ایک نیوز میں تین ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے اثرات اب ادارے کے آپریشنل معاملات پر بھی پڑنے لگے، مالی مسائل کے باعث نیوز آپریشنز متاثر، پانچ بجے کا بلیٹن بھی نشر نہ ہو سکا۔ذرائع کے مطابق پانچ بجے کے نیوز بلیٹن کے دوران تکنیکی نظام بیٹھ جانے کے باعث پورے ایک گھنٹے تک معمول کا نیوز بلیٹن نشر نہ ہو سکا اور اس دوران صرف اشتہارات چلتے رہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ضروری تکنیکی انتظامات اور بعض اہم وسائل کی عدم دستیابی کے باعث یہ صورتحال پیدا ہوئی۔ذرائع کے مطابق معاملہ سامنے آنے پر ایم ڈی صاحب نے فوری طور پر تکنیکی معاملات کی بحالی کے لیے فنڈز جاری کروائے، تاہم دوسری جانب تین ماہ سے تنخواہوں کے منتظر ملازمین تاحال ادائیگی کے انتظار میں ہیں۔ملازمین کو بدھ کے روزبتایا گیا کہ پچاس ہزار روپے تک کی ادائیگیاں رواں ہفتے کلیئر کر دی جائیں گی، جبکہ باقی واجبات کے حوالے سے آئندہ ہفتے دیکھا جائے گا۔واضح رہے کہ ملازمین اگست، ستمبر اور اکتوبر کی تنخواہوں سے محروم ہیں، جبکہ نومبر کا مہینہ بھی اختتام کی جانب بڑھ رہا ہے۔ تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے باعث ملازمین کو گھریلو اخراجات، یوٹیلیٹی بلز اور دیگر ضروریات پوری کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ملازمین کا کہنا ہے کہ ادارے کے آپریشنل معاملات متاثر ہونے پر فوری فنڈز کی فراہمی ممکن ہے تو ملازمین کی کئی ماہ سے رکی ہوئی تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر کیوں کی جا رہی ہے؟ملازمین نے اعلیٰ انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ واجب الادا تنخواہیں فوری ادا کی جائیں اور آئندہ تنخواہوں کی بروقت ادائیگی یقینی بنائی جائے۔
266
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل