کراچی پریس کلب کی انوائرنمنٹ کمیٹی اور کلائمیٹ ایکشن سینٹر کے اشتراک سے شدید گرمی، موسمیاتی تبدیلی اور کراچی کو درپیش ماحولیاتی مسائل کے موضوع پر صحافیوں کے لیے خصوصی ورکشاپ 15 اکتوبر کو کراچی پریس کلب میں منعقد ہوگی۔ ورکشاپ سہ پہر 3 بجے سے شام 6 بجے تک جاری رہے گی، جس سے کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی، سیکریٹری اسلم خان اور موسمیاتی تبدیلی و ماحولیات کے ماہرین خطاب کریں گے۔ورکشاپ کا مقصد صحافیوں کو کراچی میں بڑھتی ہوئی شدید گرمی، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات اور ماحولیاتی مسائل کی وجوہات و مضمرات سے آگاہ کرنے کے ساتھ ان موضوعات پر موثر ، جامع اور ذمہ دارانہ صحافتی رپورٹنگ کے لیے رہنمائی فراہم کرنا ہے۔ اس موقع پر ماہرین کراچی کو درپیش ماحولیاتی چیلنجز اور ان کی رپورٹنگ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالیں گے۔۔ورکشاپ کے دوران موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیات سے متعلق خبروں اور تحقیقی رپورٹوں کے لیے اسٹوری پچنگ مقابلے کا اعلان بھی کیا جائے گا، جس کے تحت صحافی اپنی مجوزہ کہانیاں پیش کرسکیں گے۔ بہترین اسٹوری کو ایوارڈ اور نقد انعام دیا جائے گا۔اس موقع پر 2027ءکی فیلوشپ کا بھی اعلان کیا جائے گا، جس کا اہتمام کراچی پریس کلب کی انوائرنمنٹ کمیٹی اور کلائمیٹ ایکشن سینٹر مشترکہ طور پر کریں گے۔ ورکشاپ میں شرکت کرنے والے صحافی اس فیلوشپ کے لیے بھی اہل ہوں گے۔منتظمین کے مطابق اس اقدام کا مقصد صحافت کے ذریعے موسمیاتی تبدیلی، شدید گرمی اور کراچی کے ماحولیاتی مسائل کو اجاگر کرنا، عوامی آگاہی کو فروغ دینا اور صحافیوں کو ماحولیات سے متعلق معیاری، بامقصد اور تحقیق پر مبنی رپورٹنگ کے نئے مواقع فراہم کرنا ہے۔
29
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل