صحافی کالونی فیزٹو کے حوالے سے اہم اجلاس۔۔۔ 26

صحافی کالونی فیزٹو کے حوالے سے اہم اجلاس۔۔۔

لاہور پریس کلب میں صحافی کالونی فیز ٹو کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری، سینئر نائب صدر سلمان قریشی،نائب صدر مدیحہ الماس، جنرل سیکرٹری افضال طالب، جوائنٹ سیکرٹری عمران شیخ، اراکین گورننگ باڈی سید سجاد کاظمی، سرمد فرخ خواجہ ، اسد محمود ، محمد احمد رضا، کامران خان اور ظہیر شیخ سمیت فیز ٹو سے تعلق رکھنے والے ممبران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری نے کہا کہ 10 نومبر 2025کو پی جے ایچ ایف کو فیز ٹو ممبران کی فہرست فراہم کردی گئی تھی جس کا آفیشل لیٹرممبر لاہور پریس کلب گورننگ باڈی احمد رضا نے پڑھ کر سنایا ،صدر لاہور پریس کلب کا کہنا تھا کہ اس کے بعد دوبارہ اپ ڈیٹڈ فہرست22اگست2026کوپی جے ایچ ایف کے حکام کے حوالے کی گئی کیونکہ جو ممبران اپنے مالی حالات کے باعث مقررہ وقت تک ایڈوانس کی رقم جمع نہیں کراسکے تھے انہیں بھی پلاٹ حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا جاسکے جبکہ حکام سے یہ بھی طے پایا ہے کہ جو ممبر جس وقت بھی پیسے جمع کرائے گا اس کے پلاٹ کے حوالے سے پراسس اسی وقت شروع کردیا جائے گا اس طرح کوئی بھی اہل ممبر پلاٹ کی الاٹمنٹ سے محروم نہیں رہے گا۔جبکہ اس سے قبل 24جولائی2026کو روڈا کے دفتر میں سیکرٹری اطلاعات پنجاب طاہر رضا ہمدانی، سی ای او روڈا عمران امین، چیف آپریٹنگ آفیسر برگیڈیئر ( ر) منصور احمد جنجوعہ ،صدر پریس کلب ارشد انصاری جنرل سیکرٹری افضال طالب کے مابین ہونے والی میٹنگ کے منٹس بھی پڑھ کر سنائے گئے۔ جس کے مطابق صحافی کالونی فیز ٹو کے لئے سابقہ مجوزہ جگہ روڈا کے ترقیاتی معیار پر پوری نہیں اترتی تھی اس کے بعد روڈا کی جانب سے چہار باغ میں جے بلاک کے نام سے فیز ٹو ممبران کے لئے پلاٹس فراہم کرنے کی تجویز کو منظور کیا گیا۔ چونکہ یہ جگہ روڈا کی ملیکت ہے اور یہاں پر2025میں صحافی کالونی فیز ٹو کے منظورشدہ پلان کے مطابق ہی ڈویلپمنٹ کرنے کی منظوری بھی دی گئی اس ضمن میں کسی بھی قسم کے اضافی چارجز وصول نہیں کئے جائیں گے جبکہ صحافی کالونی فیز ٹو کے لئے جو رقم 62500روپے ایڈوانس کی مد میں جمع کرانے کا کہا گیا تھا چہار باغ میں پلاٹ کے حصول کے لئے بھی وہی ایڈوانس ہوگا۔ اس حوالے گزشتہ روز سیکرٹری اطلاعات پنجاب طاہر رضا ہمدانی کی جانب سے نجی ٹی وی چینل کو دئیے گئے انٹرویو میں بھی انہوں نے واضع طور پر بتایا کہ راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے قبضہ لیا جاچکا ہے اور جلد ہی ممبران کو فائلز فراہم کردی جائیں گی جبکہ صحافی کالونی فیز ٹو کے لئے حکومت پنجاب نے راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو چالیس کروڑ روپے کی خطیر رقم پہلے ہی ادا کردی ہے۔ صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری نے مزید بتایا کہ چہار باغ میں صحافی کالونی فیز ٹوکے لئے مختص کی گئی یہ جگہ محمود بوٹی کے مقام پر واقع ہے اور جن ممبران لاہور پریس کلب کی حالیہ فہرست راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو فراہم کی گئی تھی اس کے مطابق ان ممبران کو جلد انکے گھر کے پتہ پر انٹی میشن لیٹرز ملنے شروع ہوجائیں گے جس کے بعد 50,50 کے گروپ کی صورت میں فیز ٹو ممبران کو روڈا کے دفتر بلایا جائے گا جہاں ان کی بائیو میٹرک کی جائے گی اور اس کے بعد الاٹمنٹ لیٹرز جاری کئے جائیںگے جس کے بعد اقساط کا مرحلہ شروع ہوجائے گا ۔جبکہ ممبران یہ اقساط روڈا کے فراہم کردہ اکاﺅنٹ میں جمع کرائیں گے۔ فیز ٹو کے ممبران کو 30 فیصد ادائیگی پر پلاٹ نمبرالاٹ کردیا جائے گا جبکہ صرف50 فیصد ادائیگی پر قبضہ دے دیا جائے گا اور اسے اجازت ہوگی کہ وہ اپنے گھر کی تعمیر مکمل کرکے رہائش اختیار کرسکے گا۔ ارشد انصاری نے شرکاءکے سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ منصوبے کی تکمیل میں ممبران کا کردار انتہائی اہم ہے اور یہ اب ان پر منحصر ہے کہ وہ کتنی جلدی اپنی اقساط جمع کراتے ہیں۔ حکومت کی جانب سے منصوبے کی تکمیل کے لیے تین سے پانچ سال کا عرصہ مختص کیا گیا ہے۔اس موقع پر اجلاس میں شریک صحافیوں کی بڑی تعداد نے لاہور پریس کلب کے آئین میں موجود اس شق کو ختم کرنے کا مطالبہ بھی کیا جس کے تحت پریس کلب ارکان مخصوص مدت تک انتخابات میں حصہ نہیں لے سکتے۔ شرکاءنے اس شق کوآئین پاکستان کے بنیادی انسانی حقوق کے آرٹیکلز کے منافی قرار دیتے ہوئے لاہور پریس کلب کے آئین میں ترمیم کے ذریعے اسے ختم کرنے کی درخواست کی جس کی اجلاس میں موجود تمام شرکاءنے بھرپورتائید کرتے ہوئے صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری اور جنرل سیکرٹری افضال طالب کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار بھی کیا۔اس موقع پر صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری کا کہنا تھا کہ صحافیوں کو گمراہ کرنے والے نام نہاد افراد چاہے جتنا مرضی پریشر ڈال لیں اب صرف ورکنگ جرنلسٹس ہی لاہور پریس کلب کا ممبر رہے گا اور سکروٹنی کا عمل یوں ہی جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس عمل سے ورکنگ جرنلسٹس کو گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے کیونکہ ہمیں علم ہے جو دوست میڈیا مالکان کی وجہ سے بیروزگار ہوئے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ سکروٹنی کے عمل کی تکمیل کے بعد اہل ورکنگ جرنلسٹس کو لاہور پریس کلب کی ممبر شپ دینے کا آغاز بھی کردیا جائے گا۔ایک سوال کے جواب میں صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری کا کہنا تھا کہ تمام ممبران بے فکر رہیں کیونکہ صحافی کالونی فیز ٹو کے حوالے سے تمام اہم مراحل مکمل ہوچکے ہیں جبکہ حکومت پنجاب کے متعلقہ محکمے جن میں وزارت اطلاعات اور روڈا بھی شامل ہیں اور آپ کے لئے صحافی کالونی فیز ٹو منصوبے کی منظوری دے چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض نام نہاد افراد صحافیوں کو غلط معلومات فراہم کرکے گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیںاورممبران ایسے افراد کے گمراہ کن پروپیگنڈہ میں نہ آئیں۔جنرل سیکرٹری افضال طالب نے کہا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ ممبران کے مدعو کرنے پر پوری گورنر باڈی دو مرتبہ ممبران کے سوالات کے جوابات دے رہی ہے جو ارشد انصاری کی قیادت کا اعتماد ہے کہ جو وعدے فیز ٹو کیلئے لیے وہ تکمیل کی جانب گامزن ہیں اجلاس کے اختتام پر میزبانی کے فرائض انجام دینے والے سینئر کونسل ممبران سردار شہباز وارثی، رانا خالد قمر، عاطف خاکوانی اور حسنین اخلاق نے اجلاس میں شریک تمام صحافیوں کا فرداً فرداً شکریہ ادا کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں