کے یوجے دستور کی موجودہ مجلس عاملہ کی مدت میں توسیع کی منظوری۔۔۔ 40

کے یوجے دستور کی موجودہ مجلس عاملہ کی مدت میں توسیع کی منظوری۔۔۔

کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور کے اجلاس عام میں اراکین نے مجلس عاملہ کی کارکردگی کو سراہا ہے۔اجلاس عام جمعہ کو کراچی پریس کلب میں صدر کے یو جے دستور نصراللہ چوہدری صدارت میں منعقد ہوا، جس میں سیکریٹری پی ایف یو جی اے ایچ خانزادہ، سابق صدر کے یو جے دستور مقصود احمد یوسفی، سابق سیکریٹری کراچی پریس کلب محمد رضوان بھٹی، شعیب احمد خان، ریاض ساگر، کراچی پریس کلب کے جوائنٹ سیکریٹری فاروق سمیع،سمیت کے یو جے دستور کے اراکین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اجلاس میں سیکریٹری کے یو جے دستور ریحان خان چشتی نے سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی، جس پر اراکین نے مختلف امور پر اظہار خیال کیا۔اجلاس عام نے کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور کے صدر، سیکریٹری، مجلس عاملہ اور دیگر ذمہ داران کی صحافیوں کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں دلی خراج تحسین پیش کیا اور امید ظاہر کی کہ مجلس عاملہ آئندہ بھی اسی جذبے، عزم اور تسلسل کے ساتھ اراکین کی فلاح و بہبود، حقوق کے تحفظ اور کراچی کی صحافی برادری کے اجتماعی مفادات کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گی۔اجلاس میں ایک اور قرارداد کے ذریعے کے یو جے دستور کی موجودہ مجلس عاملہ کی مدت میں توسیع کی منظوری بھی دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ موجودہ باڈی کے انتخابات مئی 2026 میں ہونا تھے تاہم مختلف وجوہات کے باعث انتخابات منعقد نہ ہوسکےاجلاس عام نے موجودہ مجلس عاملہ کی اس مدت کی منظوری دیتے ہوئے آئندہ انتخابات کے انعقاد اور نئی باڈی کے انتخاب تک موجودہ مجلس عاملہ کو کام جاری رکھنے کی منظوری بھی دی۔اجلاس میں بی ڈی ایم کے وفود کے ناموں کی بھی توثیق کی گئی۔اجلاس میں کراچی پریس کلب کی موجودہ مجلس عاملہ کی کی کارکردگی کو سراہا گیا اور قراردادِ خراج تحسین منظور کی گئی۔قرارداد میں کراچی پریس کلب کے 639 اراکین کے ہاکس بے پلاٹس کی کمپیوٹرائزڈ اور منظم بیلٹنگ کے کامیاب انعقاد مبارکباد پیش کی۔اجلاس نے کلب کی جانب سے اراکین اور ان کے اہل خانہ کے لیے فیملی پکنک، فلاحی سرگرمیوں، تربیتی پروگراموں، طبی سہولتوں اور دیگر مثبت و اجتماعی سرگرمیوں کے انعقاد کو بھی خوش آئند قرار دیا۔اجلاس کے موقع پر نئے ممبران کو باقاعدہ ممبرشپ لیٹرز بھی دیے گئے۔اس موقع پر عہدیداران نے نئے اراکین کو مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ صحافتی برادری کے اتحاد اور اجتماعی مفادات کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔جبکہ تنظیمی امور، صحافیوں کے مسائل اور یونین کی آئندہ سرگرمیوں کے حوالے سے بھی اراکین نے تجاویز پیش کیں۔اجلاس عام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صحافی برادری کے اجتماعی مفادات، حقوق کے تحفظ اور فلاحی اقدامات کے لیے تمام صحافتی تنظیموں کے درمیان باہمی تعاون، اتحاد اور مثبت رابطوں کو مزید فروغ دیا جائے گا۔اجلاس کے دوران صحافیوں کو درپیش پیشہ ورانہ و معاشی مسائل اور میڈیا ورکرز کے حقوق سے متعلق امور پر بھی گفتگو کی گئی اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ کے یو جے دستور اپنے اراکین کے مسائل کے حل اور صحافی برادری کے اجتماعی مفادات کے تحفظ کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں