سوشل میڈیا کے جانوجرمن 10

سوشل میڈیا کے جانوجرمن

تحریر: بلال الرشید
عمارت کے اندر بھی دھوپ کے چشمے لگائے رکھنے اور ہمیشہ متکبرانہ انداز میں بات کرنے والا ٹک ٹاکر زاروقطار رو رہا تھا۔ اس نے یاد کرایا کہ میں بہت سی خدمات سرانجام دے چکا ہوں ۔ آپ کی خاطر ایک سیاسی پارٹی کے دشنام کانشانہ رہا ہوں ۔(لیگی لیڈروں نے )مجھے تنہا چھوڑ دیا ۔ کبھی یہی لوگ اس کاگرد منڈلایا کرتے تھے۔
مسٹر پتلو پہلا ہے اور نہ آخری ۔ ڈکی بھائی ، رجب بٹ ، آپ نام لیتے جائیں ۔ تنازعات ہی وہ ایندھن ہوتے ہیں ، کانٹینٹ کی گاڑی کو جس نے توانائی مہیا کرنا ہوتی ہے ۔ کبھی یہ لوگ لائیو طلاق دیتے ہوئے ملیں گے ۔ کبھی یہ کوئی متنازعہ مذہبی نعرہ لگا کر ایک نئے معرکے میں اتریں گے ۔ آپ نے ہر صورت خبروں میں رہنا ہے ورنہ آپ کی ڈیجیٹل ویلیو گر تی چلی جائے گی ۔ ڈیجیٹل میڈیا تو اب آیا ہے ۔ یہ دھندا ہمیشہ سے چلتا آرہا ہے ۔ اداکارہ میرا کیوں تنازعات میں گھری رہتی تھیں۔ نادیہ خان نے جب میرا کو پروگرام میں بلایا تو جھگڑا کیوں ہوا۔ سرحد کےاس پار دیکھ لیں ۔ راکھی ساونت اور کنگنا رناوت کیوں تنازعات میں گھری رہتی ہیں ۔
اگست 2025ء میں ایک مشہور سوشل میڈیا انفلوئنسر نے دہائی دی کہ اس کا کروڑوں کا مکان سیلابی پانی میں ڈوب گیا ۔ وہ ہنگامہ کرتی رہی ۔ صورتِ حال میں ایک لطیف موڑ تب آیا، جب انکشاف ہوا کہ گھر کرایے کا تھا ۔پھر اس نے ایک مٹی کے مادھو سے شادی کر لی ۔ بارات پر اعلان کیا کہ میں نے چالیس تولے سونا پہن رکھا ہے ۔ اس پر کسی نے اعتراض کیا کہ بی بی چالیس تولے کی تو آپ خود نہیں ۔ میں نے اس دن اپنی بیوی کو بتایا کہ اس نے شادی نہیں کی ، اس نے کانٹینٹ خریداہے ۔ اسکے بعد کیا کچھ نہیں ہوا ۔ شوہر پہ نامردی کا الزام لگا۔ یہ خاتون سائیکیٹرسٹ خواتین سے یہ کہا کرتی تھی کہ تمہارا شوہر تمہیں تھپڑ مارے یا گالی دے تو سمجھو کہ یہ مرد کی محبت کا ایک اظہار ہوتاہے ۔ مٹی کے مادھو نے غالباً اسی طرح کی محبت کا اظہار کرنے کی کوشش کی تو وہ ہنگامہ ہوا کہ الامان الحفیظ ۔ میں بڑا محظوظ ہو رہا تھا ۔ کانٹینٹ تخلیق ہو رہاتھا۔
ایک اور مارننگ شو کی ہوسٹ نے شادی کی ۔ اس نے اپنے شوہر سے کیا کچھ نہیں کروایا۔ پارک میں اس سے قلابازیاں لگوائیں ۔ وجہ ؟ کانٹینٹ ۔ آپ تنازعات میں رہیں گے تو لوگ آپ کو دیکھیں گے ۔ آپ کو بے تحاشا کمائی ہوگی ۔ کانٹینٹ تخلیق کرنے کی جستجو میں کیا کچھ نہیں ہوتا۔ مرد کرئیٹرزاعلان کرتے ہیں کہ آج میں اپنی بیوی کا چہرہ Revealکرونگا ۔ آہستہ آہستہ گھونگھٹ اٹھایا جاتا ہے ۔ لڑکی شرما رہی ہوتی ہے اور چہرے سے ہاتھ ہٹانے سے انکاری ہوتی ہے ۔ اگر وہ شرمانے کی بجائے فوراً رونمائی کروا دے تو سارے کانٹینٹ کا بیڑہ غرق ہوجائے ۔ د س منٹ کی وڈیو پندرہ سیکنڈ کی رہ جائے ۔اس کانٹینٹ کرئیٹرکو پھر کسی اور کانٹینٹ کو اپنے عقد میں لانے کا سوچنا پڑے گا۔ ان میں سے اکثر چٹے ان پڑھ ہیں ۔ یہ کھیل بڑا خوفناک ہے ۔ یہ ایسا ہی ہے جیسے گٹر میں اترے بغیر اسے صاف نہیں کیا جا سکتا ۔ یہ نہیں ہو سکتا کہ آپ کا دامن صاف رہ جائے ۔
اس کھیل میں بے تحاشا پیسہ انوالو ہوتاہے ۔مشہور اور امیر ہو جانے کے بعد کانٹینٹ کرئیٹرز اپنی پرانی بیویاں چھوڑ دیتے ہیں، جنہوں نے برے وقتوں میں ساتھ دیا ہوتاہے ۔اسلئے کہ انکے اندر کانٹینٹ بننے کاجوہر ہی نہیں ہوتا۔ یہاں مجھے یاد آیا کہ برسوں ایک مذہبی پروگرام ہوسٹ کرنیوالے ایک مرحوم اینکر بھی دراصل یہی کام کر رہے تھے ۔ بعد میں جب وہ رمضان ٹرانسمیشن میں آئے تولبادہ اتر گیا۔ انہی تنازعات سے انکے دل کو نقصان پہنچا اور جوانی میں ہی چل بسے ۔ آخری شادی انہوں نے جس لڑکی سے کی، وہ ان سے بڑی کانٹینٹ کرئیٹر نکلی ؛چنانچہ تابوت میں آخری کیل ثابت ہوئی ۔ اس سے پچھلی فلیٹ کے باہر کھڑی ہو کر انہیں دھمکایا کرتی تھی ۔ اس کام میں تو بادشاہ غرق ہو جاتے ہیں ۔
بچپن کا ایک پروگرام یاد آتاہے ۔ ایک دیہی کردار جانو جرمن اور یونیورسٹی سے تعلیم یافتہ ایک شخص کا انگریزی بولنے کا مقابلہ ہوتاہے ۔ جانو جرمن کو انگریزی چھو کر بھی نہیں گزری ہوتی لیکن چونکہ ساری آڈینس ان پڑھ تھی ؛چنانچہ اس نے اعلیٰ تعلیم یافتہ شخص کو کلین بولڈ کر دیا ۔ یہی آج سوشل میڈیا کے کانٹینٹ میں ہو رہا ہے۔ دنیا کے 8 ارب انسانوں میں سے پڑھے لکھے کم ہیں ۔ پڑھے لکھوں میں بھی حقیقی سمجھ رکھنے والے نایاب ہوتے ہیں ۔ کبھی ایک کتاب لکھنے والا برسوں تحقیق کے بعد ایک کتاب لکھا کرتا ۔اس کتاب میں کوئی فاش غلطی ہوتی تو پڑھے لکھوں کی برادری میں ناک کٹ جاتی ۔ آج کانٹینٹ کرئیٹرز کا دور ہے ۔ لاہور دا پاوا، اختر لاوا۔ یہ ہماری پارٹی ہو رہی ہے ۔ میرا دل یہ پکارے آجا۔
اکثر کانٹینٹ کرئیٹرز پڑھے لکھے نہیں ہوتے۔ یہ کام مگر بڑا حساس ہے ۔ آپ نے ایسا کام کرنا ہے ، جس سے تنازع اٹھے لیکن اپنا سر بھی بچانا ہے ۔جیسے ہی کوئی مشہور آدمی آپ کو غلطی کرتا ہوا ملے، آپ نے اس کا سر اتار لانا ہے ۔پھر آپ کو بڑی سیاسی جماعتیں اور طاقتور طبقات ہائر کر لیتے ہیں ۔جعلی پیروں کو پکڑنے والے سیاسی لیڈروں پہ کیوں چڑھ دوڑتے ہیں ۔ آپ کے خیال میں جہلم کے مشہور مبلغ نے اچانک علامہ اقبال پہ حملہ کیوں کر دیا تھا ۔مسئلہ یہ ہے کہ عاقبت نا اندیش انسان اکثر نتائج کا اندازہ نہیں لگا پاتا ۔ ایک دن اپنا سراتر جاتا ہے ۔دنیا بھر میں بے شمار سوشل میڈیا انفلوئنسرز اور خصوصاً ٹک ٹاکرز قتل یا خودکشی کے مرتکب ہوئے ہیں ۔ عوام کی مسلسل لعن طعن اور تنازعات نفسیاتی صحت پہ اثر انداز ہو رہے ہوتے ہیں ۔ حتیٰ کہ ایک دن مسٹر پتلو کی طرح زاروقطاررونا پڑتا ہے ۔(بشکریہ جنگ)۔۔۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں