تحریر: ثقلین امام۔۔۔۔
اسلام آباد کی جرنلسٹ کمیونیٹی کے لیے 92 نیوز کی اینکر پرسن اور پروگرام کی کوہوسٹ ربیعہ احسن کی موت ایک انتہائی افسوس ناک واقعہ ہے۔ ان کی موت جن حالات میں ہوئی، وہ کئی سنجیدہ سوالات اٹھاتی ہے۔ ان سوالات کے جواب صرف پولیس کے ابتدائی بیانات، خاندان کے مؤقف یا سوشل میڈیا پر ہونے والی بحث سے نہیں مل سکتے۔ اس کے لیے ایک proper, independent investigation کی ضرورت ہے۔
عامر متین کے پروگراموں میں مبصر کی حیثیت سے شرکت کے دوران کئی مرتبہ ربیعہ احسن سے بھی بات چیت کا موقع ملا۔ وہ بہت decent انداز میں پروگرام کو آگے بڑھاتی تھیں۔ مہمانوں کے ساتھ ان کا رویہ بھی بڑا مہذب ہوتا تھا اور وہ ایک professional anchor کے طور پر اپنا ٹاک شو موضوع کے کے مطابق اینکرڈ رکھتی تھیں۔
ان کی موت کی خبر اس لیے بھی زیادہ تکلیف دہ ہے کہ اطلاعات کے مطابق وہ اپنا پروگرام کرکے گھر واپس گئی تھیں۔ اپنی ہی چار دیواری میں، اپنے ہی گھر کے بیڈ روم میں انہیں گولی لگی اور ان کی موت ہوگئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ربیعہ احسن 8 نومبر کو راولپنڈی کے علاقے گلشن آباد، اڈیالہ روڈ پر اپنے گھر میں گولی لگنے سے شدید زخمی ہوئیں۔ انہیں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی موت ہوگئی۔ پولیس نے ان کے شوہر احسن طاہر کو حراست میں لیا اور جائے وقوعہ سے 30 بور کا پستول برآمد کیا۔ اور اُن کو اگلے ہی دن یعنی 9 نومبر کو دفنا دیا گیا۔
ان کے بھائی خرم احمد کی مدعیت میں تھانہ صدر بیرونی میں مقدمہ درج کیا گیا، جس میں پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 302، یعنی قتلِ عمد، شامل کی گئی۔ ایف آئی آر میں بھائی نے الزام لگایا کہ ان کی بہن کو ان کے شوہر نے گولی ماری۔ دوسری طرف پولیس کے ابتدائی بیان کے مطابق گھر میں موجود ایک ملازم نے بتایا کہ شوہر کا کہنا تھا کہ گولی حادثاتی طور پر چلی۔
یہاں دو مختلف versions سامنے آتے ہیں۔ ایک مقتولہ کے بھائی کا الزام اور دوسرا ملزم سے منسوب مؤقف۔ ابھی ان میں سے کسی کو بھی established fact نہیں کہا جا سکتا۔ اس کا فیصلہ evidence اور عدالت نے کرنا ہے۔
اس واقعے میں پوسٹ مارٹم بھی ابتدائی نوعیت کا ہوا ہے۔ ابتدائی میڈیکل رپورٹ میں گردن کے نچلے حصے میں سامنے کی جانب گولی لگنے کا ذکر ہے۔ ایف آئی آر میں جسم کے اگلے اور پچھلے حصے پر زخموں کا بھی حوالہ موجود ہے۔ پولیس کے مطابق پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کی ٹیم نے جائے وقوعہ سے شواہد بھی اکٹھے کیے ہیں۔
لیکن ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ اور مکمل forensic report ایک چیز نہیں ہیں۔ اصل سوال یہ ہے کہ گولی کس سمت سے چلی، فائرنگ کے وقت پستول کس کے ہاتھ میں تھا، فاصلہ کتنا تھا اور جسم پر موجود زخموں کی اصل نوعیت کیا تھی؟ ان سوالات کے جواب مکمل میڈیکل اور فرانزک تحقیقات سے ہی مل سکتے ہیں۔
پاکستان کے کریمینل لا میں اس طرح کے واقعے کے لیے واضح قانونی طریقۂ کار موجود ہے۔ کریمینل پروسیچر کوڈز 1898 کی سیکشن 174 کے تحت جب پولیس کو کسی قتل، حادثے یا سسپیشس حالات میں موت کی اطلاع ملتی ہے تو پولیس افسر کی ذمہ داری ہے کہ وہ جائے وقوعہ کا معائنہ کرے، جسم پر موجود زخموں اور موت کے ظاہری اسباب کا جائزہ لے اور اپنی رپورٹ تیار کرے۔
اگر موت کی وجہ مشکوک ہو تو لاش کو میڈیکل ایگزامینیشن کے لیے بھجوانے کا بھی قانونی انتظام موجود ہے۔ اخباری خبروں سے یہ واضح نہیں ہوتا ہے کہ یہ تمام مراحل پورے کیے گئے یا نہیں۔
اسی سی آر پی سی کی سیکشن 176 کے تحت مجسٹریٹ بھی موت کی وجہ معلوم کرنے کے لیے انکوائری کر سکتا ہے۔ اس سیکشن کی سب سیکشن 2 کے تحت اگر تدفین کے بعد بھی موت کی وجہ معلوم کرنے کے لیے لاش کا معائنہ ضروری سمجھا جائے تو مجسٹریٹ قبر کشائی کا حکم بھی دے سکتا ہے۔ یعنی تدفین ہو جانے کے بعد بھی investigation کا راستہ بند نہیں ہوتا۔
اب اصل قانونی سوال یہ ہے کہ اگر شوہر کا یہ مؤقف درست ہے کہ گولی حادثاتی طور پر چلی تھی تو کیا اس سے وہ خودبخود قتل کے الزام سے بری ہو جاتا ہے؟ ایسا نہیں ہے۔
پاکستان پینل کوڈ کی سیکشن 300 قتلِ عمد، یا Qatl-i-Amd، کی تعریف بیان کرتی ہے اور دفعہ 302 اس کی سزا سے متعلق ہے۔ قتلِ عمد ثابت کرنے کے لیے صرف یہ ثابت کرنا کافی نہیں کہ کسی شخص کے ہاتھ سے چلنے والی گولی سے دوسرے شخص کی موت ہوئی۔ استغاثہ کو قانون کے مطابق نیت، علم اور واقعے کے حالات بھی ثابت کرنا ہوتے ہیں۔
دوسری طرف پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 318 میں قتل بالخطا، یا Qatl-i-Khata، کی تعریف موجود ہے۔ اگر کوئی شخص موت یا جسمانی نقصان پہنچانے کی نیت کے بغیر کسی غلطی کے نتیجے میں دوسرے شخص کی موت کا سبب بنتا ہے تو معاملہ اس دفعہ کے تحت آ سکتا ہے۔ اس کی سزا سیکشن 319 میں بیان کی گئی ہے۔
اس دفعہ کے تحت دیت لازم ہو سکتی ہے اور اگر موت کسی عجلت یا مجرمانہ غفلت پر مبنی فعل کے نتیجے میں ہوئی ہو تو دیت کے علاوہ پانچ سال تک قید بطور تعزیر بھی دی جا سکتی ہے۔
اسی طرح سیکشنز 321 اور 322 قتل بالسبب، یعنی Qatl-bis-Sabab، سے متعلق ہیں۔ اس میں کسی غیر قانونی فعل کے نتیجے میں دوسرے شخص کی موت واقع ہوتی ہے، اگرچہ موت پہنچانے کی نیت موجود نہ ہو۔
اس کا مطلب یہ ہے کہ اگر کسی شخص نے پستول کو غیر ذمہ دارانہ انداز میں استعمال کیا، اس کے محفوظ استعمال کے بنیادی اصولوں کی خلاف ورزی کی یا ایسی لاپروائی برتی جس کے نتیجے میں کسی دوسرے شخص کی جان چلی گئی تو صرف یہ کہہ دینا کہ گولی accidently چل گئی تھی، اسے قانونی ذمہ داری سے بری نہیں کرتا۔
البتہ یہ بھی ضروری ہے کہ ہر accidental firing کو خودبخود criminal negligence یا قتل بالخطا قرار نہیں دیا جا سکتا۔ اس کا فیصلہ واقعے کے اصل شواہد اور متعلقہ قانونی سیکشنز کی روشنی میں ہوگا۔
اس کیس میں 30 بور کے پستول کا لائسنس بھی ایک اہم معاملہ ہے۔ پولیس کی رپورٹوں کے مطابق اسلحے کا لائسنس یا اجازت نامہ پیش نہیں کیا جا سکا۔ پنجاب آرمز قانون کی دفعہ 13(2)(a) غیر قانونی اسلحہ رکھنے سے متعلق ہے۔ اگر یہ ثابت ہو جائے کہ پستول بغیر قانونی لائسنس کے رکھا گیا تھا تو اس حوالے سے الگ کارروائی ہو سکتی ہے۔
لیکن اسلحے کا غیر قانونی ہونا اور اس سے گولی چلنے کے حالات دو الگ قانونی معاملات ہیں۔ بغیر لائسنس پستول رکھنے سے یہ خودبخود ثابت نہیں ہوتا کہ فائرنگ دانستہ قتل تھی۔ اسی طرح اگر فائرنگ حادثاتی ثابت ہو جائے تو غیر قانونی اسلحہ رکھنے کا جرم ختم نہیں ہو جاتا۔
اس واقعے میں ایک اور اہم پیش رفت یہ سامنے آئی کہ ربیعہ احسن کی بہن الویینہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ خاندان ان کے شوہر کے خلاف مقدمہ واپس لینے کے عمل میں ہے اور ان کے خیال میں یہ موت مکمل طور پر حادثاتی تھی۔
یہ بیان اپنی جگہ اہم ہے، لیکن پاکستان کے قانون میں قتل کا مقدمہ محض پولیس اسٹیشن جا کر ایف آئی آر واپس لینے سے ختم نہیں ہو جاتا۔
کریمینل پروسیجر کوڈ کی سیکشن 345 میں بعض جرائم کے تصفیے اور معافی کا طریقۂ کار موجود ہے۔ قتلِ عمد کے مقدمے میں بھی مقتول کے قانونی ورثا بعض قانونی شرائط پوری کرکے عدالت کی اجازت سے قصاص کے حق سے دستبردار یا صلح کر سکتے ہیں۔ پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 309 اور 310 اسی معاملے سے متعلق ہیں۔
لیکن یہاں دفعہ 311 بھی اہم ہے۔ اس کے تحت بعض حالات میں ورثا کی معافی یا صلح کے باوجود عدالت تعزیری سزا دے سکتی ہے، خصوصاً جب فساد فی الارض کے قانونی تقاضے پورے ہوتے ہوں۔
اس کے علاوہ اگر غیر قانونی اسلحہ رکھنے کا الگ مقدمہ ہے تو مقتولہ کے ورثا کی معافی سے وہ مقدمہ ختم نہیں ہوگا، کیونکہ اس کی کارروائی ریاست کی طرف سے جاری رہ سکتی ہے۔
پولیس کی investigation میں سب سے پہلے یہ معلوم ہونا چاہیے کہ پستول کس کی ملکیت تھا، گھر میں کہاں رکھا جاتا تھا، اس میں گولی کب اور کس نے لوڈ کی تھی اور کیا اسلحہ پہلے سے loaded تھا یا واقعے سے کچھ دیر پہلے لوڈ کیا گیا تھا۔
دوسری بات یہ معلوم کرنا ضروری ہے کہ گولی چلنے کے وقت پستول کس شخص کے ہاتھ میں تھا، اس کا رخ کس طرف تھا اور ربیعہ اور پستول کے درمیان فاصلہ کتنا تھا۔
تیسرا معاملہ گولی کے راستے اور جسم پر موجود زخموں کا ہے۔ ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں گردن کے نچلے حصے میں سامنے کی جانب زخم کا ذکر ہے۔ فرانزک ماہرین کو یہ واضح کرنا ہوگا کہ جسم پر موجود زخموں کی نوعیت کیا تھی اور آیا وہ گولی کے داخل ہونے اور باہر نکلنے کے مقامات تھے یا ان کی کوئی دوسری طبی وضاحت ہے۔
چوتھی بات یہ ہے کہ جائے وقوعہ سے ملنے والے پستول، خول اور گولی کی ballistic examination کیا بتاتی ہے۔ کیا اسی پستول سے وہ گولی چلی جس سے ربیعہ کی موت ہوئی؟ کیا پستول پر fingerprints یا دوسرے قابلِ تجزیہ شواہد موجود ہیں؟ کیا ملزم کے ہاتھوں پر gunshot residue یعنی فائرنگ کے بعد رہ جانے والے باریک ذرات کی جانچ ہوئی؟
گھر میں موجود افراد کے بیانات بھی الگ الگ ریکارڈ ہونے چاہییں۔ ربیعہ کی والدہ، بہن، گھریلو ملازم اور دوسرے ممکنہ گواہوں نے گولی چلنے سے پہلے اور فوراً بعد کیا دیکھا یا سنا؟ ان کے بیانات کو ایک دوسرے سے ملانے کے ساتھ ساتھ فرانزک ایویڈینس سے بھی verify کرنا چاہیے۔
اسی طرح واقعے کی مکمل timeline سامنے آنی چاہیے۔ ربیعہ گھر کب پہنچیں، پسٹل باہر کیوں تھا؟ کیا یہ اس گھر میں معمول تھا؟ گولی کس وقت چلی، پولیس کو کب اطلاع دی گئی، طبی امداد کب طلب کی گئی اور اسپتال پہنچنے تک کیا صورت حال تھی؟ ان تمام باتوں کا ریکارڈ حاصل کرنا ضروری ہے۔
9 نومبر کی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے احسن طاہر کو عدالت میں پیش کرکے مزید تفتیش کے لیے سات روزہ جسمانی ریمانڈ مانگا تھا، لیکن عدالت نے ایک روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا۔ یہ بھی جاننا ضروری ہے کہ کیا ان دونوں کی زندگی خوش و خرم چل رہی تھی؟
اس سارے معاملے میں مجھے ایک اور چیز پریشان کرتی ہے۔ ہمارے ہاں کسی بھی high-profile case میں پولیس کی ابتدائی کہانی ہی اکثر عوامی رائے کی بنیاد بن جاتی ہے۔ پھر میڈیا میں پولیس ذرائع کے حوالے سے آنے والی اطلاعات کو ایسے پیش کیا جاتا ہے جیسے investigation مکمل ہو چکی ہو۔
اس کے علاوہ پولیس بھی زور دیتی ہے کہ ایف آئی آر درج کرواتے وقت ملزم نامزد کروا لیا جائے تاکہ یہ بلائینڈ کیس نہ رہے۔ اس سے پولیس خود سراخ لگانے کی ذمہ داریوں سے بچ جاتی ہے۔ مرحوم سیاستدان محترمہ ریحانہ سرور کے قتل کے وقت پولیس نے مدعی پر زور ڈال کر ملزمان نامزد کروائے تھے۔ اور وہ سب بچ گئے۔
اگر پولیس کہتی ہے کہ گولی accidently چلی تو اسے یہ بھی بتانا چاہیے کہ اس نتیجے کی بنیاد کیا ہے۔ اگر مقتولہ کے بھائی نے قتل کا الزام لگایا ہے تو اس کی مکمل انویسٹیگیشن ہونی چاہییں۔ اگر بعد میں خاندان کا دوسرا مؤقف سامنے آتا ہے تو اسے بھی ریکارڈ پر لایا جائے۔ کسی ایک بیان کی بنیاد پر باقی ایویڈینسز کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔
اور اس پورے معاملے میں مجھے سب سے زیادہ کمی independent investigative journalism کی محسوس ہو رہی ہے۔ کیا کسی جرنلسٹ نے اس پستول کی ملکیت اور اس کے لائسنس کی حقیقت معلوم کرنے کی کوشش کی ہے؟ کیا کسی نے شوہر کے مبینہ ابتدائی بیان اور بعد میں اہل خانہ کے بیان کا تقابلی جائزہ لیا ہے؟
کیا کسی نے پولیس سے پوچھا ہے کہ وہ کن ایویڈینسز کی بنیاد پر حادثاتی فائرنگ اور قتل، دونوں possibilities کی انویسٹیگیشن کر رہی ہے؟ کیا پولیس نے اس جوڑے کے خوش و خرم رہنے کے ایویڈینس اکھٹا کیے ہیں۔ کیا ان میں کسی قسم کی اِن کمپیٹیبیلیٹی (incompatibility) تھی؟
اس معاملے میں عامر متین کی ایکس پلیٹ فارم پر اپنی پوسٹ بہت اہم ہے جس انھوں نے بتایا ہے کہ ربیعہ کچھ عرصہ پہلے اپنا گھر چھوڑ کر ایک دوست کے گھر دو مہینے ٹھہری تھی۔ ایسے واقعات کو جمع کیا جائے تو ربیعہ اور احسن کے تعلقات کی نوعیت سمجھ آ جائے گی۔
یہ وہ سوالات ہیں جن کے جواب صرف سوشل میڈیا پر جذباتی تبصرے کرنے سے نہیں مل سکتے۔ جرنلسٹس پولیس کے نیریٹو کو پیش کرنے کے بجائے پولیس کی نیریٹو کو چیلنج کریں تاکہ پولیس کیس کو صحیح طرح چلائے چکر بازیاں نہ کرے۔ پولیس کے پاس بہت اختیارات ہوتے ہیں اور اسی لیے اُن پر نظر رکھنا انڈیپینڈنٹ جرنلسٹ کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
مجھے سوشل میڈیا پر اس ربیعہ کی موٹ کے حوالے سے مختلف طرح کے تبصرے پڑھنے کو ملے ہیں۔ کسی نے اسے معاشرے کی پسماندگی سے جوڑا، کسی نے عورتوں کے خلاف تشدد کی ایک اور مثال قرار دیا، کسی نے جینڈر اِن ایکوالیٹی کے لیبز سے پیش کیا اور کسی نے اسے شوہر کے ہاتھوں قتل کا ایک اور واقعہ سمجھ لیا۔ یہ تمام باتیں اپنی اپنی جگہ قابلِ بحث ہو سکتی ہیں، لیکن کسی بھی واقعے کے بارے میں پہلے سے قائم خیالات کو evidence کا متبادل نہیں بنایا جا سکتا۔
ربیعہ احسن کی موت کے حالات کی حقیقت معلوم کرنا ان کے بچوں، خاندان، ساتھی جرنلسٹس اور پورے معاشرے کا حق ہے۔ اس وقت کسی کو قاتل قرار دینا بھی درست نہیں اور کسی کو صرف خاندانی بیان کی بنیاد پر بری الذمہ سمجھ لینا بھی درست نہیں۔
اصل ضرورت یہ ہے کہ پولیس مکمل اور امپارشل انویسٹیگیشن کرے، فرانزک رپورٹ سامنے آئے، تمام گواہوں کے بیانات کی جانچ ہو اور عدالت تمام ایویڈینس کی بنیاد پر فیصلہ کرے۔
اگر اسلحے کے غیر ذمہ دارانہ استعمال سے ایک انسانی جان گئی ہے تو اس کی قانونی ذمہ داری کا تعین ہونا چاہیے، چاہے معاملہ قتلِ عمد کا ہو، قتل بالخطا کا یا مجرمانہ غفلت کا۔
اللہ تعالیٰ ربیعہ احسن کی مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند کرے، ان کے بچوں اور اہل خانہ کو صبر دے۔ ان کے شوہر کو بھی انصاف کے تمام قانونی حقوق ملنے چاہییں۔
آخر میں بات صرف اتنی ہے کہ انصاف کسی کے بیان، کسی پولیس افسر کی کہانی یا سوشل میڈیا پر بننے والی اکثریتی رائے سے نہیں ملتا۔ انصاف کے لیے evidence، قانون اور ایک غیر جانب دار investigation ضروری ہے۔( ثقلین امام)
(ثقلین امام صاحب تین دھائیوں سے صحافت کے میدان میں موجود ہیں، خاتون اینکر کے قتل کے معاملے میں انہوں نے ایک جامع تحریر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کی، جسے عمران جونیئر ڈاٹ کام کے قارئین کیلئے ثقلین امام صاحب کے شکریہ کے ساتھ شائع کررہے ہیں۔۔ علی عمران جونیئر)۔۔۔۔
9