اے آر وائی میں10 فیصد ڈاؤن سائزنگ کا فیصلہ، فہرستیں طلب۔۔ 17

اے آر وائی میں10 فیصد ڈاؤن سائزنگ کا فیصلہ، فہرستیں طلب۔۔

ملک کے معروف نجی نیوز چینل اے آر وائی نیوز میں بڑے پیمانے پر ڈاؤن سائزنگ کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ پپوکے مطابق انتظامیہ نے مختلف شعبوں کے سربراہان سے کم از کم 10 فیصد ملازمین کی تعداد کم کرنے کے لیے فہرستیں طلب کر لی ہیں، جس کے بعد ادارے میں ملازمتوں کے مستقبل کے حوالے سے تشویش پائی جاتی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے مختلف ڈیپارٹمنٹ ہیڈز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے شعبوں میں ملازمین کی تعداد کا جائزہ لے کر ممکنہ طورپرفارغ کیےجانے والے کارکنوں کی فہرستیں مرتب کریں۔اس اقدام سے ادارے کے مختلف شعبوں میں ملازمتوں کے تحفظ کے حوالے سے غیر یقینی صورت حال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔دوسری جانب ادارے کے ملازمین کو دی جانے والی فیول سہولت میں بھی تبدیلی کی اطلاعات ہیں۔ ذرائع کے مطابق انتظامیہ نے پیٹرول الاؤنس کی ادائیگی کے لیے فی لیٹر قیمت 301 روپے مقرر کر دی ہے، جس کا اطلاق فیول کارڈ استعمال کرنے والے ملازمین کے ساتھ نقد فیول الاؤنس وصول کرنے والے کارکنوں پر بھی ہوگا۔نئے طریقہ کار کے تحت ملازمین کے مقررہ پیٹرول کوٹے کی مالی مالیت 301 روپے فی لیٹر کے حساب سے طے کی جائے گی۔ مثال کے طور پر جس ملازم کو ماہانہ 100 لیٹر پیٹرول کی سہولت حاصل تھی، اس کے لیے اب ماہانہ 30 ہزار 100 روپے کی رقم مختص ہوگی۔ اس طرح پیٹرول کی اصل مارکیٹ قیمت اور مقررہ شرح میں فرق کی صورت میں ملازمین کی قوتِ خرید اور فیول سہولت متاثر ہوسکتی ہے۔ذرائع کے مطابق ڈاؤن سائزنگ کی اطلاعات اور فیول الاؤنس میں تبدیلی کے باعث ملازمین میں تشویش بڑھ رہی ہے۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی، سفری اخراجات اور معاشی دباؤ کے دوران ایسے اقدامات سے بالخصوص کم اور متوسط آمدن والے میڈیا کارکنوں کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں