سما کے خلاف پراپیگنڈا مہم پر اسلام آباد،کراچی پریس کلب کا اظہار تشویش۔۔۔۔ 83

سما کے خلاف پراپیگنڈا مہم پر اسلام آباد،کراچی پریس کلب کا اظہار تشویش۔۔۔۔

پنجاب کے وزراء اور حکومتی شخصیات کی جانب سے سماء ٹی وی کے خلاف سوشل میڈیا پر مبینہ منظم پروپیگنڈا مہم پر نیشنل پریس کلب نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔نیشنل پریس کلب کے صدر اور سیکریٹری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عوامی مسائل کی نشاندہی اور حکام سے سوالات کرنا صحافت کی بنیادی ذمہ داری ہے، صحافتی سوالات اور عوامی مسائل کی نشاندہی کو مثبت انداز میں لیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ سماء ملک کا معتبر صحافتی ادارہ ہے جو عوامی اہمیت کے حامل معاملات کو اجاگر کرتا ہے۔ پنجاب حکومت کو تنقید اور سوالات کا جواب عملی اقدامات کے ذریعے دینا چاہیے، کسی میڈیا ہاؤس کی رپورٹنگ کے جواب میں اسے تنقید کا نشانہ بنانا مناسب طرزِ عمل نہیں۔نیشنل پریس کلب کے عہدیداروں کے مطابق تعلیم، صحت، صفائی، اسموگ اور شہری سہولیات جیسے معاملات پر میڈیا کی توجہ دلانا تعمیری صحافت ہے۔صدر عبدالرزاق سیال اور سیکریٹری فرقان راؤ نے امید ظاہر کی کہ پنجاب حکومت عوامی مسائل کی نشاندہی کو مثبت انداز میں لے گی اور میڈیا کے سوالات کا جواب بہتری کے اقدامات سے دے گی۔ دریں اثنا کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی، سیکریٹری اسلم خان اور مجلس عاملہ نے پنجاب حکومت کے بعض وزراء اور حکومتی شخصیات کی جانب سے سماء ٹی وی کی صحافتی رپورٹنگ کو بلیک میلنگ قرار دینے، اس کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلانے اور مبینہ طور پر سرکاری وسائل استعمال کرکے ایک میڈیا ادارے کو نشانہ بنانے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔کراچی پریس کلب سے جاری بیان میں پریس کلب کے عہدیداروں نے کہاکہ کسی بھی حکومت کی کارکردگی پر سوال اٹھانا، سرکاری اداروں کی خامیوں کی نشاندہی کرنا اور عوام کو درپیش مسائل اجاگر کرنا صحافت کا بنیادی فریضہ ہے۔ اسے بلیک میلنگ کا نام دینا نہ صرف آزادی صحافت کے اصولوں کے منافی ہے بلکہ عوام کے جاننے کے حق پر بھی سوالیہ نشان ہے۔انہوں نے کہا کہ سماء ٹی وی کی جانب سے پنجاب میں سرکاری اسکولوں کی ابتر صورت حال، طلبہ کو بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی، اسکولوں میں واش رومز، صاف پینے کے پانی اور فرنیچر کی کمی، اسموگ کی سنگین صورت حال اور ستھرا پنجاب پروگرام کی کارکردگی سے متعلق سوالات اٹھائے گئے۔ یہ تمام معاملات براہِ راست عوامی مفاد اور حکومتی ذمہ داریوں سے متعلق ہیں۔ ان صحافتی اسٹوریز کو بلیک میلنگ قرار دینے کے بجائے متعلقہ حکام کو حقائق اور اعدادوشمار کے ساتھ جواب دینا چاہیے۔کراچی پریس کلب کے عہدیداروں نے کہا کہ سرکاری اسکولوں کی حالتِ زار یا صفائی کے سرکاری منصوبوں کی کارکردگی پر سوال صرف پنجاب تک محدود نہیں۔ سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان سمیت ملک کے مختلف حصوں میں بھی میڈیا نے سرکاری اسکولوں کی بنیادی سہولیات، تعلیم، صحت، صفائی اور شہری مسائل پر مسلسل رپورٹنگ کی ہے۔ سماء ٹی وی سمیت دیگر میڈیا اداروں نے بھی مختلف اوقات میں ان قومی اور عوامی مسائل کو اجاگر کیا ہے۔ کسی ایک صوبے میں ان موضوعات پر رپورٹنگ کو بلیک میلنگ قرار دینا اور میڈیا ادارے کو ہدف بنانا قابلِ تشویش طرزِ عمل ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب میں اسموگ کی صورت حال، ستھرا پنجاب پروگرام کی عملی کارکردگی اور سرکاری اسکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی سے متعلق سوالات عوامی احتساب کا حصہ ہیں۔ اگر کسی رپورٹ میں غلطی یا حقائق کا کوئی پہلو تشنہ رہ گیا ہے تو حکومت متعلقہ ریکارڈ، اعدادوشمار اور زمینی حقائق کے ذریعے اس کی تردید یا وضاحت کرے، نہ کہ صحافیوں اور میڈیا اداروں کو دباؤ میں لانے کی کوشش کی جائے۔کراچی پریس کلب کے صدر، سیکریٹری اور مجلس عاملہ نے اس امر پر بھی تشویش ظاہر کی کہ ایک میڈیا ادارے کے خلاف سوشل میڈیا پر چلائی جانے والی مبینہ مہم میں سرکاری وسائل کے استعمال کے الزامات سامنے آ رہے ہیں۔ اگر سرکاری خزانے یا سرکاری مشینری کو کسی میڈیا ادارے کے خلاف تشہیری مہم کے لیے استعمال کیا گیا ہے تو اس کی شفاف وضاحت اور تحقیقات ہونی چاہئیں۔ عوام کے ٹیکس سے حاصل ہونے والے وسائل عوامی فلاح اور بنیادی مسائل کے حل کے لیے ہیں، کسی صحافتی ادارے کو نشانہ بنانے کے لیے نہیں۔کراچی پریس کلب کے عہدیداران نے کہا کہ سماء ٹی وی سمیت ہر میڈیا ادارے کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ حکومتی پالیسیوں، منصوبوں اور کارکردگی کا تنقیدی جائزہ لے اور عوامی مسائل کو سامنے لائے۔ صحافت کا کام حکومتی دعووں کی تشہیر کرنا نہیں بلکہ دعووں اور زمینی حقائق کے درمیان فرق کو عوام کے سامنے رکھنا بھی ہے۔ حکومتوں کو چاہیے کہ وہ تنقید کو اپنی اصلاح کا ذریعہ بنائیں، نہ کہ اسے اپنی مخالفت یا بلیک میلنگ کا عنوان دے کر میڈیا کو متنازع بنانے کی کوشش کریں۔کراچی پریس کلب نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا کہ سماء ٹی وی کے خلاف سوشل میڈیا پر جاری مبینہ مہم کے حوالے سے اپنا مؤقف واضح کرے، سرکاری وسائل کے استعمال سے متعلق الزامات کی شفاف تحقیقات کرائے اور صحافتی اداروں کو دباؤ میں لانے کے بجائے آزادیٔ صحافت، اختلافِ رائے اور تنقیدی صحافت کے آئینی و جمہوری حق کا احترام یقینی بنائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں