آج ٹی وی کے ملازمین اور سابق پروگرام ٹیم کے ارکان گزشتہ چار ماہ سے تنخواہوں اور واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں۔ متاثرہ ملازمین کے مطابق چینل انتظامیہ کی جانب سے مئی، جون، جولائی اور اگست 2026 کی تنخواہیں تاحال ادا نہیں کی گئیں، جبکہ واجبات کی ادائیگی کے حوالے سے بھی کوئی مثبت پیش رفت سامنے نہیں آ رہی۔ متاثرہ ملازمین کا کہنا ہے کہ معروف اینکر منیزے جہانگیر کو ان کی پوری ٹیم کے ہمراہ جبری طور پر پروگرام اور چینل سے الگ کیے جانے کے بعد صورتحال مزید سنگین ہوگئی ہے۔ متاثرین کے مطابق انہیں اپنے بقایاجات اور چار ماہ کی تنخواہوں کے حصول کے لیے مسلسل انتظامیہ سے رابطہ کرنا پڑ رہا ہے، تاہم تاحال کوئی واضح ٹائم لائن یا ٹھوس یقین دہانی نہیں کرائی گئی۔ ملازمین کا کہنا ہے کہ چینل انتظامیہ اور اسلام آباد کی انتظامیہ کے درمیان متاثرین کو ایک دفتر سے دوسرے دفتر کے چکر لگوائے جا رہے ہیں، جبکہ چار ماہ سے تنخواہوں سے محروم صحافی اور دیگر ملازمین شدید مالی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ متاثرین کے مطابق کئی ملازمین کے گھریلو اخراجات، بچوں کی فیس، کرایہ، یوٹیلیٹی بلز اور دیگر ضروریات متاثر ہو رہی ہیں، جبکہ بعض ملازمین کے لیے روزمرہ کے اخراجات پورے کرنا بھی مشکل ہو چکا ہے۔متاثرہ صحافیوں اور ملازمین نے وزارتِ اطلاعات و نشریات اور پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ وزارتِ اطلاعات اور پیمرا کو چینل انتظامیہ سے مئی تا اگست کی تمام زیرِ التوا تنخواہوں اور دیگر واجبات کی ادائیگی کا واضح شیڈول طلب کرنا چاہیے اور ملازمین کے قانونی و معاشی حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جانے چاہئیں۔ متاثرین نے مطالبہ کیا ہے کہ جبری برطرفی کے معاملے اور ملازمین کے بقایاجات کی عدم ادائیگی کی بھی شفاف تحقیقات کی جائیں اور ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔
61
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل