گستاخانہ مواد کی تشہیر میں ملوث ملزمان کے خلاف درج مقدمات کے متعلق گمراہ کن پروگرامات نشر کرنے پر دو نجی ٹی وی چینلز (جیو نیوز اور ڈان نیوز) کے خلاف قانون کے مطابق سخت کاروائی کے لئے دائر اپیل پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے پیمرا،کونسل آف کمپلینٹس اور مذکورہ دونوں نجی ٹی وی چینلز کو نوٹس جاری کر دیئے۔دوران سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ نے قرار دیا ہے کہ کونسل آف کمپلینٹس کی سفارش پر پیمرا کی جانب سے مذکورہ دونوں ٹی وی چینلز کی سرزنش کا مطلب یہ ہے کہ پیمرا نے مذکورہ دونوں ٹی وی چینلز کو مجرم قرار دے دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق مقدس ہستیوں اور شعائر اسلام بالخصوص حضور ﷺ کی توہین پر مبنی بدترین گستاخانہ مواد کی تشہیر میں ملوث ملزمان کے خلاف درج مقدمات کے متعلق گمراہ کن پروگرامات نشر کرنے پر کونسل آف کمپلینٹس کی سفارش پر پیمرا کی جانب سے مذکورہ دو نجی ٹی وی چینلز (جیو نیوز اور ڈان نیوز) کی صرف سرزنش پر اکتفاء کرنے کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر چار اپیلوں کی سماعت (پیر کو) ہوئی۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے فاضل جسٹس خادم حسین سومرو نے جنرل سیکریٹری تحریک تحفظ ناموس رسالتؐ پاکستان حافظ احتشام احمد کی جانب سے دائر مذکورہ اپیلوں کی سماعت کی۔دوران سماعت اپیل کنندہ نے ذاتی طور پر دلائل پیش کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ"مذکورہ ٹی وی چینلز نے اپنے پروگرامات میں اسپیشل برانچ پولیس پنجاب کی ایک ثابت شدہ بے بنیاد سورس انفارمیشن رپورٹ کی بنیاد پر گستاخانہ مواد کی تشہیر میں ملوث ملزمان کے خلاف درج مقدمات،ان مقدمات میں جاری قانونی کاروائی کے عمل اور مذکورہ قانونی کاروائی کے عمل کا حصہ متعلقہ ادارے اور افراد کو متنازع بناکر مذکورہ زیر سماعت و زیر تفتیش مقدمات پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی ہے۔اسپیشل برانچ پولیس پنجاب کی جس سورس انفارمیشن رپورٹ کی بنیاد پر مذکورہ ٹی وی چینلز نے مذکورہ مقدمات کے متعلق پراپیگنڈہ کیا،وہ رپورٹ نہ صرف یہ کہ ایف آئی اے کی فیکٹ فائنڈنگ انکوائری میں بے بنیاد قرار پا چکی ہے بلکہ ڈی آئی جی اسپیشل برانچ پولیس پنجاب بھی لاہور ہائیکورٹ کے روبرو یہ بیان دے چکے ہیں کہ مذکورہ سورس انفارمیشن رپورٹ نہ صرف یہ کہ غیر مصدقہ ہے بلکہ مذکورہ رپورٹ کی تائید میں اسپیشل برانچ کے پاس کوئی ثبوت بھی موجود نہیں ہے"۔اپیل کنندہ نے اپنے دلائل میں مزید کہا کہ"مذکورہ دونوں ٹی وی چینلز اس حقیقت سے بخوبی واقف تھے کہ اسپیشل برانچ کی مذکورہ سورس انفارمیشن رپورٹ بے بنیاد قرار پاچکی ہے۔اس کے باوجود بھی انہوں نے صرف اسپیشل برانچ پولیس پنجاب کی رپورٹ کو مذکورہ پروگرام کے ذریعے ہائی لائٹ کیا۔جس کا مقصد مذکورہ زیر سماعت مقدمات کو متنازع بنانا اور ان مقدمات میں جاری قانونی کاروائی کے عمل پر اثرانداز ہونا تھا"۔انہوں نے اپنے دلائل میں مزید کہا کہ"مذکورہ ٹی وی چینلز کی جانب سے نشر کئے گئے پروگرامات کے خلاف میں نے کونسل آف کمپلینٹس میں درخواست دائر کی۔میری درخواست پر کونسل آف کمپلینٹس نے مذکورہ ٹی وی چینلز کے پروگرامات کو پیمرا کے ضابطہ اخلاق کی شق 4(10) اور شق 22 کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے مذکورہ ٹی وی چینلز کی سرزنش کرنے اور اسے مستقل میں زیر سماعت و زیر تفتیش مقدمات کے متعلق محتاط رہنے اور پیمرا کے قوانین و ضابطہ اخلاق کی سختی سے پاسداری کرنے کا انتباہ جاری کرنے کی سفارش کی۔کونسل آف کمپلینٹس کی مذکورہ سفارشات کی روشنی میں پیمرا نے فیصلہ جاری کیا"۔اپیل کنندہ نے اپنے دلائل میں مزید یہ بھی کہا کہ"کونسل آف کمپلینٹس پیمرا نے میری بنیادی شکایت اور بنیادی قانونی اعتراضات پر کوئی فیصلہ نہیں کیا۔مذکورہ ٹی وی چینلز کو ضابطہ اخلاق کی صرف مذکورہ دو شقوں کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیتے ہوئے مذکورہ ٹی وی چینلز کی صرف سرزنش کرنا قانون کے خلاف ہے۔مذکورہ ٹی وی چینلز کے مذکورہ پروگرامات کی وجہ سے مذکورہ حساس ترین مقدمات کے متعلق عوام میں منفی رائے قائم ہوئی۔کیا اس کی سزاء صرف سرزنش ہو سکتی ہے".اس موقع پر فاضل جسٹس خادم حسین سومرو نے اپیل کنندہ سے استفسار کیا کہ"پیمرا کی جانب سے مذکورہ ٹی وی چینلز کی سرزنش کرنے کا مطلب تو یہ ہے کہ پیمرا نے مذکورہ ٹی وی چینلز کو مجرم قرار دے دیا۔اب آپ کیا چاہتے ہیں"۔اس پر اپیل کنندہ نے جواب دیا کہ"پیمرا کی جانب سے مذکورہ گمراہ کن پروگرامات پر صرف سرزنش کرنا کافی نہیں۔سپریم کورٹ کے فیصلے اور قانون کے مطابق مذکورہ ٹی وی چینلز کے خلاف سخت کاروائی ہونی چاہئیے۔اس حوالے سے میں فاضل عدالت کے روبرو اپنی گزارشات پیش کروں گا"۔اس پر فاضل جسٹس خادم حسین سومرو نے اپیل کنندہ سے مزید استفسار کیا کہ"کیا مذکورہ ٹی وی چینلز نے پیمرا کے فیصلے کے خلاف کوئی اپیل دائر کی ہے".جس کے جواب میں اپیل کنندہ نے کہا کہ میری معلومات کے مطابق مذکورہ ٹی وی چینلز نے کوئی اپیل دائر نہیں کی"۔بعدازاں فاضل عدالت نے اپیل کنندہ کے ابتدائی دلائل سننے کے بعد پیمرا،کونسل آف کمپلینٹس اور مذکورہ دونوں ٹی وی چینلز کو مذکورہ اپیلوں پر نوٹس جاری کرتے ہوئے مزید سماعت ملتوی کر دی۔
64
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل