خاتون اینکرپرسن ربیعہ احسن کی نماز جنازہ راولپنڈی کے علاقے گلشن آباد کی مرکزی جامع مسجد اڈیالہ روڈ پر ادا کی گئی جس کے بعد مقامی قبرستان میں تدفین عمل میں لائی گئی۔۔ دوسری طرف مقتولہ رابیعہ احسن کے بھائی نے بہنوئی کے خلاف مقدمہ واپس لے لیا، خاتون اینکرکے بھائی خرم کا کہنا ہے کہ میری والدہ، بہن اور بھانجیاں اور ملازمہ وہاں موجود تھیں، بہنوئی نے قتل کی نیت سے فائر نہیں کیا، دونوں کے درمیان کسی قسم کی ناچاقی جھگڑا یا خلش نہیں تھی،دریں اثنا گزشتہ روزراولپنڈی پولیس نے نجی ٹی وی چینل کی اینکر ربیعہ احسن کے گھر میں قتل کے واقعے کا مقدمہ ان کے بھائی خرم کی مدعیت میں تھانہ صدر بیرونی میں دفعہ 302 کے تحت درج کر لیا گیا ہے۔ایف آئی آر کے مطابق مقتولہ کے بھائی خرم نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ انھیں فون پر اطلاع دی گئی کہ ربیعہ احسن کو ان کے شوہر نے گولی مار دی ہے۔ مدعی کے مطابق جب وہ موقع پر پہنچے تو ان کی بہن خون میں لت پت پڑی تھیں اور وہ فوت ہو چکی تھیں۔دوسری جانب پولیس کی ابتدائی تحقیقات میں واقعے کے مختلف پہلو سامنے آئے ہیں۔ مقامی پولیس کے مطابق ربیعہ احسن کی تقریباً 14 سال قبل احسن نامی شخص سے شادی ہوئی تھی اور ابتدائی معلومات کے مطابق اہل خانہ، بیٹیوں، بہن اور والدہ نے میاں بیوی کے درمیان کسی قسم کی ناچاقی یا گھریلو تنازع کی نشاندہی نہیں کی۔پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ موسم کی تبدیلی کے باعث گھر میں گرمیوں کے کپڑے الماری میں رکھتے اور سردیوں کے کپڑے نکالتے وقت ایک 30 بور پستول کپڑوں میں سے نکلا۔ گھر میں موجود ایک گھریلو ملازم کے ابتدائی بیان کے مطابق شوہر پستول ہاتھ میں لیے ہوئے تھا کہ اس دوران گولی چل گئی۔تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ تاحال گھر کے کسی فرد نے میاں بیوی کے درمیان جھگڑے یا اختلافات کے حوالے سے بیان نہیں دیا، اس کے باوجود واقعے کی تحقیقات قتل کے مقدمے کے تناظر میں کی جائیں گی اور تمام ممکنہ محرکات کا جائزہ لیا جائے گا۔پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے ملنے والا 30 بور پستول بظاہر بغیر لائسنس ہے۔ واقعے سے متعلق فرانزک شواہد اور نمونے لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں جبکہ فرانزک رپورٹ موصول ہونے کے بعد مزید قانونی کارروائی اور تفتیش کو آگے بڑھایا جائے گا۔قاتل شوہر احسن نے پولیس کو ابتدائی بیان دے دیا، ملزم اوورسیز پاکستانیز فاونڈیشن میں 18 ویں گریڈ کا ملازم ہے، پولیس ذرائع نے کہا کہ مقتولہ کی 2 بیٹیاں ہیں، مقتولہ اینکر پرسن کا اسلام آباد میں سیلون بھی ہے، ربیعہ اور احسن نے پسند کی شادی کی تھی۔
6
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل