کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا بلاک 18 میں دن دیہاڑے چوری کی واردات کے دوران نامعلوم ملزمان سینئر صحافی ملک منور حسین کی ڈبل کیبن گاڑی سے قیمتی سامان چوری کرکے فرار ہوگئے۔ واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی ہے۔تفصیلات کے مطابق واقعہ ڈسٹرکٹ سینٹرل کے تھانہ سمن آباد کی حدود میں پیش آیا، جہاں دو موٹر سائیکلوں پر سوار تین ملزمان نے واردات سے قبل پوری گلی کی ریکی کی۔ ملزمان نے صبح تقریباً ساڑھے چھ بجے ڈبل کیبن گاڑی کو نشانہ بنایا۔سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک ملزم گاڑی کا شیشہ توڑ کر اندر داخل ہوتا ہے اور اطمینان کے ساتھ گاڑی کا پینل سمیت دیگر قیمتی سامان کھول کر نکالتا ہے، جبکہ دیگر ملزمان بھی کارروائی میں معاونت کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ واردات کے بعد تینوں ملزمان باآسانی موقع سے فرار ہوگئے۔واقعے کی فوٹیج سامنے آنے کے باوجود علاقے میں شہریوں کی گاڑیوں اور املاک کے تحفظ کے حوالے سے تشویش پائی جاتی ہے۔ شہریوں نے پولیس کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی شناخت کرکے انہیں فوری گرفتار کیا جائے اور چوری شدہ سامان برآمد کیا جائے۔ دریں اثنا اینکرز کلب کے صدر اختر شاہین رند، سینئر نائب صدر صدیق سرور، جنرل سیکریٹری علی ناصر، جوائنٹ سیکریٹریز محمد علی سومرو، ناجیہ میر، خزانچی شرجیل ارشد، انفارمیشن سیکریٹری ماہین انجم، آفس سیکریٹری امجد چوہدری، سوشل میڈیا سیکریٹری انجینئر امتیاز لغاری اور ایگزیکٹو کمیٹی کے تمام اراکین نے اپنے مشترکہ مذمتی بیان میں ملک۔منور حسین کے ساتھ افسوس کرتے ہوئے اظہار یکجہتی کیا۔ صدر اینکرز کلب اختر شاہین رند اور دیگر عہدیداران نے کہا کہ ملک منور حسین صحافت کے شعبے میں ایک معتبر نام اور منفرد پہچان رکھتے ہیں، ان کے ساتھ پیش آنے والی یہ واردات نہ صرف انتہائی افسوسناک ہے بلکہ شہر میں امن و امان کی صورتحال پر بھی کئی سنگین سوالات اٹھاتی ہے۔ اینکرز کلب عہدیداران نے کہا کہ یہ ایک لمحۂ فکریہ ہے کہ اگر صحافی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد بھی اس طرح کی وارداتوں سے محفوظ نہیں ہیں تو عام شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کا کیا عالم ہوگا۔ عہدیداران نے آئی جی سندھ پولیس جاوید عالم اوڈھو، ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان اور متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے پُرزور مطالبہ کیا ہے کہ اس واقعے کی شفاف اور مکمل تحقیقات کرکے حقائق منظرِ عام پر لائے جائیں اور واردات میں ملوث تمام عناصر کو فوری گرفتار کرکے قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جائے۔ اعلامیے میں مزید مطالبہ کیا گیا ہے کہ چوری ہونے والے سامان کی جلد از جلد برآمدگی یقینی بنائی جائے اور ملک منور حسین کو پہنچنے والے نقصان کے ازالے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے۔ عہدیداران نے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ اینکرز کلب اور پوری صحافی برادری ملک منور حسین کے ساتھ کھڑی ہے، کیونکہ صحافیوں کا تحفظ، شہریوں کا تحفظ اور قانون کی بالادستی ایک پُرامن معاشرے کی بنیادی ضرورت ہے۔
83
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل