پشاور پریس کلب میں الخدمت بنوقابل پروگرام کا آئی ٹی کورس مکمل، اسناد تقسیم ۔۔ 29

پشاور پریس کلب میں الخدمت بنوقابل پروگرام کا آئی ٹی کورس مکمل، اسناد تقسیم ۔۔

الخدمت بنوقابل پروگرام کے تحت پشاور پریس کلب کے ممبران اور ان کے بچوں کے لیے تین ماہ پر مشتمل آئی ٹی کورس مکمل کرنے والے 65طلبہ و طالبات میں اسناد تقسیم کرنے کی تقریب پشاور پریس کلب کے سبزہ زار میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی امیر جماعت اسلامی پاکستان اور الخدمت بنوقابل پروگرام کے پیٹرن اِن چیف انجینئر حافظ نعیم الرحمن تھے، جبکہ صدارت سینئر صحافی اور پشاور پریس کلب کے سابق صدر شمیم شاہد نے کی۔تقریب میں امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا وسطی عبدالواسع، ضلعی امیر بحراللہ خان ایڈووکیٹ، الخدمت فانڈیشن خیبرپختونخوا کے صدر خالد وقاص، پشاور پریس کلب کے صدر ایم ریاض، نائب صدر و سربراہ ایجوکیشن کمیٹی ضیا الحق، جنرل سیکرٹری عالمگیر خان، خیبر یونین آف جرنلسٹس کے صدر کاشف الدین سیف اور پریس کلب کے سابق صدور سیف الاسلام سیفی اور ناصر حسین سمیت سینئر صحافیوں، طلبہ و طالبات اور دیگر معززین نے شرکت کی۔واضح رہے کہ موسم گرما کی تعطیلات کے دوران پشاور پریس کلب کے ممبران اور ان کے بچوں کے لیے کمپیوٹر اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی (سی آئی ٹی) کا تین ماہ پر مشتمل کورس منعقد کیا گیا، جس میں 65 طلبہ و طالبات نے کامیابی سے کورس مکمل کیا۔ تقریب کے دوران انجینئر حافظ نعیم الرحمن نے چار پوزیشن ہولڈرز میں لیپ ٹاپس اور شیلڈز تقسیم کیں، جبکہ پشاور پریس کلب کی جانب سے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ٹاپ ٹین طلبہ و طالبات کو نقد انعامات بھی دیے گئے۔اس موقع پر انجینئر حافظ نعیم الرحمن نے صحافی برادری کے لیے الخدمت بنوقابل پروگرام کے تحت اے آئی ڈیجیٹل جرنلزم کے خصوصی کورس کے جلد اجرا کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) نے دنیا میں مہارتوں کے حصول اور کام کی رفتار کو تیز کر دیا ہے۔ صحافیوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مزید بہتری لانے کے لیے الخدمت خصوصی کورسز شروع کرے گی۔تقریب کے اختتام پر انجینئر حافظ نعیم الرحمن نے کورس مکمل کرنے والے 65 طلبہ و طالبات میں اسناد تقسیم کیں، جبکہ پوزیشن ہولڈرز کو لیپ ٹاپس، شیلڈز اور نقد انعامات سے نوازا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں