراد کے حملے میں ان کے بیٹے سمیت خاندان کے متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا، جبکہ دیگر چار نامزد ملزمان کی تلاش جاری ہے۔روزنامہ دی پروونس اور جرنلزم پاکستان کی رپورٹس کے مطابق روزنامہ وحدت سے وابستہ سینئر صحافی سعید گل کے گھر پر حملے کے دوران ان کے بیٹے امان سعید کو چاقو کے متعدد وار کرکے شدید زخمی کردیا گیا۔ امان سعید کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا آپریشن کیا گیا، تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق ان کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ حملے میں سعید گل، ان کے بھتیجے بلال اور ایک اور رشتہ دار فردوس بھی زخمی ہوئے۔واقعے کے بعد متاثرہ خاندان کی درخواست پر پولیس نے مقدمہ درج کرکے ایک مشتبہ ملزم کو گرفتار کرلیا، جبکہ مقدمے میں نامزد مزید چار افراد کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔سینئر صحافی سعید گل نے کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) پشاور اور دیگر اعلیٰ پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ حملے میں ملوث تمام ملزمان کو فوری گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور ان کے خاندان کو تحفظ فراہم کیا جائے۔دوسری جانب گورنر خیبرپختونخوا کی مشیر ثمر ہارون بلور نے 23 نومبر کو واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے متاثرہ خاندان سے اظہارِ یکجہتی کیا۔ انہوں نے پولیس حکام سے ملزمان کی فوری گرفتاری، ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی اور زخمی امان سعید کو بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔تاحال حملے کے محرکات واضح نہیں ہوسکے اور نہ ہی اس واقعے کا سعید گل کی صحافتی سرگرمیوں سے کوئی تعلق ثابت ہوا ہے۔ واقعے کے بعد پشاور کی صحافتی برادری میں صحافیوں اور ان کے اہل خانہ کے تحفظ سے متعلق تشویش پائی جاتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں